Inquilab Logo

روس انسانی اسمگلنگ معاملہ: سی بی آئی نے چار افراد کو حراست میں لیا

Updated: May 08, 2024, 7:37 PM IST | New Delhi

سی بی آئی نے روس یوکرین جنگ میں روسی فوج کے ساتھ لڑنے کیلئے ہندوستانی شہریوں کی اسمگلنگ کے معاملے میں چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔ سی بی آئی کے مطابق یہ نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلا ہے جو نوجوانوں کو بیرون ملک پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دیتے ہیں۔ سی بی آئی اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر ملزمین کی حراست کیلئے تفتیش کر رہی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سی بی آئی نے بتایا کہ روس یوکرین جنگ میں روسی فوج کے ساتھ لڑنے کیلئے ہندوستانی شہریوں کی اسمگلنگ کے معاملے میں ۴؍ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ۲؍ افراد کی شناخت ارون اور یسوداس جونیئر کے طور پر کی گئی ہے جن کا تعلق کیرالا کے ترونت پورم سے ہے۔ انہیں ۶؍ مارچ کو درج کردہ کیس کے معاملے میں جمعرات کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اسی طرح ۲۴؍ اپریل کو نجیل جوبی بینسام (کنیاکماری ) اور انتھونی میکائیل ایلن گوئن (ممبئی) کو حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں عدالتی تحویل میں بھیجا گیاتھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: سومیا اسکول کی پرنسپل پروین شیخ سوشل میڈیا پوسٹ لائک کرنے پر بر طرف

خیال رہے کہ روس نے ۲۴؍فروری ۲۰۲۲ء کو یوکرین میں اپنی جنگ کا آغاز کیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کچھ ہندوستانیوں شہریوں کو روس میں ’’آرمی سیکوریٹی ہیلپرس‘‘ کے طور پر ہائر کیا گیا اور انہیں بھی فو ج کے ساتھ لڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال سے اب تک ۱۰۰؍ سے زائد ہندوستانی شہریوں کو روسی فوج نے بھرتی کیا ہے۔
۶؍ مارچ کو سی بی آئی نے تلنگانہ اور گجرات کے تعلق رکھنے والے ۲؍ افراد، جن کی جنگ کے دوران موت ہوئی تھی، کی موت کی خبر عام ہونے کے بعد اس معاملے میں پہلی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ پولیس نے بتایا تھاکہ انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے گروپ کا پردہ فاش کیا ہے جو نوجوانوں کو بیرون ملک منافع بخش ملازمتوں کا جھانسا دیتا ہے۔
ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ اسمگلرز منظم نیٹ ورک کے طور پر یہ کاروبارآپریٹ کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا ایپس جیسے یوٹیوب وغیرہ اور مقامی رابطوں یا ایجنٹ کے ذریعے روس میں اچھی تنخواہ والی ملازمتوں کا جھانسا دیتے ہیں۔
مرکزی تفتیشی ایجنسی کے مطابق انہیں لڑائی کیلئے تیار کیا جاتا ہے اور ان کی خواہشات کے خلاف یوکرین کے خلاف جنگ کیلئے پہلی صفوں میں کھڑا کیا جاتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بہت سے ہندوستانی شہری اس جنگ کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔
سی بی آئی نے اپنی تفتیش میں دعویٰ کیا کہ بینسام، جو روس میں معاہدہ کی بنیاد پر مترجم کے طور پر کام کر رہا تھا، اس نیٹ ورک کے کلیدی ارکان میں سے تھا۔ سی بی آئی نے بتایا کہ وہ روس میں ہندوستانی شہریوں کی بھرتی کیلئے روس سے یہ نیٹ ورک آپریٹ کرتا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: قطر کی عالمی برادری سے رفح میں فوجی آپریشن کو روکنے کیلئے فوری کارروائی کی اپیل

ایجنسی نے مزید بتایا کہ ملزم مائیکل انتھونی دبئی میں موجود اپنے ساتھی فیصل بابا اور روس میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ چنئی سے ویزا کے عمل کو مکمل اورمتاثرین کو روس بھیجنے کیلئے ان کی ہوائی جہاز کی ٹکٹ  بک کروانے کاکام کرتا تھا۔دوسری جانب ارون اور یسیوداس مبینہ طور پر کیرالا اور تمل ناڈو سے ہندوستانی شہریوں کو اس ملازمت کیلئے بھرتی کرنے کا کام کرتے تھے۔ 
ایجنسی کے مطابق اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر ملزمین کو حراست میں لینے کیلئے تفتیش جاری ہے۔ایجنسی نے اپنی پہلی ایف آئی آر میں ۱۵؍ افراد اور ۴؍ کمپنیوں کے نام درج کئے تھےاور الزام عائد کیا کہ یہ افراد انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھے اور نوجوانوں کو بہترین ملازمت کا جھانسا دے کرانہیں پھنسانے کا کام کرتے تھے۔
ایجنسی نے اس کیس کے حوالے سے ۷؍مارچ کو دہلی، ترونت پورم، ممبئی، امبالا، چندی گڑھاور امبالا میں ۱۳؍ مقامات پر چھاپے مارے تھےاور ۵۰؍ لاکھ روپے نقد رقم ضبط کی تھی۔ مبینہ طورپر ایجنسی نے مجرمانہ دستاویزات، لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی ضبط کئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK