Inquilab Logo

دبئی: بارش نے ۷۵؍ سال کا ریکارڈ توڑ دیا، ہرطرف پانی ہی پانی، نظام زندگی مفلوج

Updated: April 18, 2024, 10:52 AM IST | Dubai

متحدہ عرب امارات میں پورے سال کی بارش گھنٹے بھرمیں  ہوگئی،سڑکوں  نے ندیوں  کا منظر پیش کیا، اسکولوں  میں  تعطیل، دفاتر میں  ورک فرام ہوم کا اعلان۔

The condition of the roads can be seen during the rain in Dubai. Photo: INN.
دبئی میں بارش کے دوران سڑکوں کی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

متحدہ عرب امارات اور عمان میں  منگل کو ہونے والی موسلادھار بارش نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔ سڑکیں   ندیوں  میں  تبدیل ہوگئیں  اور ہوائی اڈے جھیل کا منظر پیش کر رہے تھے۔ سیلابی صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ دبئی میں  مشکل سے کوئی ایسی جگہ بچی تھی جہاں  پانی نہ بھر گیا ہو۔ دنیا کے مصرف ترین ہوائی اڈوں  میں سے ایک دبئی ایئر پورٹ پر طیارے پانی میں  تیرتے نظر آئے۔ ایئر پورٹ پر کم از کم آدھا گھنٹے تک خدمات بند رہیں۔ 
سماجی رابطوں کی مختلف پلیٹ فارمز پرعوام کے ذریعہ شیئر کئے گئے ویڈیوز اور تصاویر میں عمان اور دبئی میں  طوفانی سیلاب کی صورت حال دیکھی جا سکتی ہے جس میں سڑکیں سمندر اور دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ سلطنت کو سیاہ بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی شہر دبئی اور ابوظہبی سمیت مختلف علاقوں میں سیاہ بادلوں سے ڈھکے آسمان کی وجہ سے دن میں رات جیسا اندھیرا چھا گیا۔ 
دبئی میں معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ کثیر منزلہ عمارتوں کے اندر لفٹ بند ہوجانے کی وجہ سے عوام کو شدید دقتوں  کا سامنا کرنا پڑا۔ بلند و بالا عمارتوں پر وقفے وقفے سے آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے وارننگ سائرن اور خطرے کے نشان روشن ہوتے رہے۔ منگل کو ہی ملک کے اکثر علاقوں میں تعلیمی اداروں  میں  تعطیل یا پھر آن لائن کلاسیز کا اعلان کردیا گیاتھا جبکہ دفاتر میں   ’ورک فرام ہوم‘کا اعلان کیاگیاہے جوجمعرات اور جمعہ کو بھی نافذ رہےگا۔  سیلاب کی شدت میں بدھ کو بارش رکنے کے بعد کمی آئی ہے مگر پانی کی نکاسی ایک مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔ دبئی میں  ایک دن میں  ۱۴۲؍ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو یہاں  ڈیڑھ سال میں  بھی نہیں  ہوتی۔ حکومت کے مطابق بارش نے ۷۵؍ سال کا ریکارڈ توڑ دیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK