آئندہ سال مرزاپور صدر سے اسمبلی انتخاب لڑیں گی، انہوں نے پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ وہ کسی پرانی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی۔
آئی اے ایس دیویہ متل۔ تصویر: آئی این این
اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ایک اور نئی پارٹی میدان میں آ گئی ہے۔ مرزاپور کی سابق ڈی ایم دویا متل نے اپنی سیاسی پارٹی ’جن نیتی بھارت‘ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ متعدد ذرائع کے مطابق وہ مرزاپور صدر اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑیں گی۔ اس سے قبل دویہ متل نے واضح کیا تھا کہ وہ کسی پرانی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کے بجائے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کریں گی۔واضح رہے کہ دویہ متل۲۰۱۳ء بیچ کی آئی اے ایس افسر رہی ہیں۔ انہوں نے انتظامی خدمات سے رواں سال۳۰؍ اگست کو استعفیٰ دیا تھا جسے ستمبر میں قبول کر لیا گیا۔ اترپردیش میں انہوں نے میرٹھ، گونڈا، سنت کبیر نگر، مرزاپور اور دیوریا میں الگ الگ انتظامی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
مرزاپور کی ڈی ایم رہتے ہوئے دور دراز کے گاؤں لہوریا دہ تک پائپ سے پانی پہنچانے کی پہل کے تعلق سے بھی وہ خبروں میں رہی تھیں۔ سیاست میں آنے کے اعلان کے بعد سے ہی ان کے آئندہ اقدامات سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی اور عوام کے مسائل کو اپنی سیاسی بنیاد بنائیں گی۔ اب ’جن نیتی بھارت‘ پارٹی کی تشکیل اور مرزاپور صدر سے انتخاب لڑنے کے اعلان کے ساتھ ان کی سیاسی حکمت عملی واضح ہوتی نظر آ رہی ہے۔