Inquilab Logo

ترکی اور شام میں سات اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ، ۵۰۰؍ سے زائد افراد ہلاک

Updated: February 06, 2023, 2:16 PM IST | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی کا اظہار تعزیت، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ترکی کے شہر غازی انیتپ سے تقریباً ۳۳ کلومیٹر (۲۰میل) دور تھا

In Adana, Turkey, rescue teams are busy pulling out people buried under the rubble. Photo PTI
آدانا، ترکی میں ریسکیو ٹیم ملبے میں دبے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ترکی اور شام میں صبح ۴؍ بج کر ۱۷؍ منٹ (مقامی وقت کے مطابق)پر ۷ء۸؍ شدت کے زلزلے سے کم از کم ۶۴۱؍ افراد ہلاک اور ۳؍ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کی شدت سے کئی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں اور ان کے ملبے تلے اب بھی کئی لوگ دبے ہوئے ہیں۔ ترکی میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد شام کے مقابلے میں زیادہ بتائی جارہی ہے۔ یہاں کم وبیش ۲۸۴؍افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں ہیں۔ حکام کے مطابق شام میں ۲۳۷؍ افراد کے ہلاک اور ۶۰۰؍ سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
 اس حادثے کے بعد متعدد ممالک کے لیڈران ترکی کو اظہار تعزیت پیش کررہے ہیں۔ حادثے کے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’ہندوستان، ترکی کے ساتھ کھڑا ہے اور اس حادثے سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔‘‘ واضح رہے کہ زلزلے کا مرکز غازی انتپ شہر کے شمال میں شام کی سرحد سے تقریباً ۹۰؍ کلومیٹر دور تھا۔ یہ وہ خطہ ہے جہاں شامی خانہ جنگی کے لاکھوں مہاجرین پناہ لئے ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے قاہرہ (مصر)، لبنان، قبرص اور فلسطین تک محسوس کئے گئے ہیں۔ ترکی اور شام میں ریسکیوٹیم ملبے میں دبے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہے۔

earthquake Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK