Inquilab Logo

شہرومضافات میں فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے کوشش

Updated: March 27, 2024, 10:13 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ہائی کورٹ کی سرزنش کے بعد مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے کئی سفارشات کی ہیں جن میں تمام شہری انتظامیہ کو گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کرنے ،الیکٹرک ٹیکسی اور رکشا نیز پرانی گاڑیوں کے ممبئی میں داخلے پر پابندی کی ہدایت بھی شامل ہے۔

Parking space is a problem in the city. (file photo)
شہرمیں گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے جگہ کاکافی مسئلہ ہے۔ (فائل فوٹو)

شہرو مضافات اور اطراف میں فضائی آلودگی سے شہریوں کو ہونے والے طبی  اور دیگر مسائل پر ہائی کورٹ کی سخت سرزنش کے بعد مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے شہراورمہاراشٹر کے تمام شہری انتظامیہ کیلئے کئی اہم سفارشات کی ہیں اور ان پر سختی سے عمل کرنے کو کہا ۔ان   میں   شہریوں کیلئے پارکنگ کے مسائل کو مستقل طور پر ختم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے  جبکہ گڑھوں سے پاک سڑکیں ، شہر کے الگ الگ علاقوں میں برسوں سے کھڑی لاوارث گاڑیوں کو ہٹانے اور سڑکوں کودھول مٹی سے پاک کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
 فضائی آلودگی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹرنے اس معاملہ میں سوموٹو کے تحت از خود شنوائی کرتے ہوئے انتظامیہ کی سخت سرزنش کی   جس کے بعد اس مسئلہ کے حل کیلئےریاستی حکومت نے ممبئی کے میونسپل کمشنر کی صدارت میں فضائی آلودگی کنٹرول کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں ایم ایم آر ڈی اے کمشنر، سی آئی ڈی سی او کے وائس چیئرمین، ایم ایچ اے ڈی اے کے وائس چیئرمین، ایم آئی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، ٹرانسپورٹ کمشنر، تمام بلدیات کے کمشنر اور سربراہان کے علاوہ تمام شہروں کے پولیس کمشنر اورایم پی سی بی کے سیکریٹری بھی بحیثیت رکن  شامل ہیں۔
  مہاراشٹر پولیوشن بورڈ کی کمیٹی کی سفارشات اور ہدایت پر انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کے سیکشن ۵؍کے تحت شہر اور ریاست کے تمام شہری انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن اس پر عمل کرنے کی پابند ہے ۔ ان ہدایات کے ذریعہ تمام شہری انتظامیہ کو مہاراشٹر ای وہیکل پالیسی ۲۰۲۱ء کو نافذ کرنے ،بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں ٹریفک اور فضائی آلودگی کے مسئلہ سے بچنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے علاوہ  شہریوں کیلئے بھی   پارکنگ کے انتظامات کرنے کا فرمان جاری کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی  جانچنے اور دھول سے پاک کرنے کے لئے شہر میں جگہ جگہ سینسر لگانے اوراس پر نگاہ رکھنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔
  فضائی آلودگی سے شہر کو پاک رکھنے کے لئے مذکورہ  ہدایت کے ساتھ ہی مہاراشٹر پولیوشن بورڈ نے جو دیگر ہدایات اور فرمان جاری کئے ہیں، ان میں تعمیراتی پروجیکٹوں کے دوران فضائی آلودگی کی روک تھام کے رہنمااصولوں کی خلاف وری کرنے والوں پر نگاہ رکھنااور سخت کارروائی کرنا  ،کوڑا کرکٹ اور فضلہ ٹھکانے لگانےکیلئے جدید تکنیک کا استعمال کرنا اور گاڑیوں میں لے جاتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ، فیکٹری اور کیمیکل پلانٹ   ساتھ ہی ساتھ کوئلہ اور لکڑی   صنعتوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پی این جی سسٹم میں تبدیل کرنا، بیکری صنعتوں کو بجلی یا ایندھن پالیسی میں تبدیل کرناشامل ہے ۔ اس کے علاوہ ٹیکسی اور رکشا کو ای وہیکل میں تبدیل کرنا ، سڑکوں سے پرانی ٹیکسی اور رکشا کو ختم کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بنانا اور۸؍ سال سے پرانی گاڑیوں کے عروس البلاد ممبئی میں داخلہ پر پابندی لگانے کو یقینی بنانے جیسی ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK