Inquilab Logo

سابق کپتان رکی پونٹنگ لبوشین کی مدد کیلئے آگے آئے

Updated: June 26, 2023, 1:53 PM IST | Dubai

انہوں نے کہا کہ لبوشین اپنی بیٹنگ کے پرانے ویڈیوس دیکھ کریہ معلوم کرسکتے ہیں کہ ان سے کہاں غلطی ہو رہی ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 سابق آسٹریلیائی کرکٹر اور کپتان رکی پونٹنگ نے اپنے ہم وطن اور دنیا کے تیسرے نمبر کے ٹیسٹ بلے باز مارنس لبوشین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کو سدھارنے کے  لئے اپنی ماضی کی اننگز پر نظر ڈالیں۔ پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو پوڈ کاسٹ پر کہا کہ میں کوچ نہیں ہوں اس  لئے میں انہیں سمجھانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں میںان کی بیٹنگ کے بارے میں بات کرنا چاہوں گا کیونکہ میں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جو کچھ دیکھا ہے اس کی بنیاد پر مجھے لگتا ہے کہ وہ (لبوشین) چیزوں کو بہت پیچیدہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں اپنے ماضی کے کچھ ویڈیوز دیکھنے چاہئیں ۔ اس سے انہیں انداز ہو جائے گا کہ ان سے کہا غلطی ہو رہی ہے۔ 
 دسمبر۲۰۲۲ء سے گزشتہ بدھ تک آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست رہنے والے لبوشین کے لیے انگلینڈ کا دورہ اب تک اچھا نہیں رہا ہے۔ وہ ہندستان کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں بالترتیب صرف ۲۶؍  اور ۴۱؍ رن کی اننگز کھیل سکے جبکہ  انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دو اننگز میں مجموعی طور پر صرف ۱۳؍ رن  بنائے۔پونٹنگ نے کہاکہ اسے اس چیز پر بھروسہ رکھنا ہوگا جس نے انہیں پچھلے دو سال سے دنیا کا نمبر دو ٹیسٹ بلے باز بنا رکھا ہے۔ میں ان سے کہوں گا کہ جا کر اس وقت کے ویڈیوز دیکھیں جب وہ اچھا کھیل رہے تھے۔ ان چیزوں کو یاد رکھیں اور پھر سے دہرائیں۔
 لبوشین کے علاوہ پونٹنگ نے تجربہ کار بلے باز ٹریوس ہیڈ کے بارے میں بھی بات کی جنہوں نے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے جارحانہ پیس اٹیک کے خلاف جدوجہد کی۔ پونٹنگ نے کہا کہ انگلینڈ کے گیند باز لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں شارٹ گیندوں کا استعمال کریں گے جس کے  لئے ہیڈ کو ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا۔ پونٹنگ نے کہاکہ وہ جانتے ہیں کہ ایسا ہونے والا ہے۔ اس لئے  ٹریوس ہیڈ کو  ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا۔ انہیں سوچنا ہوگا کہ اس قسم کی بولنگ سے نمٹنے کا بہترین طریقہ کیا ہے۔ کیا وہ گیند پر حملہ کرسکتے ہیں یا وہ نیچے جھک کر اس سے بچنے کا راستہ تلاش کر سکتے ہیں  تاکہ انگلینڈ کے گیند بازوں کو تھکایا جاسکے۔پونٹنگ کا خیال ہے کہ اگر انگلینڈ لارڈز ٹیسٹ سے قبل تیز گیند باز مارک ووڈ کو اپنے اٹیک میں لاتا ہے تو ہیڈ مشکل میں پڑ سکتے ہیں۔
 پونٹنگ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان منصوبوں کے ساتھ عام طور پر جو ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ ٹیم میں صرف ایک بولر ہی ایسا کرسکتا ہے۔ ہم نے اس دن  اولی  رابنسن کو دیکھا، لیکن وہ آپ کو (شارٹ گیند سے) پریشان نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین اسٹوکس ماضی میں انگلینڈ کے لیے ایسا کرتے رہے ہیں لیکن ان کا جسم انہیں یہ کردار ادا کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ مارک ووڈ لارڈز میں یہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ ووڈ کو ٹیم میں لا سکتے ہیں، جو کچھ مختلف پیش کرے گا۔ وہ ظاہر ہے بہت تیز ہے اور شارٹ گیند کو بہت اچھی طرح سے پھینک سکتے ہیں۔ ٹریویس سمیت آسٹریلیا کے تمام بلے بازوں کو اس بات کے لئے تیار رہنا ہو گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK