Inquilab Logo

باندرہ اسٹیشن کو مسافروں کیلئے بہتربنانے کی کوششیں

Updated: December 20, 2021, 10:59 AM IST | Rajendra B. Aklikar | Bandra

اس ریلوے اسٹیشن پر بھیڑبھاڑ سے نمٹنے کیلئے کئی فٹ اوور بریج بن کر تیار ۔ آمدورفت کا راستہ کشادہ کرنے کیلئے مشرقی جانب کے ٹکٹ کاؤنٹرکوبھی جلد ہٹایا جائے گا

In the second picture is the new ticket counter which will be launched soon. .Picture:Inquilab
۔ دوسری تصویر میں نیاٹکٹ کاؤنٹر جسے جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ تصویر : انقلاب

ویسٹرن ریلوے   باندرہ اسٹیشن کے احاطے میں بھیڑبھاڑ کے مسئلے سے نمٹنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس پر ۸؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس کے تحت کئی فٹ اوور بریج تعمیر کئے جارہے ہیں ، مشرقی جانب کے ٹکٹ کاؤنٹر کو بھی دیگر جگہ منتقل کیا جارہا ہے تاکہ سڑک کشادہ ہو اور  جو ایلیویٹڈ ڈیک ہے اسے چوڑا بنایا گیا ہے تاکہ مسافروں کو آمدورفت میں پریشانی نہ ہو۔ اسی طرح مسافروں کی سہولت کیلئے لفٹ بھی زیرتعمیر ہے۔ ایک سینئر ریلوے افسر نے اس بارے میں کہا کہ ’’ایلیویٹڈ ڈیک کے ساتھ کئی بریج  بن کر تیار ہیں۔ نئی بکنگ آفس بھی تیار ہوچکی ہے اور جلد ہی اسے شروع کیا جائے گا۔ چرچ گیٹ کی جانب کا ۱۰؍ میٹر چوڑا فٹ اوور بریج اور ایلیویٹڈ ڈیک مسافروں کیلئے اب شروع کردیا گیا ہے جبکہ ویرار کی جانب کا فٹ اوور بریج کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے۔ اس کے علاوہ تمام پلیٹ فارم پر خودکارزینہ بھی نصب کیا  جاچکا ہے جسے جلد ہی شروع کردیا جائے گا۔  خودکارزینہ کا کام بھی جاری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’باندرہ ریلوے اسٹیشن کے مشرقی جانب کا بکنگ آفس بھی ہٹایا جارہا ہے اور اسے  اسٹیشن کے اندر ہی کچھ ہٹ کر منتقل کیا جارہا  ہے۔ یہ بکنگ آفس بھی تیار ہے اور اسے فٹ اوور بریج سے جوڑا گیا ہے۔ اس نئی بکنگ آفس کا رقبہ ۱۰؍ بائی ۱۸؍ میٹر ہے اور یہ بکنگ آفس سی ایس ایم ٹی ہاربرلائن  اور پانچویں لائن کے درمیان کی کھلی جگہ  پر واقع ہے۔  کورونابحران سے قبل کے ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن اور ویلبر اسمتھ کے منعقدہ سروے کے مطابق  باندرہ ریلوے اسٹیشن پر تقریباً ۴؍ لاکھ ۹۱؍ ہزار ۱۰۶؍ مسافروں آمدورفت کرتے ہیں جو ویسٹرن ریلوے سیکشن میں چرچ گیٹ اور اندھیری کے بعد تیسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ واضح رہے کہ ایلفنسٹن روڈ (اب پربھادیوی ) اسٹیشن سانحہ کے بعد سینٹرل ریلوے کی مین اور ہاربرلائن کے علاوہ ویسٹرن ریلوے میں اسٹیشنوں پر بھیڑبھاڑ کم کرنے کیلئے ان کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کا کام جاری ہے جیسے فٹ اوور بریج کی تعمیر ، بنیادی سہولتیں ، نامکمل کام اور بہتری کے دیگر منصوبے۔ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے دونوں نے آڈٹ کومدنظر رکھا تھا۔

bandra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK