اترپردیش کی یوگی حکومت نے ۶۰؍ سال سے زائد عمر کی خواتین کو بسوں میں مفت سفر اور ۵۰؍ ہزار طالبات کو اسکوٹی دینے کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 12:13 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
اترپردیش کی یوگی حکومت نے ۶۰؍ سال سے زائد عمر کی خواتین کو بسوں میں مفت سفر اور ۵۰؍ ہزار طالبات کو اسکوٹی دینے کا اعلان کیا۔
اتر پردیش میں ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کی آہٹ کے ساتھ ہی سیاسی پارٹیوں نے خواتین کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ۶۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کی خواتین کے لئے روڈویز بسوں میں مفت سفر کی سہولت شروع کرنے کا اعلان کیا، جبکہ سماجوادی پارٹی نے اقتدار میں آنے پر خواتین کے معاشی اور سماجی بااختیار بنانے کے لیے ’استری سمان سمردھی یوجنا‘ نافذ کرنے کا وعدہ کیا۔ اس منصوبے کے تحت خواتین کو موبائل فون، لیپ ٹاپ، مالی امداد، تعلیم اور تربیت فراہم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ اس طرح انتخابات سے پہلے ہی ریاست کی سیاست میں خواتین اور طالبات کے لیے فلاحی اسکیموں کو لے کر حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کے درمیان مسابقت تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۳۰؍دن کی پرول پر باہر آنیوالا قیدی ۴۰؍سال تک جیل واپس نہیں لوٹا!
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں ’لوک ماتا اہلیہ بائی ماتر شکتی یاترا‘ منصوبے کا افتتاح کیا اور اس کے تحت چلنے والی خصوصی بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ انہوں نے پروگرام میں موجود کئی خواتین مستحقین سے بات چیت بھی کی۔ منصوبے کے تحت ۶۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کی خواتین اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بزرگ خواتین کی آمدورفت سے متعلق ضروریات کو آسان بنانا اور انہیں زیادہ خود مختاری فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود کو ان کی زندگی کے مختلف مراحل سے جوڑتے ہوئے تعلیم، شادی، رہائش، غذائیت اور پنشن جیسی اسکیمیں نافذ کی ہیں۔وزیراعلیٰ یوگی نے خواتین کی سلامتی کیلئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مشن شکتی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بیٹیوں کی سلامتی سے کھلواڑ کرنے والوں کا جیل جانا طے ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خواتین اور طالبات کے لئے ایک اور اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں گریجویشن سطح کی تعلیم حاصل کرنے والی ۵۰؍ ہزار طالبات کو اسکوٹی دی جائیں گی۔