Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورپی یونین کی شام پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے کی منظوری

Updated: May 21, 2025, 12:29 PM IST | Agency | Brussels

یورپی بلاک کے۲۷؍ رکن ممالک کے سفیروں کا اس فیصلے پر اتفاق، اس کا باضابطہ اعلان یورپی وزرائے خارجہ کریں گے۔

Trump met with Syrian leader Ahmed al-Sharaa during his recent visit to Saudi Arabia. Photo: INN
گزشتہ دنوں سعودی دورے پر ٹرمپ نے شامی سربراہ احمدالشرع سےملاقات کی تھی۔ تصویر: آئی این این

یورپی یونین کے رکن ممالک نے منگل کو شام پر عائد تمام اقتصادی پابندیاں اٹھانے کی منظوری دے دی ہےتا کہ دمشق کو تباہ کن تنازع اور صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد بحالی میں مدد دی جا سکے۔ یہ بات سفارتی ذرائع نے بتائی۔ ذرائع کے مطابق، یورپی بلاک کے۲۷؍ رکن ممالک کے سفیروں نے اس فیصلے پر ابتدائی اتفاق کر لیا ہے۔ توقع ہے کہ اس کا با ضابطہ اعلان یورپی وزرائے خارجہ کریں گے۔ یہ اطلاع فرانسیسی خبر رساں ادارے نے دی۔ 
 امریکہ نے بھی شام پر سے پابندیاں ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چند روز قبل ریاض میں خطاب کرتے ہوئے شام پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تین امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے شام پر عائد پابندیوں کے حوالے سے تکنیکی جائزے کا عمل شروع کر دیا ہے، جو پابندیاں ختم کرنے کی تیاری کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ خزانہ شام کیلئے خصوصی اجازت نامے جاری کرے گا، یہاں تک کہ پابندیاں مکمل طور پر اٹھا لی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، ٹرمپ انتظامیہ شام کو اپنی معیشت کی تعمیر نو میں مدد دینے کیلئے برآمدات پر عائد پابندیاں بھی ختم کرے گی۔ یہ تفصیلات امریکی نیوز نیٹ ورک ’سی این این‘ نے فراہم کیں۔ 
 دوسری جانب، شام کے وزیرِ اقتصادیات نضال الشعار نے امریکی پابندیاں ختم کرانے کی کوششوں میں سعودی عرب کی بھرپور حمایت کو گراں قدر قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکریئے کے الفاظ سعودی عرب کے اس اہم کردار کیلئے کافی نہیں۔ العربیہ چینل سے خصوصی گفتگو میں وزیرِ اقتصادیات نضال الشعار نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ریاض میں پابندیاں ختم کرنے کا اعلان، شام کی معیشت کیلئے ایک نئی شروعات ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK