Inquilab Logo

الیکٹرک کاربنانے والی کمپنی ٹیسلا کے پلانٹ میں جلد پروڈکشن شروع ہو جائےگا

Updated: May 15, 2020, 11:54 AM IST | Agency | New Delhi

ریاست کیلی فورنیا کے حکام اور کمپنی کے درمیان تنازع طے ہونےکے بعدپیش رفت ،کمپنی نے اپنے ملازمین کے تحفظ کیلئے اقدامات کا وعدہ کیا

Tesla Company - Pic : INN
ٹیسلا کمپنی ۔ تصویر : آئی این این

الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور ریاست کیلی فورنیا کے حکام کے درمیان تنازع طے ہوگیا ہے اور کمپنی  کا پلانٹ آئندہ ہفتے سے پیداوار شروع کردے گا۔ حکام کے مطابق، کمپنی نے اپنے ملازمین کے تحفظ کیلئے  اضافی اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔ٹیسلا کے مالک ارب پتی ایلن مسک نے پیر کو کہا تھا کہ وہ پابندی کے باوجود آٹو پلانٹ کھول دیں گے۔ منگل کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ان کی حمایت کی تھی۔
 ٹیسلا کا واحد پیداواری مرکز کیلی فورنیا کی کاؤنٹی ایلامیڈا میں فریمونٹ کے مقام پر واقع ہے۔ کاؤنٹی کے حکام نے ایک ٹویٹ میں تنازع طے ہونے کی اطلاع دی۔ ٹیسلا کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان نہیں آیا۔ لیکن ایلن مسک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ زندگی کو جینا چاہئے۔
 کاؤنٹی حکام کا کہنا ہے کہ وہ فریمونٹ کی پولیس کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ٹیسلا کے پیداواری مرکز میں ملازمین کے تحفظ کے لیے سماجی فاصلے اور صحت سے متعلق اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
 ایلن مسک نے پیر کو کہا تھا کہ وہ فریمونٹ میں پیداوار کا آغاز کر رہے ہیں اور اگر پابندی کی خلاف ورزی پر کسی کو گرفتار کرنا ہو تو انہیں کیا جائے۔ ایلن مسک نے دھمکی دی تھی کہ اگر ٹیسلا کو پلانٹ کھولنے کی اجازت نہ ملی تو وہ اپنا پروڈشن پلانٹ ٹیکساس یا نیواڈا منتقل کردیں گے۔
 اس کےاگلے دن صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پر لکھا کہ کیلی فورنیا کو ٹیسلا اور ایلن مسک کو پلانٹ کھولنے کی اجازت دینی چاہئے۔ یہ کام تیزی سے اور محفوظ طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔
 ٹیسلا کا پلانٹ کھلنے کی خبر پر اس کے شیئرز کی قیمت میں۰ء۷؍ فیصد اضافہ ہوا اور قیمت۹۸۸۱۴؍ ڈالر تک پہنچ گئی۔منگل کو فریمونٹ میں ٹیسلا کے پیداواری مرکز کا پارکنگ لاٹ ملازمین کی گاڑیوں سے بھرا ہوا تھا۔
  گزشتہ ہفتے جہاں دس بارہ گاڑیاں پارک تھیں، گزشتہ روز وہاں سیکڑوں گاڑیاں آتے جاتے دیکھی جاسکتی تھیں۔
 اس سے پہلے ٹیسلا نے آٹو پلانٹ بند کرنے کے کاؤنٹی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ جمعہ کو محکمہ صحت کے ایک اہلکار کے مطابق کاؤنٹی نے ٹیسلا سمیت تمام کمپنیوں سے کہا تھا کہ کام کے آغاز میں ایک ہفتے مزید تاخیر کریں تاکہ وائرس کے مریضوں کی تعداد کا جائزہ لیا جاسکے۔ ٹیسلا نے سنیچر کوملازمین کی واپسی کا منصوبہ جاری کردیا تھا۔ ٹیسلا کے حفاظتی اقدامات کے مطابق تمام ملازمین کا درجہ حرارت جانچا جائے گا، انھیں حفاظتی سامان فراہم کیا جائے گا اور کام کے مقامات کو بیرئیر لگا کر الگ رکھا جائے گا۔ یہ ویسے ہی اقدامات ہیں جیسے جنرل موٹرز، فورڈ اور فیاٹ کرسلر نے اپنے آٹو پلانٹس کیلئے کئےہیں۔ گاڑیاں بنانے والے ان اداروں میں  اسی ہفتے کام کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK