Inquilab Logo

بائی وطن جانیوالے گاؤں میں کورونا کے خوف سے ممبئی لوٹنے پر مجبور

Updated: May 16, 2021, 8:53 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

یوپی سے ممبئی آنے والی ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد بڑھ گئی

Thermal screening of those coming to Mumbai from other states is being done.Picture:inquilab
دوسری ریاستوں سے ممبئی آنے والوں کی تھرمل اسکریننگ کی جا رہی ہے تصویر انقلاب

 ممبئی  سےآبائی وطن جانے والے افراد  گاؤں میں کورونا  کے خوف سے اب  واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ملک کی متعدد ریاستوں میں بڑھتے ہوئے کورونا معاملات کے پیش نظر مزدور اب وطن چھوڑ کر ممبئی واپس آنے لگے ہیں۔ 
  ساکی ناکہ میں مقیم حاجی انورالحق نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے خوف اور لاک ڈاؤن کے علاوہ چناؤاور شادی بیاہ کی وجہ  سے  ایک بار پھر لوگ ممبئی سے بہت بڑی تعددا میں اپنے آبائی وطن چلے گئے تھے لیکن دیہاتوں میں بھی اب بڑے پیمانے پر کورونا کی وباء پھیل رہی ہے ۔ اس لئے   بڑھتے ہوئےکورونا  معاملات کے پیش نظر ممبئی سے جانے والے افراد  اب ایک بار پھر   واپس ممبئی آنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ ادھر گزشتہ چنددنوں میں  واپسی کے ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد کافی بڑھ گئی ہے ۔ یوپی کے پرتاپ گڑھ سے آنے والے مولانا مصباح الدین نے کہا کہ یوپی کے ضلعی سطح پر اچھے اسپتال نہیں ہیں اور وہاں گرمی سےبھی لوگ پریشان ہیں ۔ ایمرجنسی حالت میں اگر کورونا وغیرہ کے علاج کی ضرورت پڑجائے تو اس کی کوئی سہولت نہیں ہے اس لئے اب ممبئی سے جانے والے افراد جلد از جلد ممبئی واپس آنا چاہتے ہیں ۔ 
 دھاراوی میں مقیم اور ضلع بستی کے رہنے والے امام اعظم خان نے کہا کہ یوپی میں کورونا کے علاج کیلئے کوئی بہت اچھی سہولت نہیں ہے۔ وہاں پر بھی کورونا کا خطرہ بڑھ گیا ہے  اور سخت لاک ڈاؤن شروع ہے ۔ اس لئے اب ممبئی میں کام کرنے والے مزدور بھی وہاں سے لوٹنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے تو شاید غلط نہیں ہوگا کہ ممبئی سے خراب حالت اب اس وقت یوپی سمیت دوسری ریاستوں کی ہے ۔ 
ریلوے افسران کیا کہتے ہیں؟
 ممبئی ویسٹرن ریلوے کے ایک اعلیٰ افسرکے مطابق سپریم کورٹ نے ممبئی میں کورونا کی دوسری لہر کا اچھے طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے انتظامیہ کی تعریف کی ہے ۔حالاں کہ یہ بھی سچ ہے کہ اس دوران عام لوگوں کے علاوہ لاکھوں مزدوروں نے ایک بار پھر آبائی وطن کا رخ کیاتھا ۔ جس کی وجہ سے ممبئی کے اسپتالوں پر  دباؤ بھی کم پڑا ۔انھوں نے مزید کہا کہ یوپی میں پنچایت چناؤ، مغربی بنگال میں اسمبلی  انتخابات اور راجستھان میں شادیوں کے سیزن ہونے کی وجہ سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ افراد ممبئی سے جارہے تھے۔ اُس وقت ان ریاستوں میں کورونا کی وبا ء زیادہ نہیں تھی لیکن اب وہاں کے بھی حالات بدل گئے ہیں ۔ اب ممبئی میں کورونا قابو میں آچکا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان ریاستوں سے لوگوں کا ممبئی لوٹنا شروع ہوگیا ہے ۔
  ویسٹرن ریلوے  اسٹیشن کے ایک دوسرے افسر  کے مطابق یوپی میں اس وقت کورونا کی وبا ء پھیل گئی ہے ۔ پنچایت چناؤ ہو جانےکی وجہ سے لاکھوں افراد اب  یوپی سے ممبئی واپس ہونے لگے ہیں ۔ ۱۵ ؍ اپریل تک یوپی سے ممبئی آنے والی ٹرینوں میں مسافروں کی تعدادتقریباً ۵۰؍ فیصد تھی۔ اب یوپی سے آنے والی ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد کی اوسط تقریباً  ۷۰؍ فیصد ہے ۔ ایک ٹرین میں  ۱۰۰۰؍سے ۱۵۰۰؍ مسافر واپس ممبئی آنے لگے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK