جیل میں آرین کے والد کی ایک ملزم انل کوشک سے ملاقات ، کوشک نےپیر چھوکرمشرا سے معافی مانگی اور کہا کہ ’’ ہم نے مسلمان سمجھ کر برہمن کی ہتیاکردی ، ہمیں پاپ لگے گا ‘‘
EPAPER
Updated: September 05, 2024, 8:40 AM IST | Faridabad
جیل میں آرین کے والد کی ایک ملزم انل کوشک سے ملاقات ، کوشک نےپیر چھوکرمشرا سے معافی مانگی اور کہا کہ ’’ ہم نے مسلمان سمجھ کر برہمن کی ہتیاکردی ، ہمیں پاپ لگے گا ‘‘
گائے کا اسمگلر سمجھ کر جس آریشن مشرا کو گئو رکشکوں نے ۲۳؍ اگست کو قتل کردیا تھا ،اس کے والد سیانند مشرا نے جیل میں ان گئو رکشکوں سے ملاقات کی ۔سیانند مشرا نے پولیس سے بہت زیادہ درخواست کی تھی کہ وہ ایک مرتبہ اپنے بیٹے کے قاتلوں سے ملنا چاہتے ہیں کیوں کہ پہلے وہ یہی سمجھتے رہے تھے کہ یہ معاملہ کالج کی کسی دشمنی کا ہے یا اور کوئی بات ہے ۔ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ان کے بیٹے کو گئو رکشکوں نے نام نہاد گئو رکشا کے نام پر تعاقب کرکے قتل کیا ہے۔ پولیس نے اپنی تفتیش کے دوران یہ بتایا کہ معاملہ گئو رکشا سے متعلق لگ رہا ہے۔اسی لئے سیانند مشرا نے فرید آباد پولیس سے اپیل کی تھی انہیں ایک مرتبہ جیل میں اپنے بیٹے کے قاتلوں سے ملنے دیا جائے۔
سیانند مشرا نے کہا کہ جیسے ہی وہ جیل میں ان گئو رکشکوں سے ملے تو وہ سبھی رونے لگے اور معافیاں مانگنے لگے کہ ان سے ’برہمن ہتیا‘ کا پاپ ہو گیا ہے۔ ’دی پرنٹ‘کی خبر کے مطابق اس واردات کا ماسٹر مائنڈ انل کوشک ان کے قدموں میں گر گیا اور ناک رگڑ کا معافی مانگنے لگا ۔ اس نے کہا کہ وہ کار میں بیٹھے افراد کے بارے میں سمجھا کہ وہ گائے کے اسمگلر ہیں اور مسلمان ہیں۔ اسی وجہ سے ان پر گولیاں چلائی گئیں۔ سیانند مشرا نے یہ سنتے ہی کہا کہ تمہیں گولی چلانے کا یا قانون ہاتھ میں لینے کا حق کس نے دیا۔ اگر وہ واقعی گائے اسمگلنگ کر بھی رہے تھے تو تم لوگوںکو پولیس کو خبر کرنی چاہئے تھی ۔ صرف گائے کے نام پر تم لوگ کسی بھی مسلمان کو ماردوگے؟ یہ کیسی گئو رکشا ہے کہ تم بے گناہوں کو قتل کرنے سے بھی نہیں ڈرتے اور اب اتنی ڈھٹائی سے کہہ رہے ہو کہ وہ مسلمان لگے اس لئے مار دیا! سیانند مشرا وہاں کچھ دیر تک رُکے اور پھر باہر نکل گئے۔ انہوں نے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اپنے بیٹے کے لئے انصاف کا مطالبہ کر تا ہوں کیوںکہ اس کا کوئی قصور نہیں تھا ۔ وہ تو صرف ایک عام طالب علم تھا ۔
اسی واقعہ سے متعلق آرین مشرا کی والدہ کا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کھل کر مسلمانوں کی حمایت کررہی ہیں ۔ وہ ویڈیو میں کہتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہیں کہ گئو رکشا کے نام پر ملک میں مسلمانوں کے خلاف جو نفرت اور تشددپھیلایا جارہا ہے اس کا ہی اثر ہےکہ میرا بیٹا اس کی نذر ہو گیا۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ گئو رکشک یہ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے مسلمان سمجھ کر گولی ماردی ۔ تو کیا مسلمانوں کو نشانہ بنانے ہنسی کھیل ہے۔ تم لوگ مسلمانوں کو گولی کیوں مارو گے ۔ وہ ہمارے بھائی ہیں۔ اس دیش کے رہنے والے ہیں اور وہ بھی ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ نفرت کا یہ کاروبار اب بند کیاجائے کیوں کہ اس کی وجہ سےمعصوم جانیں جارہی ہیں۔