مہاراشٹر کے تمام لیڈران نے فوجیوں کو مبارکباد پیش کی اور حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ، این سی پی سربراہ نے کہا ہمیں چین کی حمایت حاصل نہیں ہے جو کہ فکر کی بات ہے
EPAPER
Updated: May 08, 2025, 12:05 PM IST | Mumbai
مہاراشٹر کے تمام لیڈران نے فوجیوں کو مبارکباد پیش کی اور حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ، این سی پی سربراہ نے کہا ہمیں چین کی حمایت حاصل نہیں ہے جو کہ فکر کی بات ہے
معمر لیڈر اور این سی پی کے بانی شرد پوار نے پہلگام حملے کے انتقام کے طور پر پاکستانی سرحد کے اندر دہشت گردوں کے کیمپ پر کئے گئے حملے کیلئے ہندوستانی فوج کو مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت ہندو کو چوکنا رہنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ شرد پوار نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا ’’ ہندوستان کی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کو برقرار رکھنے کیلئے ہمارے فوجیوں نے پہلگام حملے کا مناسب جواب دیا ہے۔ اس کیلئے ان فوجیوں کو مبارکباد۔
پوار نےبعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’کل رات جو حملہ کیا گیا اس میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ امریکہ، جاپان اور دیگر ممالک نے ہندوستان کی حمایت کی ہے لیکن فکر کی بات یہ ہے کہ چین نے ہماری حمایت نہیں کی ہے۔ اس لئے ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اس موقع پر آپریشن سیندور کیلئے وزیر اعظم مودی کی خوب تعریفیں کیں۔ انہوں نے کہا ’’ وزیراعظم مودی نےپہلے ہی کہا تھا کہ پہلگام حملے کا جواب دیا جائے گا۔ ہم اس طرح کی حرکت برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ فرنویس کے مطابق’’ اس کے بعد پوری قوت کے ساتھ ہندوستانی فوج نے پہلگام حملے کا جواب دیا ہے۔ دہشت گردوں کے اڈے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ہے۔ یہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ یہ نیا ہندوستان ہے۔اور نیا ہندوستان اس طرح کے حملے برداشت نہیں کرے گا یہ نئے ہندوستان نے ثابت کر دیا ہے۔‘‘
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےآپریشن سیندور پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کے آنسوئوں کا انتقام قرار دیا۔ شندے نے کہا ’’ پہلگام میں بے گناہ افراد سیاحت کیلئے گئے تھے۔ ان کے بیویوں، بیٹیوں اور بہنوں کے سامنے ان کا قتل کیا گیا اور ان کی بیویوں کےماتھے سے سندور پونچھنے کا کام کیا گیا۔ انسانیت کے منہ پر کالک پوتنے والی اس حرکت پر ہمارے ملک کے وزیر اعظم مودی ان دہشت گردوں اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دیں گے یہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا۔ ‘‘ شندے نے کہا ’’ انہوں نے ہماری بیٹیوں کے اور لاڈلی بہنوںکے ماتھے سے سندور پونچھنے والوں کو سبق سکھایا ہے۔ ‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار نے کہا ہے کہ بے گناہ ہندوستانیوں کو مارنے والے دہشت گردوں کو سبق سکھانے کیلئے کی گئی اس کارروائی کیلئے ہم فوج کو مبارکباد دیتے ہیں۔ وڈیٹیوار نے کہا ہندوستان کے خلاف کسی بھی طرح کی دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہی پیغام آج کے حملے میں دیا گیا ہے۔ ہمیں اپنی فوج کے تحمل اور قوت ارادی پر فخر ہے۔‘‘