Inquilab Logo

بہار میں آر جے ڈی کی خاتون رکن اسمبلی کے گھرای ڈی کا چھاپہ

Updated: February 28, 2024, 10:04 AM IST | Agency | Patna

صرف بہار ہی نہیں بلکہ یہ کھیل پورے ملک میں چل رہا ہے۔ دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کی لگاتار بی جے پی میں شمولیت ہورہی ہے۔

Tejashwi Yadav. Photo: INN
تیجسوی یادو ۔تصویر : آئی این این

صرف بہار ہی نہیں بلکہ یہ کھیل پورے ملک میں چل رہا ہے۔ دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کی لگاتار بی  جے پی میں شمولیت ہورہی ہے۔ ان میں سے بیشتر کے تعلق سے یہی کہا جاتا ہے کہ کچھ تو ای ڈی کے خوف سے تو کچھ لالچ میں اپنے رائے دہندگان کے ساتھ بے وفائی کررہے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ منگل کو بہار میں پیش آیا۔ صبح کے وقت ای ڈی کے افسران لالو یادوکے خاندان کی قریبی خاتون ایم ایل اے کرن دیوی کے گھر پر ای ڈی کا چھاپہ پڑا، وہیں شام ہوتے ہوتے مہاگٹھ بندھن گروپ کے۳؍ ایم ایل ایز نے بھگواخیمے میں پناہ لے لی۔ان کے تعلق سے کہا جارہا ہے کہ ای ڈی کے عتاب سے بچنے کیلئے ان تینوں نے بی جے پی  خیمے کا رُخ کیا ہے۔  ای ڈی کی ٹیم نے ان پر منی لانڈرنگ کاالزام عائد کیا ہے۔
خیال رہے کہ بہار میں سندیش سے آر جے ڈی ایم ایل اے کرن دیوی کے بھوجپور ضلع کے گدھانی پولیس اسٹیشن کے اگیاون کے علاوہ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پٹنہ میں بھی دو مقامات پر بھی چھاپے مارے۔ چھاپے کے وقت ایم ایل اے اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھیں۔ اُس وقت ایم ایل اے اپنے شوہر اور خاندان کے باقی افرادکے ساتھ ایک قریبی تقریب میں شرکت کیلئے گئی ہوئی تھیں۔ چھاپے کے وقت صرف ایم ایل اے کا بڑا بیٹا ’اگیاون‘ میں واقع اپنے گھر پر تھا۔ ای ڈی کی ٹیم اس سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔
رکن اسمبلی کرن دیوی کے شوہر ارون یادو کو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ وہ ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا ریت کا کاروبار ہے۔ ای ڈی اورسی بی آئی کی ٹیمیں پہلے بھی ان کے بعض ٹھکانوں  پر چھاپے مار چکی ہیں لیکن کہا جاتا ہے کہ ان ایجنسیوں کو ان کے یہاں سے کچھ نہیں ملا تھا۔ 
البتہ اس بار چھاپے کا اثر یہ دکھائی دیا کہ ایک جانب ان کے یہاں چھاپے مارےگئے، وہیں دوسری جانب مہاگٹھ بندھن کے تین اراکین بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ ان میں سے ۲؍ ایم ایل ایز کا تعلق کانگریس سے ہے جبکہ ایک کا تعلق آر جے ڈی سے ہے۔ان تین ایم ایل ایز میں سے سدھارتھ اور مراری پرساد گوتم کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھےجبکہ سنگیتا دیوی آر جے ڈی کی رکن اسمبلی ہیں۔ اس تعلق سے ابھی بہت کچھ واضح نہیں ہوسکا ہے لیکن بھگوا حلقے خوشی کااظہار کررہے ہیں۔ وہ بی جے پی کی اس کوشش کو ۲۰۲۴ء  کے لوک سبھا انتخابات اور۲۰۲۵ء کے اسمبلی انتخابات سے پہلے  مہا گٹھ بندھن کیلئے ایک بڑا جھٹکا بتا رہے ہیں۔بی جے پی میں شامل ہونے والے ایم ایل اے سدھارتھ پٹنہ کی وکرم سیٹ سے ایم ایل اے ہیں جبکہ مراری پرساد گوتم عظیم اتحاد کی حکومت میں پنچایتی راج کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ روہتاس ضلع کی ایک سیٹ سے اسمبلی کے ممبر ہیں۔
منگل کو بی جے پی کے ریاستی صدر اورنائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری ان تینوں ایم ایل ایز کو اپنے ساتھ لے کر اسمبلی پہنچے تھے، جنہوں نے اپنی پارٹیوں کو دھوکہ دے کر  اوراپنے رائے دہندگان کے ساتھ بے وفائی کرکے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔  خیال رہے کہ اس سے قبل نتیش حکومت کے ’فلور ٹیسٹ‘ کے دوران آر جے ڈی کے تین ایم ایل ایز چیتن آنند، نیلم دیوی اور پرہلاد یادو نے بھی اپنی وفاداریوں کا سودا کرلیا تھا۔ آر جے ڈی چھوڑنے والے یہ تینوں ایم ایل ایز اُس وقت جے ڈی یو کیمپ میں شامل ہو ئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK