تلاشی میں مشتبہ شے یا دھماکہ خیز چیز نہیں ملی، دھمکی دینے والے کا سراغ لگانےکی کوشش جاری۔
زویئرس ادارہ۔ تصویر:آئی این این
ممبئی میں واقع سینٹ زیویئرز کالج میں منگل کے روز بم ہونے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد ہائی الرٹ کر دیا گیا، جس کے بعد ممبئی پولیس اور بم ڈیٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ڈی ایس) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پورے کیمپس کی تلاشی لی۔ حکام کے مطابق مکمل تلاشی کے بعد کالج میں کوئی بھی مشتبہ شے یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور ابتدائی طور پر اس دھمکی کو فرضی قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور احتیاطی طور پر کالج کے اہم حصوں کو محفوظ بنا لیا گیا۔ بی ڈی ڈی ایس ماہرین کے ساتھ مل کر کلاس رومز، عام مقامات اور دیگر سہولیات کی تفصیلی جانچ کی گئی تاکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ممبئی پولیس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ کارروائی کے دوران کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی اور یہ دھمکی جھوٹی معلوم ہوتی ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور دھمکی دینے والے کا سراغ لگانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔
اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے یا کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی، پولیس کے مطابق اس معاملے میں مقامی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں ممبئی کے کئی اہم مقامات کو اسی نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔ اس سے قبل بامبے اسٹاک ایکسچینج، ودھان بھون اور بامبے ہائی کورٹ کو بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئے تھے، تاہم ان تمام معاملات میں بھی کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا تھا۔ اسی طرح ۸؍مارچ کو شہر کے ایک اسپتال کو بھی ’ایل ای ڈی بلاسٹ‘ کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد بی ڈی ڈی ایس نے تلاشی لی مگر کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے حساس مقامات پر سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر دھمکی کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سینٹ زیویئرز کالج کی جانب سے واقعے کے فوراً بعد کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم طلبہ اور عملے کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاحال اس معاملے میں کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے جلد خاطیوں تک پہنچنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔