اٹلی کے گروٹو فیملی کی ملکیت کا ایک معروف پریمیم ملبوسات اور ڈینم برانڈ ہے جو ہندوستان میں بھی بڑے پیمانے پر دستیاب ہے، متعدد اسٹور موجود۔
ملاڈ کے انفنیٹی مال میں واقع گیس کے اسٹور کا بیرونی منظر- تصویر:آئی این این
دنیائے فیشن میں بعض برانڈز ایسے ہوتے ہیں جو نہ صرف لباس بیچتے ہیں بلکہ ایک پوری ثقافت، ایک طرزِ زندگی اور ایک فلسفے کی نمائندگی کرتے ہیں۔جی اے ایس(گیس)جینز ایسا ہی ایک نام ہے۔ گیس اٹلی کی گروٹوفیملی کی ملکیت کا ایک معروف پریمیم ملبوسات اور ڈینم برانڈ ہے جسے کلاؤدیو گروٹونے ۱۹۷۰ءکی دہائی کے اوائل میں قائم کیا۔ آج یہ ۵۶؍سےزائد ممالک میں ۳؍ہزار سے زیادہ اسٹورز کے ذریعے اپنی موجودگی رکھتا ہے۔
آغاز اور بنیاد
کلاؤدیو گروٹو نےمارلن براندو اور جیمز ڈین جیسے امریکی فلمی ستاروں کی باغیانہ طرز کو دیکھ کر بڑے ہوئے اور بیٹلز اور رولنگ اسٹونز کی سوئنگنگ لندن ثقافت سے گہرے متاثر ہوئے۔ وہ محسوس کرتے تھےکہ اطالوی مارکیٹ میںایسے کپڑوں کی کمی ہے جو بدلتی دنیا کی نمائندگی کرسکیں۔ اسی سوچ کے ساتھ انہوں نے اپنے خاندانی کپڑے کی دکان سے ڈینم بیچنا شروع کیا۔برانڈ کا آغاز شمال مشرقی اٹلی کے وچنزا کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے چیوپانو میں ایک دستکاری ورکشاپ کی شکل میں ہوا، اور ۱۹۸۴ءمیں پہلا باقاعدہ مجموعہ پیش کیا گیا۔
لوگو کیسے بنا
گیس کے منفرد نشان نے ایک دلچسپ واقعے سے جنم لیا۔ ایک بار کلاؤدیو کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ میں تھے جہاں طوفان کے بعد بحرِ ہند اور اوقیانوسِ اطلسی کے ملنے کی جگہ آسمان میں دو قوسِ قزح ایک دوسرے کو کاٹتے ہوئے نمودار ہوئے۔ اسی حیرت انگیز قدرتی مظہر نے برانڈ کی بنیادی اقدار کی علامت کو جنم دیا جو آج تک گیس کا لوگو ہے۔
برانڈ کی خصوصیات
گیس جینز اپنی دستکاری کے معیار، اختراعی واشنگ تکنیکوں اور ورثے سے متاثر ڈیزائنوں کیلئے مشہور ہے۔ برانڈ کے پاس ۴۰؍ہزار سے زیادہ آئیکونک ملبوسات کا ایک وسیع آرکائیو ہے جو ہر موسمی مجموعے کو متاثر کرتا ہے۔یہاںجینز کی تیاری میں اسٹون واشنگ، ایسڈ واشنگ اور اینزائم ٹریٹمنٹ جیسی تکنیکوں سے ڈینم کو ایک منفرد فنش دی جاتی ہے۔ برانڈ ماحول دوستی پر بھی توجہ دیتا ہے اور پانی کی بچت والی ٹیکنالوجیز استعمال کرتا ہے۔
برانڈ کی مصنوعات
یہ اپنی مصنوعات نوجوان طبقے کیلئے تیارکرتا ہے اور اطالوی اور عالمی فیشن کی دنیا میں سادگی، اصالت اور استعداد کے لیے مشہور ہے۔یہاں مرد اور خواتین دونوں کے لیے جینز، ڈینم شرٹ، ڈینم جیکٹس، ٹراؤزرز، چینوز، ٹی شرٹس، سویٹرز، جوتے اور لوازمات پیش کئے جاتے ہیں۔
ہندوستان میں وسعت
گیس جینز نے پہلی بار۲۰۰۶ءمیں ریمنڈ کے ساتھ اشتراک کےذریعے ہندوستانی مارکیٹ میں قدم رکھا۔ تاہم یہ شراکت داری زیادہ عرصے تک نہ چل سکی۔اس کے بعد گیس نےریلائنس برانڈز کےساتھ مشترکہ کاروبار قائم کیا۔ ریلائنس انڈسٹریز کا فیشن ونگ خصوصی گیس آؤٹ لیٹس چلاتا ہے جبکہ ہول سیل اور ڈسٹری بیوشن کا کام گیس جینز انڈیا سنبھالتی ہے جو گروٹوکی مکمل ملکیتی کمپنی ہے۔
فی الحال ہندوستان میں گیس کے ۳۵؍خصوصی اسٹورز موجود ہیں۔برانڈ احمدآباد، دہلی، حیدرآباد اور ممبئی جیسے بڑے شہروں میں موجود ہے اور اس کے علاوہ لدھیانہ، پٹیالہ اور چنڈی گڑھ میں بھی اس کی موجودگی قابلِ ذکر ہے۔ شاپرز اسٹاپ اور کیپسنز جیسے بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں بھی گیس کی مصنوعات دستیاب ہیں۔
ممبئی میں اسٹورز
ممبئی اور اس کے ادرگرد کے علاقوں میں گیس کے کئی اسٹور موجود ہیں جن میںملاڈ کا انفنیٹی مال،لوئروپریل کے پلاڈیم مال، بوریولی کے اسکائی سٹی مال کے علاوہ نیرول اور بھیونڈی میں بھی اس کے اسٹور موجود ہیں جہاں اس کی مصنوعات خریدی جاسکتی ہیں۔