Inquilab Logo

ڈونالڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد بھی امریکہ اور چین کی چپقلش جاری

Updated: January 28, 2021, 11:57 AM IST | Agency | Washington

وہائٹ ہائوس کا اتحادیوں کے ساتھ مل کر چین کے خلاف اقدام کرنے کا عندیہ ، چین کی ٹرمپ کی پالیسیوں کے نتائج سے سبق لینے کی نصیحت

Xi Jinping - Pic : INN
شی جن پنگ ۔ تصویر : آئی این این

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کو اپنا ذاتی دشمن بنا لیا تھا لیکن اب لگتا ہے کہ ان کے جانے کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خوشگوار نہیں ہو سکیں گے۔ کیونکہ بائیڈن انتظامیہ بھی  چین کے معاملے میں ٹرمپ کی راہ پر ہی گامزن ہے۔  ایک روز قبل وہائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا تھا کہ ’’حالیہ برسوں میں ہم نے چین کو ملک کے اندر اور باہر سخت گیر رویہ اپناتے ہوئے دیکھا ہے اور چین اب ہماری سلامتی، خوشحالی اور اقدار کو چیلنج کر رہا ہے، جسکی وجہ سے چین کے ساتھ تعلقات کو نئے زاویے سے دیکھنا ضروری ہو گیا ہے۔‘‘
   جین ساکی کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن کئی محاذ پر چین کا استحصال روکنے کیلئے پر عزم ہیں۔  اس کیلئے وہ امریکہ کے اتحادیوں کے ساتھ مل کر موثر اقدامات کرنے کی کوشش کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ صدر بائیڈن کے نزدیک امریکہ کو بہتر دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے جس میں چین کو غیر قانونی، غیر شفاف سرگرمیوں کے لیے جوابدہ بنایا جاسکے۔ ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنایا جائےگا کہ چین کی دفاعی قوت بڑھانے میں امریکی ٹیکنالوجی استعمال نہ ہو
 خیال کیا جاتا ہے کہ چین سے متعلق امریکہ کی نئی پالیسی کے تحت چین کے خلاف نئی تادیبی کارروائیوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔ امریکی محکمۂ خارجہ گزشتہ نے پیر کوکہا تھاکہ امریکہ کی جامع حکمت عملی کے مطابق چین کو غیر منصفانہ اور غیر قانونی اقدامات کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ چین امریکی ٹیکنالوجی کو اپنی فوجی قوت میں اضافہ کرنے اور انسانی حقوق کی پامالی کے اقدامات کیلئے استعمال نہ کر سکے۔
  چین کا جواب
    ادھر چین  نے  وہائٹ ہائوس کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’  جو بائیڈن کو اپنے   پیش رو ڈونالڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے نتائج سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔‘‘ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لی ژیان ژائو نے  پریس بریفنگ کے دوران کہا  کہ’’ہم  امید کرتے ہیں کہ امریکہ کا موجودہ انتظامیہ چین سے متعلق ٹرمپ حکومت کی غلط پالیسوں سے سبق حاصل کرے گا۔‘‘ترجمان نے کہا کہ’’ ہمیں امید ہے  نئی حکومت دونوں ممالک کے تعلقات کو معروضی اور  دانش مندانہ انداز میں دیکھے گی، اس کی چین سے متعلق پالیسیاں تعمیری اور مثبت ہوں گی اور پائیدار ترقی کیلئے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو واپس درست راہ پر ڈالنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چینی صدر شی جن پنگ نے بھی ایک آن لائن اجلاس میں امریکہ کا نام لئے بغیر اس پر تنقید کی تھی اوردنیا کونئے حالات سے خبردار کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK