شراوستی میں پانی میں ڈوبنے سے دو لڑکیوں کی موت، سرجو ندی میں طغیانی، سیلاب کا خطرہ بڑھا، بہار میں سیلاب پر قابو پانے کیلئےاونچا ڈیم بنانے کی تجویز۔
EPAPER
Updated: July 10, 2024, 10:44 AM IST | Agency | Mumbai
شراوستی میں پانی میں ڈوبنے سے دو لڑکیوں کی موت، سرجو ندی میں طغیانی، سیلاب کا خطرہ بڑھا، بہار میں سیلاب پر قابو پانے کیلئےاونچا ڈیم بنانے کی تجویز۔
تیز بارش کی وجہ سے ملک کی کئی ریاستوں میں عوامی زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔ اترپردیش، بہار، اتراکھنڈ، ہماچل اور دہلی کی صورتحال زیادہ خراب ہے۔منگل کو یوپی کے شراوستی ضلع میں جہاں پانی میں ڈوبنے سے دو لڑکیوں کی موت واقع ہوگئی ہے، وہیں سرجو ندی میں طغیانی کی وجہ سے اس کے کنارے آباد اضلاع میں بھی سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ کچھ اسی طرح کی صورتحال بہار میں بھی ہے جہاں حکومت نے سیلاب پر قابوپانے کیلئے ہند نیپال سرحد پراونچا ڈیم بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ دہلی میں تیز بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک بری طرح متاثر ہے۔ اسی دوران اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اورراحتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت بھی دی۔
اترپردیش کے پیلی بھیت ضلع میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے حالات سنگین ہوتے جارہے ہیں۔ پورن پور و کلی نگر تحصیل کا ٹرانس شاردا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہو اہے۔ منگل کو سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بریلی سے بلائے گئے آرمی کے جوانوں نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے باہر نکالا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق شراوستی میںدو لڑکیاںکھیت میں مزدوری پر دھان کی روپائی کرنے جارہی تھیں۔ زینب محرم علی(۱۶) اور نبری(۱۴) جہاں مزدوری کیلئے جارہی تھیں، وہاں راستے میں سیلابی پانی بھرا تھا جسے عبور کرتے وقت دونوں لڑکیاں ڈوب گئیں اور ان کی موت ہوگئی۔ اسی دوران اترپردیش کے جل شکتی کے وزیر سوتنتر دیو سنگھ نے کہا کہ سیلاب سے نپٹنےکیلئے یوگی حکومت پوری طرح سے تیار ہے اور جہاں جیسی ضرورت پڑرہی ہے، قدم اٹھائے جارہے ہیں۔