Inquilab Logo

گوونڈی میں گھر گھر ووٹر بیداری مہم

Updated: May 02, 2024, 9:10 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مقامی تنظیموں ،مدارس ومساجد کے ٹرسٹیان کےاشتراک سے اس مہم میں ووٹ کی اہمیت کے بارے میں سمجھایا جارہا ہے

People conducting voter awareness campaign in Govindi give a leaflet about voting to a shopkeeper.
گوونڈی میں ووٹربیداری مہم چلانے والے افراد ایک دکاندار کو ووٹنگ سے متعلق پرچہ دیتے ہوئے۔(تصویر:انقلاب)

’میراووٹ میرا ادھیکار ‘ گوونڈی میں گھر گھر ووٹر بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔یہ مہم مقامی تنظیموں ،مدارس و مساجد کے ٹرسٹیا ن کےاشتراک سےچلائی جارہی ہے۔رائے دہندگان کو ووٹ کی اہمیت  کے بارے میں سمجھایا جارہا ہے  اور کہا جارہا ہے کہ ووٹ ضرور دیں۔ مقامی ذمہ دار شخصیات نے حالات کے پیش نظر اورووٹ کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے یہ مہم شروع کی ہے ،یہ مہم ۱۹؍مئی تک گوونڈی کے الگ الگ حصوں میںجاری رہے گی۔
 یادرہے کہ محض گوونڈی ہی نہیں بلکہ شہر ومضافات کے الگ الگ حصوں میں ملّی ،مذہبی اورسماجی تنظیموں اورعلماء وائمہ کی جانب سے بار بار اس جانب متوجہ کیا جارہا ہے اورووٹ کی آئینی اورشرعی اہمیت کواجاگر کیا جارہا ہے تاکہ رائے دہندگان اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ووٹنگ والے دن بوتھ سینٹروں پرپہنچ کراپنا آئینی اور جمہوری حق ادا کرکے سیکولر ،ایمانداراورعوامی مسائل کے حل میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کا انتخاب عمل میں لائیں۔
’’یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے‘‘
 رفیع نگر میں مہم کے دوران بسم اللہ مسجد کے صدروارث حسین،سماجی خدمتگارسراج شاہ ، ایڈوکیٹ محمدابراہیم شیخ ،محمود احمدخان ،عبدالرؤف شاہ  اورمحمدحفیظ انصاری وغیرہ موجودتھے۔ یہ حضرات گھروں اور دکانوں پرلوگوں سے ملاقات کے ساتھ ان کو’میرا ووٹ میرا ادھیکار‘ کاپرچہ بھی دے رہے تھے ۔اس میںتحریر کے ساتھ ووٹ دینے کی علا مت بھی بنی ہوئی تھی۔
 بسم اللہ مسجد کے صدر وارث حسین نےکہاکہ’’ یہ کسی ایک تنظیم ،جماعت ،ٹرسٹ یا سماجی خدمت گار کا نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بیدار رہیںاورسماج کے ہرطبقے کوبیدار کرنے کی کوشش کریں اوریہ بیداری ووٹنگ والے دن بوتھ سینٹروں پربھی نظرآئے۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’ یہ بیدار رہنے اوربیدار کرنے کاوقت ہے اور۲۰؍مئی کوعملی طورپراسے ثابت کرنا ہے۔ اگر اس میں غفلت برتی گئی تو جونقصان ہوگا ، اس کا ابھی اندازہ بھی نہیں کیا جاسکتا ۔‘‘ 
’’ایک ووٹ حکومت بدلنے کی طاقت رکھتا ہے ‘‘
 ایڈوکیٹ محمدابراہیم شیخ نے بتایاکہ’’ مہم چلانے کےلئے نیو سنگم نگر سوسائٹی کے تحت باقاعدہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو دیگر ذمہ داران سے رابطہ قائم کرکے یہ مہم چلارہی ہے اورووٹ کی اہمیت کوسمجھ کرلوگ جڑرہے ہیںاوروہ اس مہم کاحصہ بن رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’ آج اگرتھوڑا سا وقت نکال کر اس مہم کوچلایا جارہا ہے اورلوگوں کوسمجھایا جارہا ہے کہ وہ کتنا اہم ہے ،کتنی طاقت رکھتا ہے اورایک ووٹ سے کیا کچھ ہوسکتا ہے ۔ اگر ہم سب اپنی مشترکہ کوشش میںتھوڑا بھی کامیاب ہوئے، جس کی پوری امید ہے توہم سب سمجھیں گے کہ ہم نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر لوگوں نےسمجھ لیا اورصد فیصد ووٹنگ ہوئی توہمیںیقین ہے کہ ہمارا ایک ایک ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔‘‘
 سماجی خدمت گار سراج شاہ نے کہاکہ ’’ ملاقات کے دوران لوگوں کااچھا تاثر ہوتا ہے ،وہ خوش ہوتے ہیںاور انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ ذمہ دار اشخاص ہمیںووٹ کی اہمیت سمجھا رہے ہیں۔ ہم سب کی کوشش ہے کہ ہم گھرگھرتک یہ پیغام پہنچانے اور بیداری لانے میں کامیاب ہوں تاکہ ۲۰؍مئی کو اس کی عملی صورت ہم سب کے سامنے ہو۔‘‘ 
’’مہم ووٹنگ تک جاری رہے ‘‘
 شانتی نگر میںقادریہ قلندریہ مسجد کے جوائنٹ سکریٹری عبداللہ شرف الدین خان ،خال انصاری ، محمد ارشد ، محمدرضوان اورروڈ نمبر ۱۲؍پرابوالفیضل عباس،سید نقی ،اختر حسین ،سید حضور عالم اورفیروزحسین وغیرہ مہم میںشریک ہوئے۔ ان حضرات نے بھی اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا اور مہم کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے کہاکہ’’ یہ سلسلہ ووٹنگ تک جاری رہنا چاہئے تاکہ گھرگھر تک پیغام عام ہوسکے اور ہمارا کوئی محلہ،سوسائٹی اور پلاٹ اس مہم سے بچنے نہ پائے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK