Inquilab Logo

ووڈا آئیڈیاکا ۱۸؍ہزار کروڑ روپے کا ایف پی او جاری کرنے کا منصوبہ

Updated: April 15, 2024, 12:35 PM IST | New Dehli

۱۸؍اپریل کو کمپنی ایف پی او جاری کرے گی۔ ٹیلی کام کمپنی کی ریلائنس جیو اور بھارتی ایئر ٹیل سے مقابلہ آرائی کی کوشش۔

Telecom company Vodafone Idea is trying to reduce its losses. Photo: INN
ٹیلی کام کمپنی ووڈا فون آئیڈیا اپنا خسارہ کم کرنے کیلئے کوشش کررہی ہے۔ تصویر: آئی این این

کیش کی کمی کا شکار ٹیلی کام کمپنی ووڈافون آئیڈیا (وی آئی ) سرمایہ اکٹھا کرنے کیلئے اس ہفتے۱۸؍ہزار کروڑ روپے کی فالو آن پبلک آفر (ایف پی او) جاری کرے گی۔ اس سرمائے کے ساتھ ووڈا آئیڈیا ریلائنس جیو اور بھارتی ایئرٹیل سے مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ 
اگر ایف پی او کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ اب تک کا سب سے بڑا ایف پی او ہو گا۔ اس سے پہلے جولائی ۲۰۲۰ء میں یس بینک کا۱۵؍ہزار کروڑ روپے کا ایف پی او آیا تھا۔ اڈانی انٹرپرائزیز نے فروری۲۰۲۳ء میں ۲۰؍ہزار کروڑ روپے کا ایف پی او جاری کیا تھا، لیکن مکمل سبسکرپشن حاصل کرنے کے بعد بھی، کمپنی نے ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا۔ 
ووڈا آئیڈیا کا ایف پی او۱۸؍ اپریل کو جاری ہوگا اور۲۲؍ اپریل کو بند ہوگا۔ برلا گروپ کی کمپنی پیر سے اس کیلئے روڈ شو شروع کردے گی۔ خبر رساں ادارے روئٹرس نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکہ کے جی کیو جی پارٹنرس۴۲۰۰؍کروڑ روپے اور ایس بی آئی میوچوئل فنڈ اس ایف پی او میں ۱۷۰۰؍ کروڑ سے۲۵۰۰؍ کروڑ روپے کے درمیان سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ایف پی او کو سنبھالنے والے انویسٹمنٹ بینکرس نے بتایا کہ پرکشش قیمتوں کی وجہ سے حصص کی بولی فروخت کیلئے رکھی جانے والی بولیوں سے زیادہ ہونے کی امید ہے۔ 
ووڈا فون آئیڈیا نے ایف پی او کی قیمت کی حد۱۰؍ روپے سے۱۱؍ روپے فی شیئر مقرر کی ہے۔ قیمت کی حد سامنے آنے کے بعد کمپنی کے حصص ٹریڈنگ کے دوران۵ء۸؍ فیصد گر کر۱۲ء۲؍ روپے پر آ گئے، لیکن ٹریڈنگ کے اختتام پر یہ ۱ء۵۴؍ فیصد بڑھ کر۱۳ء۲؍ روپے پر بند ہوا۔ ایشو کا لوئر پرائس بینڈ پچھلی بند قیمت سے۲۴؍ فیصد کم ہے اور پروموٹر آدتیہ برلا گروپ کے ذریعہ حال ہی میں منظور شدہ ۲۰۷۵؍ کروڑ روپے کے ترجیحی حصص کی قیمت سے ۳۲؍ فیصد کم ہے۔ فروری میں ووڈا آئیڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے ایکویٹی کے ذریعے ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے اور قرض اور ایکویٹی کے ذریعے کل ۴۵؍ہزار کروڑ روپے اکٹھا کرنے کی منظوری دی تھی۔ نئے سرمائے سے کمپنی کو مالیاتی محاذ پر راحت ملے گی اور وہ نیٹ ورک کو بڑھانے کیلئے الگ سے سرمایہ کاری کر سکے گی۔ 
خیال رہے کہ ووڈا آئیڈیا پر فی الحال ۲ء۳۸؍ لاکھ کروڑ روپے کا قرض ہے اور مارچ ۲۰۲۳ء کے آخر تک اس کی مجموعی مالیت منفی۷۴۳۵۹؍ کروڑ روپے تھی۔ کمپنی پچھلے۸؍برسوں سے مسلسل خسارے میں چل رہی ہے اور مالی سال۲۰۲۳ء میں اسے۲۹۳۷۱؍ کروڑ روپے کا خالص نقصان ہوا تھا۔ ووڈا آئیڈیا کو بھی مالی سال۲۳؍ میں ۶۲۵۱؍ کروڑ روپے کے کیش فلو کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ کمپنی کا خسارہ سال بہ سال بڑھتا جا رہا ہے۔ تاہم، مالی سال۲۰۲۴ء کے پہلے۹؍ مہینوں میں، کمپنی کا خالص نقصان۲۳۵۶۳؍ کروڑ روپے اور نقد بہاؤ کا نقصان۶۶۸۱؍ کروڑ روپے رہا۔ مسلسل نقصانات کی وجہ سے کمپنی کا کام کاج بھی متاثر ہوا ہے اور یہ نیٹ ورک کی توسیع اور فائیو جی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں مقابلہ کرنے والی کمپنیوں سے بہت پیچھے رہ گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK