کانگریس مودی سرکار پر حملہ آور، وزیر داخلہ کی ’دروغ گوئیاں‘ بھی یاد دلائیں
EPAPER
Updated: November 12, 2025, 10:40 PM IST | New Delhi
کانگریس مودی سرکار پر حملہ آور، وزیر داخلہ کی ’دروغ گوئیاں‘ بھی یاد دلائیں
دہلی میں لال قلعہ کے قریب دھماکہ کو ’’سیکوریٹی کی ناکامی‘‘ قرار دیتے ہوئے بدھ کو کانگریس نے مودی سرکار کو اور بطور خاص وزیر داخلہ امیت شاہ کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ امیت شاہ میں اگر’’ذمہ داری کا ذرہ برابر بھی احساس ہے‘‘ توانہیں استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ اُدھر پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے بھی دھماکے کو حکومت کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیا ۔
کھرگے نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسی سنگین واردات قومی دارالحکومت میں پیش آئی، جہاں انٹیلی جنس بیورو سمیت سیکوریٹی کی تمام اعلیٰ ایجنسیاں موجود ہیں۔ وینوگوپال نے یاد دلایا کہ ’’جب ممبئی دھماکے ہوئے تھے اور یو پی اے اقتدار میں تھی تو وزیر داخلہ نے سیکوریٹی میں ناکامی کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔اپوزیشن نے بھی اس کا مطالبہ کیا تھا۔‘‘ وزیر داخلہ کو نشانہ بناتے ہوئے وینو گوپال نے کہا کہ امیت شاہ پارلیمنٹ میں ’’دروغ گوئی‘‘ کا مظاہرہ کرتے ہیں کہ ان کے دور میں ملک میں نہ کوئی فساد ہوا نہ دھماکہ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’ہمارے وزیر داخلہ ہمیشہ پارلیمنٹ میں کہتے ہیں کہ ملک میں نہ کوئی فساد ہوا، نہ کوئی دھماکہ۔ وہ ہر بار جھوٹ بولتے ہیں۔ اب ان کی آنکھوں کے سامنے، ان کے دفتر کے بالکل قریب یہ دھماکہ ہوا ہے۔ حکومت کو اس معاملے میں واضح اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرنی چاہیے اور قوم کے سامنے اصل وجہ رکھنی چاہیے۔‘‘