حسینہ پارکرکی رہائش گاہ سمیت ۱۰؍ مقامات پر چھاپے مارے گئے ،۲؍ملزمین بھی گرفتار۔ حوالہ کے ذریعے پیسوں کےلین دین میں ریاست کے کئی سیاستدانوں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا
EPAPER
Updated: February 16, 2022, 8:16 AM IST | Nadeem asran | Mumbai
حسینہ پارکرکی رہائش گاہ سمیت ۱۰؍ مقامات پر چھاپے مارے گئے ،۲؍ملزمین بھی گرفتار۔ حوالہ کے ذریعے پیسوں کےلین دین میں ریاست کے کئی سیاستدانوں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کو انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کی رہائش گاہ اور ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں داؤد کے متعلقین کے ۱۰؍ سے زائد مقامات پر چھاپہ مارا اور انڈرورلڈڈان کی جائیداد کی معلومات اکٹھا کی۔
گنجان مسلم آبادی والے علاقے ناگپاڑہ کے گورڈن ہال کی پہلی منزل پر واقع عالیشان فلیٹ پر ای ڈی کے اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم نے منگل کوصبح چھاپہ مارا۔ ذرائع نے بتایا کہ حسینہ پارکر کی موت کے بعد اس فلیٹ کا استعمال داؤد کا چھوٹا بھائی اقبال کاسکر کر رہا تھا جو فی الوقت ہفتہ وصولی کے ایک معاملے میں تھانے جیل میں قید ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ فلیٹ پر تالا لگا ہوا تھا اور مرکزی تفتیشی ایجنسی کے عہدیداروں نے پی ایم ایل اے کورٹ سےسرچ وارنٹ حاصل کیا تھا جس کے بعد تالا توڑ کر پنچ گواہوں کی موجودگی میں چھاپہ مارکارروائی کی گئی۔ ای ڈی کو چھاپے کے دوران چند اہم دستاویزات ملنے کی بھی خبر آئی ہے جو کہ منی لانڈرنگ کے معاملے میں داؤد اور اس کے ساتھیوں کے خلاف بطور ثبوت استعمال کئے جاسکتے ہیں ۔حال ہی میں ای ڈی نے داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا ہے جس کی بنیاد پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اس ضمن میں اب تک ای ڈی نے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن ای ڈی ذرائع نے چھاپے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مہاراشٹر کی حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والا ایک سینئر سیاستداں بھی داؤد ابراہیم کے ساتھ روابط میں تھا اور وہ بھی ای ڈی کے نشانے پر ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ایجنسی نے مہاراشٹر کے کچھ سیاستدانوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کا انڈر ورلڈڈان سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ ممبئی اور اس سے ملحق علاقوں میں۱۰؍ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ ان کا تعلق داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کے سابقہ منی لانڈرنگ کیس سے ہے۔ایک پراپرٹی کے لین دین کی تفتیش جاری ہے جس میں مہاراشٹر کا ایک سینئر سیاستداں بھی مبینہ طور پر دوسروں کے ساتھ ملوث ہے۔ ای ڈی سیاستدانوں اور داؤدابراہیم کے مبینہ معاونین کے پیسوں کے لین دین کی بھی جانچ کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس معاملے پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے۔داؤد اب بھی اپنے دلالوں کے ذریعے جائیداد کے کاروبار کو کنٹرول کر رہا ہے۔ اسے اور اس کے ساتھیوں کو حوالہ نیٹ ورک کے ذریعے رقم بھیجی جاتی ہے۔ یہ رقم مبینہ طور پر مختلف دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے پورے ہندوستان میں ملک دشمن اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال کی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی داؤد ابراہیم کو اپنا غلط کاروبار چلانے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم سے دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینے میں مدد کر رہی ہے۔
تفتیشی ایجنسی نے ریاست کی مہا وکاس اگھاڑی سرکار سے وابستہ کئی سیاسی لیڈران خصوصی طو پر شیو سینا لیڈران کے بھی داؤد ابراہیم سے تعلق ہونے، زمینوں کے لین دین او رحوالہ کے ذریعہ پیسوں کی ہیرا پھیری میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے ۔ ۱۰؍ مقامات جن میں حسینہ پارکر کا رہائشی مکان بھی شامل ہے ، پر کارروائی کے دوران ای ڈی نے کئی دستاویزات بھی ضبط کئے ہیں اور ایک بلڈر اور حوالہ کے کاروبا ر میں ملوث ایک رشتہ دار کو بھی حراست میں لیا ہے۔تفتیشی ایجنسی کے بقول زمینوں کیلئے پیسوں کا لین دین حوالہ کے ذریعہ داؤدابراہیم کے ساتھی ہی کرتے ہیں ۔ وہ اس معاملہ میں سیاسی لیڈران کے پیسوں کے لین دین اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی اکٹھا کررہی ہے ۔