Inquilab Logo

فیر وزآباد : اموات کا سلسلہ رک نہیں رہا ہے

Updated: September 30, 2021, 11:54 AM IST | Agency | Firozabad

انتظامیہ کی جانب سے مرنےو الوں اور مریضوں کی تعداد میں کمی کا دعویٰ کیا جار ہاہے لیکن پرائیویٹ اسپتالوں کے مطابق ابھی کچھ کم نہیں ہوا ہے۔ سوبیڈ والے اسپتالوں میں افراتفری کا ماحول ، علاج اور انتظامات ناکافی ، اوپی ڈی میں بھیڑ

Firozabad: Crowd of patients in the OPD of 100 bed Hospital.Picture:INN
فیر وزآباد : سوبیڈ والے اسپتال کی اوپی ڈی میں مریضوں کی بھیڑ ۔ تصویر: آئی این این

ا تر پر دیش کے ضلع فیر وزآباد میں ڈینگو کی وجہ سے مرنے والوں اور مریضوں کی تعداد میں کمی کا دعویٰ کیا جا رہاہے لیکن اموات کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رکا ہے۔ منگل کو ایک اور نوجوان نے بخار  سے گورنمنٹ ٹراما سینٹر میں دم توڑ  دیاجس سے  مرنے والوں کی تعداد ۲۲۵؍تک پہنچ گئی  ہے۔ ہمایوں پور کے ۱۹؍سالہ انل کمار  ولد رام سنگھ کو دو دن سے تیز بخار تھا۔  طبیعت بگڑنے پر اہل خانہ اسے سرکاری ٹراما سینٹر لے آئے تھےجہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ دوسری جانب ٹنڈلہ نگلا سنگھی کے گاؤں ٹھار ہاتھی کے  مراری لال کے ۱۶؍سالہ بیٹے کھیت پال کو ۲۵؍ ستمبر کو بخار آیاتھا۔ رشتہ داروں نے نوجوان کا آگرہ میں علاج کرایا۔ کھیت پال منگل کو لقمۂ اجل بن گیا۔ ضلع میں  مرنے والوں کی تعداد بھلے ہی  ۲۲۵؍سے تجاوز کر گئی ہےلیکن اموات سے متعلق محکمۂ صحت کے اعداد و شمار ۶۳؍  سے آگے نہیں بڑھ پائے  ہیں۔ 
؍۲۴؍گھنٹوں میں ۱۵۶؍ نئے مریض داخل ہوئے
  بدھ کو۱۰۰؍بیڈوالے  اسپتال کی او پی ڈی میں مریضوں کی زبردست بھیڑ  رہی۔ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۵۶؍ نئے مریض داخل ہوئے۔  اس وقت سو بیڈ والے اسپتال میں ۲۶۵؍ مریض زیر علاج ہیں۔  نجی اسپتالوں  میں بھی علاج کیلئے اتفرا تفری کا ماحول ہے۔  ڈاکٹروں کے مطابق ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن  دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض مسلسل اسپتال پہنچ رہے ہیں۔
سو بستروں  والےاسپتال میں انتظامات ناکافی 
   ضلع کے سو بستروں والے اسپتال میں گنجائش سے کہیں زیادہ مریض زیر علاج  ہیں جس کی وجہ سے انتظامات ناکافی نظر آرہے ہیں۔ انتظامیہ  مریضوںاور تیمارداروں کو مطمئن کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے۔    اب  بھی تیمار دار بیمار بچوں کو کندھے پرا ٹھا کر اسپتال لا رہے ہیں۔ او پی ڈی ہال میں تیمارداروں کو بیمار بچوں کی رپورٹ آنے کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ میڈیکل کالج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ڈینگو کے ۳۱؍ مریض سو بیڈوالے  اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ڈینگو میں مبتلا ۱۱؍ مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہو گئے ہیں۔
مر یضوں کو دوا دے کر گھر بھیجا جارہا ہے
 او پی ڈی میں جانچ کے بعد مریضوں کو دوا دینے کے بعد گھر لوٹایا جا رہا ہے،حالانکہ ۳۰؍ سے ۴۰؍ ہزار  تک  پلیٹ لیٹس والے مریضوں کو داخل کیا جارہا ہے جبکہ پرائیویٹ ڈاکٹروں کے اعداد و شمار کے مطابق ڈینگو کے کیسز میں کوئی کمی نہیں ہے۔
 میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر سنگیتا انیجا کا کہنا ہے :’’ گزشتہ ۱۰؍ دنوں کے مقابلے میں ڈینگو اور وائرل میں کمی آئی  ہے۔ ۲۶۵؍مریض اسپتال میں داخل ہیں۔۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۵۶؍ نئے مریضوں کو داخل کیا جارہا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK