Inquilab Logo

کسانوں کا مودی حکومت پر سے بھروسہ اٹھ گیا ہے: جے رام رمیش

Updated: February 14, 2024, 5:43 PM IST | New Delhi

کسانوں کے دہلی چلو آندولن کے حوالے سے آج کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی وعدہ کرنے کے باوجود کسانوں کے مطالبات کیوں نہیں مان رہی ہے؟ دعویٰ کیا کہ کسانوں کا مودی حکومت سے بھروسہ اٹھ گیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں کے تئیں مودی حکومت کے آمرانہ رویہ نے جمہوریت کو شرمندہ کر دیا ہے۔

Jairam Ramesh and Rahul Gandhi. Photo: INN
جے رام رمیش اور راہل گاندھی ۔ تصویر: آئی این این

کسانوں کے احتجاج پر نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے بی جے پی پر سوال قائم کیاہے کہ وہ کیوں ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی دینے سے بھاگ رہی ہے جبکہ اس نے کسانوں سے اس کیلئے کئی مرتبہ وعدے کئے ہیں۔ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ کسانوں کا مودی حکومت پر سے بھروسہ اٹھ گیاہے۔
کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے بھی ان کسانوں سے بات چیت کی ہے جو پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں۔راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت کا کسانوں کے ساتھ آمرانہ رویہ ہے۔جے رام رمیش نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ مودی حکومت کیوں کسانوں کو ایم ایس پی پر قانوی گارنٹی دینے سے گھبرا رہی ہے جبکہ اس نےکسانوں سے وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھاہے کہ ۲۰۱۱ء میں نریندر مودی نے، گجرات کے وزیر اعلیٰ اور روکنگ گروپ کے چیئر مین کے طورپر، اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ایک رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کسانوں کے تحفظ کے مفادات کیلئے ہمیں قانونی دفعات کے ذریعے یہ یقین دہانی کروانی ہو گی کہ کسان اورتاجر کے درمیان ایم ایس پی سے نیچے کوئی بھی لین دین نہیں ہوگا۔
انہوں نے اپنی بہت سے تقاریر اور ۲۰۱۴ء میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ تمام فصلیں اقل ترین امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر خریدی جائیں گی جو سوامی ناتھ کمیشن کی سفارش کے مطابق فصل کی لاگت اور اس میں ۵۰؍ فیصد منافع پر مشتمل ہوگی۔اس کے باوجود ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی نہیں دی گئی اور نہ ہی یہ سوامی ناتھ کے وضع کردہ فارمولے پر مشتمل ہے۔ جے رام رمیش نے مزید کہا کہ سوامی ناتھن کے وضع کردہ فارمولے کے مطابق گندم کی اقل ترین قیمت ۲؍ ہزار ۴۷۸؍ فی کوئنٹل ہونی چاہئے جو ابھی صرف ۲؍ہزار ۲۷۵؍ فی کوئنٹل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دہلی چلو آندولن: ہریانہ پولیس نے کسانوں پر آنسو گیس کے گولے دوبارہ داغے

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی! آپ نے کیوں اپنی ۲۰۱۱ء کی رپورٹ کے مطابق ان چیزوں کو نافذ نہیں کیا ؟آپ نے ایم ایس پی کے بارے میں کسانوں سے بارہا جھوٹ کیوں بولا؟آج ملک کے کسانوں کا مودی حکومت پر سے بھروسہ اٹھ گیا ہے۔یہ صرف کانگریس کی کسان نیائےگارنٹی ہے جو کسانوں کو سوامی ناتھن کے وضع کردہ فارمولے کے مطابق ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی دے گی۔راہل گاندھی نے اپنے وہاٹس ایپ چینل پراپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں نے سابق فوجی گرمیت سنگھ جی سے اسپتال میں ملاقات کی جو کسانوں کی تحریک کے دوران پولیس کی کارروائی کی وجہ سے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ان کی صحت کے بارے میں پوچھا اور انہیں اس پرامن تحریک کیلئے مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

حکومت نے کسانوں کو روکنے کیلئے اس طرح انتظامات کئے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی
وہ ایک نوجوان بھی ہیں اور کسان بھی ہیں۔ان کی تعریف کرنے کے بجائے مودی حکومت کے کسانوںکے ساتھ اس آمرانہ رویہ نے جمہوریت کو شرمندہ کردیا ہے۔ 
جب کانگریسی لیڈر سے گرمیت سنگھ کے زخمی ہونےکے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوںنے کہا کہ انہیں ہاتھ اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔ 
خیال رہے کہ ہریانہ سرحد کے قریب منگل کو کسانوں اور پولیس کے درمیان اس وقت تصادم ہوا تھاجب کسانوں نے دہلی میں داخل ہونے کیلئے حکومت کی جانب سے لگائے گئے بیریکیڈس توڑنے کی کوشش کی تھی اور پولیس نے انہیں روکنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے تھے۔
کسانوں نے پولیس کی اس کارروائی کیلئے مرکز کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ پولیس کی کارروائی کے نتیجےمیں تقریباً ۶۰؍ کسان زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK