Inquilab Logo

سینٹرل ریلوے کے ۶؍ اسٹیشنوں پر ای وی چارجنگ دستیاب ہوگا

Updated: June 07, 2022, 9:51 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

الیکٹرانک گاڑیوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سبب شہریوں کو چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش

Vehicles are being charged at a charging station. (File photo)
ایک چارجنگ اسٹیشن پر گاڑیوں کو چارج کیا جا رہا ہے۔(فائل فوٹو)

 الیکٹرک موٹر گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر کرلا اور دادر سمیت مزید ۶؍ ریلوے اسٹیشنوں پر الیکٹرک وہیکل (ایوی)  چارجنگ پوائنٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔  سینٹرل ریلوے نے فیصلہ کیا ہے کہ اس لائن پر کرلا، ایل ٹی ٹی (لوکمانیہ تلک ٹرمنس)، بھانڈوپ، کلیان، پنویل اور دادر ریلوے اسٹیشنوں پر جلد ہی الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارج کرنے کی سہولت فراہم کی جاے گی۔ متذکرہ اسٹیشنوں میں سے کرلا، ایل ٹی ٹی، بھانڈوپ  اور کلیان پر جولائی مہینے سے ہی ای وی چارجنگ کی سہولت دستیاب ہو جائے گی جبکہ دادر اور پنویل اسٹیشنوں پر چارجنگ اسٹیشن اور چارجنگ پوائنٹ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ 
 یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سینٹرل ریلوے کے پریل اسٹیشن پر پبلک ای وی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا گیا تھا اور اس وقت یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ جلد ہی دادر اور بائیکلہ ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گالیکن اب تک ان دونوں اسٹیشنوں پر یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔
 اس دوران بیسٹ (برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ) نے بھی اپنی ملکیت پر واقع ایسے ۵۵؍ مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں اتنی جگہ میسر ہے کہ ان جگہوںپر ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جاسکتے ہیں۔ ان ۵۵؍ مقامات میں بس اسٹاپ، بس اسٹینڈ اور بس ڈپوسبھی شامل ہیں۔ بیسٹ پہلے ہی بہت سی الیکٹرک بسیں اپنی خدمات میں شامل کرچکا ہے اور الیکٹرک بسیں حاصل کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی بیسٹ کی ملکیت پر ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔
 واضح رہے کہ ملک میں الیکٹرک وہیکل کی تعداد میں لگاتار اضافہ کے پیش نظر پورے ملک میں بڑی تعداد میں ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا منصوبہ حکومت نے بنایا ہے اور رفتہ رفتہ مختلف مقامات پر ای وی چارجنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ فی الحال سڑکوں پر دو پہیہ اور ۴؍ پہیہ ای وی گاڑیاں نظر آرہی ہیں جبکہ ای وی ۳؍ پہیہ گاڑیاں بھی بازار میں دستیاب ہیں۔ یہ گاڑیاں پٹرول ڈیزل کے بجائے الیکٹرک بیٹری پر چلتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK