Inquilab Logo

اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کے اسکالر شپ فارم پُر کرنے کی تاریخوں میں توسیع

Updated: October 28, 2021, 10:18 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پری میٹرک کی آخری تاریخ ۳۰؍اکتوبر سےبڑھا کر۱۵؍نومبر کردی گئی جبکہ پوسٹ اور میٹرک کم مینس کیلئے آخری تاریخ ۳۰؍ نومبرہے

Extension of scholarship form filling dates.Picture:Inquilab
اسکالر شپ فارم پُر کرنے کی تاریخوں میں توسیع

: اقلیتی طبقے کےغریب  طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے مالی مدد فراہم کرنے کی غرض سے شروع کی گئی مرکزی حکومت کی اسکالر شپ اسکیموں کا آن لائن فارم پُر کرنے کی تاریخوں میں ۱۵؍تا ۳۰؍ دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔  اس کی اطلاع اسکالر شپ کی ویب سائٹ (نیشنل پورٹل ) پر دی گئی ہے۔اس سے طلبہ اور سرپرستوں کو بڑی راحت ملی ہے کیونکہ گزشتہ دنوں تلاٹھی  اور دیگر سرکاری افسران کی جانب سے ہڑتا ل کرنے سے طلبہ اور سرپرستوں کو اسکالر شپ کیلئے انکم سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔واضح رہے کہ مسلم سمیت دیگر اقلیتی طبقے کے غریب طلبہ کی اسکالر شپ اسکیموں میں شامل پری میٹرک اسکالرشپ کا آن لائن فارم پُر کرنے کی آخری تاریخ ۳۰؍ اکتوبر تھی جسے اب بڑھا کر ۱۵؍ نومبر کرد یا گیا ہے۔ اسی طرح پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے فارم اب ۳۰؍ نومبر تک ، میٹرک کم مینس اسکالر شپ فار پروفیشنلس اینڈ ٹیکنیکل کورسس اسکالر شپ کیلئے ۳۰؍ نومبر اور بیگم حضرت محل نیشنل اسکالر شپ کا فارم بھی ۳۰؍ نومبرتک پُر کیا جاسکے گا۔یاد رہے کہ پہلے  پری میٹرک  اسکالر شپ کے لئے طلبہ ۱۵؍ نومبر تک ،پوسٹ میٹرک اور میٹرک کم مینس اسکالر شپ کیلئے ۳۰؍ نومبر تک آن لائن درخواست دے سکتے تھے۔ 
 مزید تفصیلات کیلئے طلبہ اور سرپرست نیشنل اسکالر شپ پورٹل :
  scholarships.gov.in دیکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ  یہ اسکالر شپ اقلیتی طبقے یعنی مسلم، سکھ، عیسائی، بودھ، جین اور  پارسی  سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے ہی مخصوص ہے۔
اسکالر شپ کے بارے میں مختصر معلومات
(۱)  پری  میٹرک اسکالر شپ:
 اسکالر شپ کی رقم: اس اسکالر شپ کے تحت پہلی تا پانچویں جماعت کے طلبہ کو سالانہ ایک ہزار روپے  اور چھٹی تا دسویں جماعت میں  زیر تعلیم طلبہ کو سالانہ ۵؍ ہزار روپے دیئے جاتے ہیں۔
 شرائط : پری میٹرک اسکالر شپ حاصل کرنے کیلئے طالب علم کے خاندان کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ روپے سے کم ہونالازمی ہے۔ اس کے ساتھ ہی طالب علم یا طالبہ کا گزشتہ  سالانہ امتحان ۵۰؍ فیصد یا اس سے زیادہ مارکس کے ساتھ کامیاب ہونا ضرور ی ہے۔
(۲)  پوسٹ میٹرک اسکالر شپ:
 اسکالر شپ کی رقم:اس اسکالر شپ کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو سالانہ ۶؍ہزار روپے، انڈرگریجویٹ طلبہ کیلئے  ۶؍ ہزار تا ۱۲؍ ہزار روپے دیئے جاتے ہیں۔
 شرائط : درخواست گزار طالب علم یا طالبہ کے خاندان کی سالانہ آمدنی ۲؍ لاکھ روپے سے کم ہونا لازمی ہے اسی کے ساتھ گزشتہ  سالانہ امتحان ۵۰؍  فیصد یا اس سے زیادہ مارکس کے ساتھ کامیاب ہونا ضرور ی ہے۔
(۳)  میرٹ کم مینس اسکالر شپ:
 اسکالر شپ کی رقم:اس اسکالر شپ کے تحت پروفیشنل اور ٹیکنیکل کورس کے طلبہ کو سالانہ۲۵؍ ہزار تا ۳۰؍ ہزار روپے  دیئے جاتے ہیں۔
 شرائط : درخواست گزار طالب علم یا طالبہ کے خاندان کی سالانہ آمدنی ڈھائی  لاکھ روپے سے کم ہونا لازمی ہے اور گزشتہ  سالانہ امتحان ۵۰؍ فیصد یا اس سے زیادہ مارکس کے ساتھ کامیاب ہونا ضرور ی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK