Inquilab Logo

انڈیا اتحاد کی باہر سے حمایت کے ممتا کے اعلان پر سیاست گرم

Updated: May 17, 2024, 8:25 AM IST | Agency | New Delhi

این ڈی اے لیڈران اس بیان پر ممتا بنرجی کو نشانہ بنارہے ہیںجبکہ کانگریس لیڈرادھیر رنجن چودھری کو چھوڑ کر انڈیا الائنس کے دیگر لیڈر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کے دفاع میں اترے، تیجسوی یادو نے کہا’’ اگر ممتا نے انڈیا اتحاد کی حمایت کا اعلان کیا ہے تو یہ اچھی بات ہے‘‘،چراغ پاسوان نے انڈیا اتحاد کو بھانو متی کا کنبہ قراردیا ،ادھیر رنجن نے کہا کہ انہیںممتا بنرجی پر بالکل بھروسہ نہیں ہے۔

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee has said that she is with India Unity. Photo: INN
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہےکہ وہ انڈیا اتحاد کے ساتھ ہیں۔ تصویر : آئی این این

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے  انڈیا اتحاد کی حکومت بننےپر اسے باہرسے حمایت دینے کے اعلان پرسیاست گرم ہے۔جہاں این ڈی اے لیڈران اس بیان  پر ممتا بنرجی کو نشانہ بنارہے ہیںوہیں کانگریس لیڈرادھیر رنجن چودھری کو چھوڑ کر انڈیا الائنس کے لیڈر  ممتا کے دفاع میںاتر آئے ہیں۔
بنگال میں لڑائی اور دہلی میں ملائی 
 ممتا بنرجی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے بہار حکومت میں وزیر منگل پانڈے نے کہا کہ ’’بنگال میں لڑائی اور دہلی میں ملائی، یہ کیسے چلے گا ؟ ممتا بنرجی کو اندازہ ہو گیا ہے کہ ہار یقینی ہے۔ مرکز میں مخلوط حکومت نہیں بن رہی۔ بی جے پی مغربی بنگال میں۳۰؍سے ​​زیادہ سیٹیں جیت رہی ہے۔ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی اور  انڈیا اتحاد کی شکست یقینی ہے۔‘‘
انڈی گٹھ بندھن بھانومتی کا کنبہ ہے
 ایل جے پی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان نے کہا ’’ انڈیا اتحاد بھانومتی کا کنبہ ہے۔ عام آدمی پارٹی پنجاب میں کانگریس کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہے جبکہ دہلی میں کانگریس کے ساتھ ہے۔ساتھ ہی، ممتا بنرجی اب انڈیا الائنس کی حمایت کا اعلان کر رہی ہیں۔ یہاں کسی کی کوئی پالیسی یا نظریہ نہیں ہے۔‘‘
ہمیں ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں ہے
 آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ’’(ممتا بنرجی کا باہر سے انڈیا اتحادکی حمایت کااعلان ) یہ ان کی اپنی رائے ہے۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔ اگر وہ کہہ رہی  ہیں کہ ہم  انڈیا اتحاد کی  حکومت کو باہر سے سپورٹ کریں گے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔ اس میں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہماری حکومت بننے والی ہے اور ہمیں اس بارے میں ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں ہے، یہ بی جے پی کیلئے فکر کی بات ہے۔‘‘
بی جے پی کی حمایت میں کوئی نہیں آرہا ہے
 انڈیا اتحادمیں شامل وکاس شیل  انسان پارٹی کے سربراہ مکیش ساہنی نے کہا کہ’’ اگر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ انڈیا اتحاد  کی حمایت کرتی ہیں تو یہ ہمارے لیے اچھی بات ہے۔ ممتا بنرجی کو بھی احساس ہونے لگا ہے کہ ہماری حکومت بننے والی ہے۔ بی جے پی کی حمایت میں کوئی نہیں آرہا ہے۔ ہر لیڈر جانتا ہے کہ بی جے پی حکومت نہیں بنانے والی۔‘‘
ادھیر رنجن چودھری نے کیا کہا ؟
 مغربی بنگال کے کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری ممتا بنرجی کے مذکورہ اعلان سےمطمئن نہیں ہیں۔انہوں کہا ہے کہ ’’ مجھے ممتا بنرجی پر بھروسہ نہیں ہے۔ وہ گٹھ بندھن چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔اب کانگریس اقتدار میں آرہی ہےاسلئےممتا بنرجی نے لائن میں لگنے کی کوشش کررہی ہیں۔‘‘ مغربی بنگال میںممتا بنرجی کے شدید مخالف ادھیر رنجن چودھری نے مزید کہا کہ’’اگربی جے پی کا پلڑا بھاری رہا تو ممتا بنرجی اس طرف بھی جاسکتی ہیں۔مجھے ان پر کوئی بھروسہ نہیںہے کیونکہ انہوں نے ہی گٹھ بندھن توڑا تھااوریہ سب نے دیکھا  ہے۔‘‘
دن میں خواب دیکھ رہے ہیں، دیکھئے دیجئے: روی شنکر پرساد 
 ممتا بنرجی کے انڈیااتحاد کی باہر سے حمایت کرنے کے بیان پر بی جےپی لیڈر روی شنکر پرساد نے کہا ’’دن میں خواب دیکھ رہے ہیں، دیکھنے دیجئے،ابھی تو سرکار بھی نہیں بنی ہے،ابھی  سے باہر سے حمایت کی بات کررہے ہیں۔‘‘اس دوران جے ڈی یو لیڈر امیش کشواہا نے کہا ’’انڈیا الائنس تو ہے ہی نہیں،وہ تو ختم ہوچکا ہے،زمین پر کچھ بھی نہیں ہے،الیکشن لڑنے سے پہلے ہی یہ گٹھ بندھن ہار چکا ہے۔‘‘
ممتا بنرجی نے کیا کہا تھا ؟
 مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ’’بی جے پی دعویٰ کررہی ہےکہ وہ ۴۰۰؍ سیٹیں جیت جائے گی لیکن لوگ کہہ رہےہیںکہ ایسا نہیںہوگا ،پورا دیش سمجھ گیا ہےکہ بی جےپی چوروں سے بھری پارٹی ہے۔ہم حکومت سازی کیلئےملکی سطح پرانڈیا بلاک کو باہر سے حمایت دیں گے اور اس طرح ان کی مدد کریں گے۔ہم ایک ایسی سرکار بنائیں گے جو یہ یقینی بنائے گی کہ بنگال میںہماری ماؤں اور بہنوں کو کبھی کوئی مسئلہ نہ ہو۔یہ بھی یقینی بنایاجائے گا کہ ۱۰۰؍ دن کی ملازمت کی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوںکو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔‘‘ممتا بنرجی نےانڈیا  اتحاد کے تعلق سے کہا تھا کہ ’’ میں دہلی والے انڈیا اتحاد کی بات کررہی ہوں، اس میں سی پی ایم یا بنگال کانگریس شامل نہیں ہے۔ہماری پارٹی مرکز میںحکومت سازی کیلئےانڈیا بلاک کو حمایت دے گی ۔ ‘‘ ممتا بنرجی نے اس موقع پرسی اے اے کو ختم کرنے کی بھی قسم کھائی ۔انہوں نے کہا کہ سی اے اے اور این آر سی کوروک دیاجائےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK