Inquilab Logo

مہاراشٹر میں تیسرے مرحلے میں بھی ناراضگی، پولنگ میں کمی

Updated: May 08, 2024, 9:12 AM IST | Agency | Mumbai

مسلسل تیسرے مرحلے میں ای وی ایم کے ساتھ توڑپھوڑ کا واقعہ، دیگر ریاستوں کے مقابلے مہاراشٹر میں سب سےکم ووٹنگ،بارامتی پولنگ کے معاملے میں سب سے پیچھے۔

Baramati candidate Supriya Slay with her father Sharad Pawar at the polling booth. Photo: PTI
بارامتی سے امیدوار سپریہ سلے اپنے والد شرد پوار کے ساتھ پولنگ بوتھ پر۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک بھر میں لوک سبھاالیکشن کے تیسرے مرحلے کیلئے ووٹ ڈالے گئے۔  اس دوران مہاراشٹر کے ووٹروں میں ایک بار پھر ناراضگی اور ووٹ کے تعلق سے عدم دلچسپی دکھائی دی۔ ریاست میں مسلسل تیسرے مرحلے میں ای وی ایم کے ساتھ توڑ پھوڑ کر معاملہ پیش آیا۔ ساتھ ہی  ملک کی تمام ریاستوں میں پولنگ کے معاملے میں مہاراشٹر سب سے پیچھے رہا۔ یہاں   الیکشن کمیشن کے ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق ۵۴؍ فیصد ووٹنگ ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بارامتی لوک سبھا حلقہ جہاں سب کی نگاہیں لگی ہوئی تھیں وہاں سے سب سے کم یعنی ۴۷؍ فیصد ووٹنگ ہوئی۔  سب سے زیادہ پولنگ کولہاپور میں ہوئی جہاں ۶۲؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ 
 شولاپور میں ای وی ایم کو آگ لگانے کی کوشش
 اطلاع کے مطابق شولاپور کے سانگولا تعلقے میں باگلواڑی نامی علاقے میں ایک پولنگ بوتھ پر ایک شخص نے ای وی  میں آگ لگانے کی کوشش کی۔ اسے الیکشن اہلکاروں نے پکڑکر پولیس کے حوالے کیا۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔  ای وی ایم کو جلانے کی کوشش کا مقصدکیا تھا یہ اب تک واضح نہیں ہے البتہ پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ یاد رہے کہ اس  سے قبل الیکشن کے پہلے مرحلے میں ودربھ کے ایک پولنگ بوتھ پر ای وی ایم کو پٹخ کر توڑ نے کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کی پولنگ میں ناندیڑ میں کلہاڑی سے ای وی کو توڑا گیا تھا۔ اس بار ای وی ایم میں آگ لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔ 
 شرد پوار نے ووٹ دیا
  اس دوران معمر لیڈر  اور این سی پی (شرد) کے سربراہ  شر د پوار نے اپنی بیٹی سپریہ سلے کے ساتھ  بارامتی میں ووٹ ڈالا۔  دوسری طرف ان کے بھتیجے اجیت پوار نے بھی اپنی اہلیہ اور پارٹی کی امیدوار سنیترا پوار کے ساتھ ووٹ دیا۔ اطلاع کے مطابق سپریہ سلے نے ووٹ دینے کے بعد اجیت پوار کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کی تفصیل سامنے نہیں آ سکی ہے۔ حالانکہ اس دوران  شرد پوار کے پوتے روہت پوار نے ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں کچھ لوگ پولیس کی موجودگی میں پیسے تقسیم کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ روہت پوار نے دعویٰ کیا کہ مہایوتی کے لوگ پولیس کے سامنے ووٹروں میں پیسے تقسیم کر رہے ہیں جس کی شکایت انہوں نے الیکشن کمیشن سے کی۔ سب سے حیران کن بات یہ رہی کہ اپنی ووٹنگ کے لئے مشہور بارامتی حلقے میں سب سے کم ووٹ ڈالے گئے یہاں محض ۴۷؍ فیصد لوگوں نے ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جو کہ ریاست میں سب سے کم ہے۔  اس کی وجہ غالباً یہ ہے کہ سپریہ اور سنیترا میں سے کسے ووٹ دیا جائے اس بات کا مخمصہ ہے۔ لوگوں نے ووٹ دینے ہی سے گریز کیا۔ 
 کس حلقے میں کتنی ووٹنگ؟
 منگل کو مہاراشٹر کے کل ۱۱؍ حلقوں میں پولنگ ہوئی جس میں  ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق لاتور میں ۵۵ء۳۸؍،سانگلی میں ۵۲ء۵۶؍، بارامتی  میں ۴۷ء۸۴؍ہتھ کنگلے میں ۶۲ء۱۸؍، کولہا پور میں ۶۳ء۷۱؍، ماڈھا میں ۵۰ء۰۰؍، عثمان آباد میں ۵۶ء۸۴؍رائے گڑھ میں ۵۰ء۳۱؍رتنا گیری سندھو درگ میں ۵۳ء۷۵؍، ستارا میں ۵۴ء۷۴؍  اور شولا پور میں ۴۹ء ۱۷؍ فیصد  ووٹ ڈالے گئے ۔
  اہم امیدوار جن کی قسمت کا فیصلہ تھا
  منگل کو ہوئی ووٹنگ میں شرد پوار کی بیٹی سپریہ سلے، اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہو گیا۔ یہ دونوں خاتون آمنے سامنے امیدوار تھیں۔ ان کے علاوہ مرکزی وزیر نارائن رانے رتناگیری سے امیدوار ہیں۔ جبکہ چھترپتی شیواجی کے خاندان سے تعلق رکھنے والے شاہو مہاراج کولہاپور سے اور ادین راجے بھوسلے ستارا سے امیدوار ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK