Inquilab Logo

گرام پنچایت ا لیکشن : نتائج کے بعد بھی دعوؤں کی جنگ

Updated: October 19, 2022, 9:36 AM IST | Mumbai

سرکاری نتائج کے مطابق ۲۳۹؍ گرام پنچایتیں جیتنے والی بی جے پی نے۳۹۷؍ پر جیت کا دعویٰ کیا ،ادھو گروپ کے مطابق ایم وی اے ۷۸۱؍ گرام پنچایتوں پر جیتی ہے

Shinde Group and Farnavis jointly claimed victory in 478 Gram Panchayats
شندے گروپ ا ور فرنویس نے متحدہ طورپر ۴۷۸؍ گرام پنچایتوں پر جیت کا دعویٰ کیا ہے

گزشتہ روز ۱۰۷۹؍ گرام پنچایتوں کے  انتخابات  کے نتائج کا اعلان کیاگیا تھا جن کے مطابق مہا وکاس اگھاڑی کی پارٹیوںکانگریس ، این سی پی اور ادھوشیوسینا گروپ  نے کل ملا کر ۴۵۱؍ گرام پنچایتیں جیتیں۔پارٹی کی مناسبت سے دیکھا جائے تو بی جےپی کا غلبہ رہا ہے جس نے گرام پنچایتوں کی ۲۳۹؍ سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔جبکہ این سی پی  کے حصے میں۱۵۵؍ گرام پنچایتیں آئیں ۔ اگر ہم مہا وکاس اگھاڑی کے خلاف بی جے پی اور شندے گروپ پر غور کریں تو مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے) کو زیادہ سیٹیں ملی ہیں۔ بی جے پی اور شندے گروپ نے کل۳۵۲؍ سیٹیں جیتی ہیں جب کہ ایم وی اے نے ۴۵۱؍سیٹیں جیتی ہیں۔  ان انتخابات میں ادھو ٹھاکرے گروپ کو۱۵۳؍ سیٹیںجبکہ شندے گروپ کو۱۱۳؍ سیٹیں ملی ہیں۔ ان اعلان کردہ نتائج کے بعداب  یہ پارٹیاںمزیددعویٰ کررہی ہیں۔
 گرام پنچایتوں کے انتخابات سیاسی پارٹیوں کے نشان پر نہیں لڑے جاتے، پھر بھی لیڈران اپنی  اپنی پارٹی کی جیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے۸؍ اضلاع میں۱۰۷۹؍ گرام پنچایتوں کے انتخابی نتائج کے بعد اب دعوؤں کی جنگ چھڑ گئی ہے۔حکمراں اتحاد اور اپوزیشن نے ریاست میں اپنی اپنی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد بی جے پی نے سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔نتائج کے مطابق بی جےپی  نے ۲۳۹؍ گرام پنچایتوں پر قبضہ کیا ہے جبکہ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا ہے کہ بی جے پی نے سب سے زیادہ۳۹۷؍ گرام پنچایتیں جیتی  ہیں۔جب کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی بالا صاحب کی شیوسینا نے۸۱؍ گرام پنچایتوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے) نے   اپنی بڑی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔
 این سی پی کے صدر جینت پاٹل نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق این سی پی سب سے آگے ہے۔ کانگریس کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات میں کانگریس کے نظریات کے حامل  امیدواروں نے کئی جگہوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
ایم وی اے کا ۴۵۱؍ سے زائدگرام پنچایتوں  پر جیت کا دعویٰ 
 اشوک چوان نے کہا ہے کہ کانگریس، این سی پی اور ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا نے مل کر۲۹۹؍گرام پنچایتیں جیتی ہیں۔ کئی گرام پنچایتوں میں آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ایم وی اے نے مجموعی طورپر ۴۵۱؍ سے زائد گرام پنچایتوں پر جیت کادعویٰ کیا ہے جبکہ نتائج کے مطابق ایم وی اے کو۴۵۱؍ سیٹیں ملی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ حکمراں پارٹی نے ۵۰۰؍ سے زیادہ گرام پنچایتیں جیتی ہیں۔
 ریاست بھر کے۱۷؍ اضلاع میں۱۱۶۵؍ گرام پنچایتوں کے انتخابی نتائج کے بعد ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا، این سی پی اور کانگریس  پر مشتمل   مہا وکاس اگھاڑی ایک طرف ہے جبکہ  دوسری طرف ایکناتھ شندے کی قیادت میں بی جے پی اور شیوسینا کا گرو پ  ہے۔
پٹولے نے بی جےپی کے دعوے کو گمراہ کن  بتایا  ،
 فرنویس نے کارکنوں کو مبارکباد دی 
 بی جے پی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے  بی جے پی کارکنوں کو زیادہ سے زیادہ  پنچایتوں پر کنٹرول حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دعویٰ کیا کہ یہ ایم وی اے ہے جس نے زیادہ سے زیادہ گرام پنچایتوں پر قبضہ کیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی کے دعوے گمراہ کن ہیں، وہ ہمیشہ زیادہ سے زیادہ گرام پنچایتوں پر جیت کا دعویٰ کرتی ہے۔ کانگریس کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ ماضی میں بھی اس نے بی جے پی سے زیادہ گرام پنچایتیں جیتی تھیں۔
بی جے پی اور شندے گروپ کا  دعویٰ
 بی جے پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق۱۱۴۱؍  گرام پنچایتوں میں سے۹۴۶؍ کے نتائج ظاہر کئے گئے ہیں۔  جن میں  سےبی جے پی۳۹۷؍پر ،شیوسینا  شندے گروپ ۸۱؍ پر، شیوسینا ادھو ٹھاکرے گروپ  ۸۷؍ پر، کانگریس ۱۰۴؍ پر، این سی پی اور سی پی آئی ۸۷؍ پر، آزادامیدوارو ں نے ۹۵؍ پر جبکہ  دیگر ۱۷؍ پر جیت حاصل کی ہے۔ شیو سینا کے ٹھاکرے گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم وی اے نے۷۸۱؍ پنچایتوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جب کہ بی جے پی اور شندے گروپ  نے ۳۶۱؍اور دیگر نے ۲۳؍ پر کامیابی حاصل کی ہے۔این سی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے۲۸۷؍، بی جے پی کو۲۶۴؍، کانگریس کو۲۵۱؍،ادھو ٹھاکرے گروپ کو۲۴۳؍ اور شندے گروپ کو۹۷؍ پر کامیابی ملی ہے۔ 
`تھانے کی ۸۰؍ فیصد گرام پنچایتو ں پرجیت کادعویٰ
  نائب وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ بی جے پی کا غلبہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں لوگوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ لوگوں نے ایکناتھ شندے اور میری قیادت والی نئی حکومت پر اعتماد ظاہر کیا ہے، ہم نے مل کر۴۷۸؍گرام پنچایتوں پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔ ہم ایم وی اےکی مشترکہ طاقت سے آگے ہیں۔  ادھوٹھاکرے کے ایک ترجمان نے کہا کہ پارٹی نے کوکن کے علاقے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں جبکہ شندے گروپ کا صفایا کر دیا گیا۔ شندے گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس نے تھانے ضلع میں۸۰؍ فیصد سیٹیں جیت لی ہیں۔  واضح رہےکہ تھانہ  وزیر اعلیٰ شندے کا آبائی شہر ہے۔بی جے پی اور شندے گروہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ضلع میں۱۲۱؍گرام پنچایتیں جیتی ہیں (شندے گروپ۶۳؍، بی جے پی۵۸؍) جبکہ ٹھاکرے کی قیادت والی سینا اور ایم وی اے نے صرف۲۸؍ گرام پنچایتیں جیتی ہیں۔ ایک سینئر بیوروکریٹ نے کہا ہے کہ پارٹیوں کے دعوؤں کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ یہ انتخابات سیاسی جماعتوں سے وابستگی کی بنیاد پر نہیں لڑے جاتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK