Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرزمین: حب الوطنی پر ایک اور اچھی فلم بنانے کی ناکام کوشش

Updated: July 26, 2025, 1:07 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کہانی عمدہ ہے لیکن اسکرین پلے اچھا نہ ہونے کی وجہ سے سوکمارن ،کاجول اور ابرہیم علی خان کی اداکاری بھی اس فلم کو بہتر نہیں بناسکی۔

Ibrahim Ali Khan can be seen in a scene from the film `Sarzamin`. Photo: INN
فلم’سرزمین‘ کے ایک منظرمیںابراہیم علی خان کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

سرزمین (Sarzameen)
اسٹارکاسٹ:پرتھوی راج سوکمارن، کاجول، ابراہیم علی خان، مہر آہوجا، بومن ایرانی، عبدالقادر امین، جتیندر جوشی، روہید خان
ڈائریکٹر :کیوزے ایرانی
 رائٹر :سومل شکلا، کوثر منیر، ارون سنگھ، جیہان ہانڈا
 پروڈیوسر:کرن جوہر، ہیرو جوہر، اپوروا مہتا، ادار پونا والا
 موسیقی:روی بسرور، تنوج ٹیکو
سنیماٹوگرافر:کمل جیت نیگی
پروڈکشن ڈیزائن:یشیکا گوڑ، آدتیہ کنور، پارتھ ورشنی
آرٹ ڈائریکٹر:کشال مہنت، ساہی سریش
 ریٹنگ:**
 ’’وطن کے آگےکچھ نہیں، خود بھی نہیں ۔‘‘ آپ کو فلم ’راضی‘کا یہ ڈائیلاگ تویاد ہی ہوگا!پروڈیوسر کرن جوہر اب اسی طرز پریعنی حب الوطنی پر مبنی اپنی نئیفلم لے کر آئےہیں ۔فلم کا نام ہے’سرزمین‘اور اس کا اہم پہلوہےکہ وطن کے آگے کچھ نہیں، بیٹا بھی نہیں ۔لیکن افسوس کہ حب الوطنی کے جذبےسےلے کر رشتوں کے جذبات تک، کرن جوہر کی یہ فلم کسی بھی طرح ’راضی‘ کے قریب نہیں پہنچ سکی۔
فلم کی کہانی
 کشمیر کی خوبصورت وادیوں میں بنی گئی اس فلم کی کہانی ایک بہادر فوجی افسر کرنل وجے مینن (پرتھوی راج سوکمارن) کی کہانی ہے جو ملک کو مقدم رکھتا ہے، جو۲؍ دہشت گردوں ہابیل اور قابیل کو ایک انکاؤنٹرمیں گرفتار کرتا ہے۔ ان دونوں کو رہا کرانے کے لیے دہشت گرد وجےکے بیٹے ہرمن (ابراہیم علی خان) کو اغوا کر لیتے ہیں ۔ اب وجے کو ملک اور اپنے بیٹے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ اپنی بیوی مہرالنسا(کاجول) کے دباؤ میں آکر وہ اپنے باپ کے دل کے سامنے جھک جاتا ہے اور اپنے بیٹے کے بدلے ان دہشت گردوں کو رہاکرنے پر راضی ہوجاتا ہے، لیکن آخری وقت پر ملک کے تئیں اس کا فرض بیدار ہوجاتا ہے۔
 نتیجہ یہ ہوتا ہےکہ دہشت گرد ہرمن کو اپنے ساتھ لے جاتے ہیں جو۸؍سال بعد کرنل وجے کی زندگی میں واپس آتا ہے۔ لیکن اب وہ وہ کمزور، لڑکھڑاتا بچہ نہیں رہا جو وہ پہلے تھا۔ وہ ایک تربیت یافتہ دہشت گرد بن چکا ہے۔ ایسے میں ایک دوسرے کے خلاف کھڑے اس باپ بیٹے کا رشتہ کیا موڑ لے گا؟ وجے اس بار کس کا انتخاب کریں گے، بیٹا یا ملک؟ یہ سب فلم دیکھنے کے بعد پتہ چلے گا۔
ہدایت کاری
 سومل شکلا اورارون سنگھ کی لکھی یہ کہانی کاغذ پر ضرور پرکشش رہی ہوگی، جس میں ایک سپاہی کی ڈیوٹی اور ایک باپ کے دل کے درمیان جنگ کا شدید ڈرامہ ہے، حب الوطنی کا جذبہ ہے اور آخر میں ایک حیران کن موڑہے۔ لیکن اسکرین پلے بغیر کسی تحقیق کے اس قدر ہلکے پھلکے انداز میں لکھا گیا ہے کہ کہانی کا نہ سر ہے اور نہ ہی پیروں کے نیچے کی زمین برقرار ہے۔ اس کے اوپر فوج کے پروٹوکول کی جس طرح خلاف ورزی ہوئی ہے اس کے بارے میں بھی مت پوچھیں ۔
 مثال کے طور پر، کرنل وجے اپنے طور پر دو مطلوب دہشت گردوں کو رہا کرنے کا فیصلہ لیتے ہیں ۔ انہیں نہ کسی سے پوچھنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی کسی سے مشورہ کرنے کی ۔ اس دوران ایک دہشت گرد فرار ہو گیا لیکن کسی کو پرواہ نہیں ۔ پھر، کئی سال کے بعد، اچانک ایک لڑکا اپنا تعارف ہرمن وجے مینن کے نام سے کرواتا ہے اور وہ بغیر کسی تفتیش کے اسےگھر لے آتا ہے۔ اسے گھر لانے کے بعد وہ تفتیش کرتا رہتا ہے۔ایک فوجی افسر کی بیوی کے طور پر کاجول کی حرکتیں بھی سمجھ سے باہرہیں ۔ ایسے افسروں کی بیویاں سب سے بڑا دکھ عزت کے ساتھ برداشت کرتی ہیں ۔ملک کو ہر چیز سے بالاتر رکھنے کی خاطر وہ اپنے شوہروں کو دفترمیں تھپڑ نہیں مارتیں ۔ ان تمام وجوہات سے فلم شروع سےہی اپنی ساکھ کھو دیتی ہے۔ ان کرداروں سے کوئی تعلق محسوس نہیں ہوتا۔ آخر میں موڑ تھوڑا حیران کن ہے، لیکن مجموعی طور پر، کیوز ایرانی، جواپنی پہلی فلم کی ہدایت کاری کر رہی ہیں، متاثر کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔فلم کا آدھا حصہ اندھیرے میں شوٹ کیاگیا ہے، جسے دیکھنے کے لیے کھلی آنکھوں کی ضرورت ہے۔ فلم کی رفتار بھی بہت سست ہے۔ اس کے اوپر گانوں کی بہتات ہے۔
ادا کاری
 فلم کے وقار کو کسی حد تک کاجول اور پرتھوی راج سوکمارن جیسے تجربہ کار اداکاروں نےبچایا ہے۔ انہوں نے ایمانداری سے کام کیا ہےلیکن تحریر کی خامیاں ان کی کاوشوں پر چھائی ہوئی ہیں ۔ابراہیم علی خان اپنی پہلی فلم ’نادانیاں ‘سے یقیناً بہت بہتر ہیں، لیکن اداکاری سیکھنےکے لیے انہیں مزید محنت کرنا پڑے گی۔ بومن ایرانی اور مہر آہوجا سمیت باقی ساتھی اداکار بھی زیادہ متاثر نہیں کرتے۔
نتیجہ
 اگر آپ گھر پر بیٹھے ہیں، آپ کے فارغ وقت میں کوئی اور کام نہیں ہے تب ہی اس فلم کو دیکھنے کی کوشش کریں ۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK