Inquilab Logo

انتخابی مہم عروج پر، مودی، کھرگے اور پرینکا کی ریلیاں

Updated: April 28, 2024, 8:53 AM IST | Agency | Mumbai

کولہار پور میں مودی کا دعویٰ ، کانگریس پورے ملک میں کرناٹک ماڈل لانا چاہتی ہے ، لاتور میں پرینکا نے آڑے ہاتھوں لیا، آسام میں کھرگے نے سرمایہ داروں کی جیب بھرنے کا الزام لگایا۔

Devendra Farnavis and Prime Minister Modi during a rally in Kolhapur. Photo: INN
دیویندر فرنویس اور وزیر اعظم مودی کولہاپور میں ریلی کے دوران۔ تصویر : آئی این این

 دوسرے مرحلے میں بھی کم پولنگ سے پریشان سیاسی پارٹیوں نے تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم میں پوری طاقت جھونکنا شروع کردیا ہے۔ اسی کے تحت وزیر اعظم مودی نے کولہاپور میں ، پرینکا گاندھی نے لاتور میں اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آسام کے بارپیٹا میں انتخابی ریلیوں اور میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندگان تک اپنا اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کی۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ  اکھلیش یادو نے کانپور دیہات میں انتخابی مہم چلائی۔ 
وزیر اعظم مودی کا خطاب 
 وزیر اعظم نے پیشوائوں کے شہر کولہاپور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی صرف مسلمانوں کو ریزرویشن دینا چاہتی ہے اور وہ بھی مذہب کی بنیاد پر ۔ اس کے لئے وہ کرناٹک ماڈل پورے ملک میں نافذ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے اس کھیل کو سمجھیں کیوں کہ وہ صرف اپنے ووٹ بینک کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس ریلی میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس بھی شامل تھے۔ مودی نے بالکل واضح طور پر کانگریس کو فرقہ پرست پارٹی قرار دینے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ پارٹی سبھی کا ریزرویشن ختم کرکے صرف مسلمانوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے لیکن بی جے پی اور مودی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ہر قیمت پر سبھی کا ساتھ اور سبھی کا وکاس کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: تمل ناڈو : خشک سالی سے متاثرہ اضلاع کے آبی ذخائر میں صرف ۵۵؍فیصد پانی

پرینکا گاندھی کی ریلی 
 کانگریس  کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی  لاتور میںوزیر اعظم  مودی کو تنقید کا  نشانہ  بناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بی جے پی انہیں ہر انتخابی ریلی میں `سپرمین  کے طور پر پیش کرتی ہے لیکن ملک کے لوگ سمجھ چکے ہیںکہ وہ سپر مین نہیں بلکہ ` مہنگائی  مین  ہیں۔جب مودی جی انتخابی مہم کے لئے آتے ہیں تو ایسا دکھایا جاتا  ہے جیسے وہ سپرمین ہیں لیکن وہ  اصل میں `مہنگائی مین ہیں۔ اس سے قبل پرینکا نے گجرات کے ولساڑ میںانتخابی ریلی کرتے ہوئے اپنے والد راجیو گاندھی کا جذباتی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ناگہانی موت کے بعد میں انہیں ٹکڑوں میں گھر لائی تھی ۔ ایسا واقعہ کسی بیٹی کے ساتھ پیش نہ آئے یہی دعا کرتی ہوں۔ 
کھرگے کی تنقیدیں
 کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آسام کے بارپیٹا ضلع میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ مودی جی نے غریب عوام کے حق کا پیسہ لوٹ کر سرمایہ داروں کی جیبیں بھری ہیں۔ سرکار نے  ۱۶؍ لاکھ کروڑ روپے معاف کرکے ۲۵؍ سال کا منریگا کا پیسہ امیروں کی جیب میں بھر دیا اور اب دعویٰ کررہی ہے کہ وہی غریبوں کے بارے میںسوچنے والی پارٹی ہے۔ کھرگے نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس مرتبہ  بی جے پی کا پورے ملک سے صفایا ہونے والا ہے اور یہ بات خود بی جے پی لیڈران کی سمجھ میں آگئی ہے۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ نے بی جے پی کے ہوش ٹھکانے لگادئیے ہیں ۔
اکھلیش نے نشانہ بنایا 
  یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کانپور دیہات میں پارٹی کے لئے ریلی کرتے ہوئے بی جے پی کے ۴۰۰؍ پار کے نعرے پر تنقید کی اور پوچھا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے بعد  سے بی جے پی یہ نعرہ لگانا ہی بھول گئی ہے۔ اب جیسے جیسے وقت گزرے گا وہ بہت سے نعرے بھول جائیں گے کیوں کہ عوام نے انہیںسبق سکھانا شروع کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK