• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میٹا نے فلسطینی صحافی انس الشریف کا اکاؤنٹ معطل کردیا

Updated: November 07, 2024, 10:06 PM IST | Gaza

غزہ میں الجزیرہ عربی کیلئے رپورٹنگ کرنے والے بے باک صحافی انس الشریف کو اس سے قبل اسرائیلی فوج کے اہلکاروں کی طرف سے دھمکیاں دی گئیں۔ ان کے محل وقوع کو لیک کیا گیا اور انہیں کوریج بند کرنے اور شمالی غزہ چھوڑنے کی وارننگ بھی دی گئی۔

Anas Al Sharif. Image: X
انس الشریف۔ تصویر: ایکس

میٹا نے فلسطینی صحافی انس الشریف کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو معطل (سسپینڈ) کر دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر الشریف کے ۱۰ لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور ان کے وویوز کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہے۔ الجزیرہ کے صحافی الشریف نے میٹا کے اس اقدام کو "فلسطینی مواد کو دبانے کی وسیع تر کوشش" قرار دیا۔ واضح رہے کہ انس الشریف، الجزیرہ عربی کے ان نامہ نگاروں میں سے ایک ہیں جن پر اسرائیل نے اکتوبر میں حماس کے مسلح ونگ کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا تھا اور انہیں ایک اپریٹیو قرار دیا تھا جو مبینہ طور پر محصور اور بمباری والے انکلیو میں گروپ کے `پروپیگنڈے` کو فروغ دے رہا تھا۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے اسرائیلی الزامات کی تردید کی اور کہا کہ اسرائیل نے بار بار قابل اعتماد ثبوت پیش کئے بغیر ایسے ہی غیر ثابت شدہ دعوے کئے ہیں۔

انس کو قابض فوج کے اہلکاروں کی طرف سے دھمکیاں دی گئیں، ان کے محل وقوع کو لیک کیا گیا اور انہیں کوریج بند کرنے اور شمالی غزہ چھوڑنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ الشریف کے ۶۵ سالہ والد اپنے گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں مارے جاچکے ہیں۔ انس الشریف کے اکاؤنٹ کی معطلی کے بعد فلسطینی حقوق کیلئے سرگرم کارکنان اور حامیوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ انہیں خدشہ ہے کہ یہ اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے اور فلسطینی کاز سے متعلق معلومات کو سینسر کرنے کی دانستہ کوشش ہو سکتی ہے۔ احمد قرائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہمیں ایسی حرکتوں کا جواب دینا چاہئے۔ وہ لاکھوں لوگوں کی آواز کو خاموش کرنے پر پچھتائیں گے۔ ایک اور صارف نے اس اقدام کو "میٹا کا شرمناک سلوک" قرار دیا۔ 

دریں اثنا، غزہ میں جاری مظالم کو دستاویزی شکل دینے کے لئے الشریف نے دوسرا اکاؤنٹ بنایا جس کے فالوورز صرف ایک دن میں ایک لاکھ سے تجاوز کرگئے۔ ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر وی) کی گزشتہ دسمبر میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، میٹا نے مواد کے متعلق ناقص پالیسیوں اور "غیر ضروری حکومتی اثر و رسوخ" کی وجہ سے سینکڑوں فلسطینی حامی پوسٹس کو ہٹایا ہے۔ انسٹاگرام کا موجودہ اقدام میٹا کی سینسر شپ پر ایچ آر وی کی رپورٹ کی صداقت کا تازہ ثبوت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK