Inquilab Logo

کورونا کے مریضوں کیلئے جی ٹی اور سینٹ جارج اسپتال خالی کرانے کافیصلہ

Updated: March 28, 2020, 6:20 AM IST | Nadeem Asran / Agency | Mumbai

مہاراشٹر میں  مریضوں  کی تعداد ۱۵۳؍ ہوگئی، جمعہ کو ۲۸؍ نئے مریضوں  کی تصدیق، ۸۵؍سالہ ڈاکٹر کی موت ، ’کووِڈ-۱۹‘ سے متاثر ہونے کا شبہ۔

Citizens in Mumbai have become more cautious. Photo: PTI
ممبئی میں شہری زیادہ محتاط ہوگئے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ریاست میں  کورونا کے مریضوں  کے مسلسل اضافے کو دیکھتے ہوئے نیز مستقبل میں  کسی بھی طرح کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنےکیلئے آپ کو تیار کرتے ہوئے کستوربا گاندھی اسپتال کے علاوہ سینٹ جارج اور جی ٹی اسپتال کو بھی کورونا کے علاج کا مرکز بنانے کافیصلہ کیا ہے۔اس کے لئے دونوں  اسپتالوں کو خالی کرانے کا سلسلہ جنگی پیمانے پر شروع ہوگیا ہے ۔مریضوں  کو جے جے اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا جارہاہے۔اس بیچ حکومت مہاراشٹر نے ریاست میں  ۲۸؍ نئے مریضوں کے ساتھ ریاست میں  جمعہ کی شام تک کورونا کے مریضوں  کی کل تعداد ۱۵۳؍ ہوجانے کی تصدیق کی ہے۔ بہرحال ایک طرف جہاں  نئے افراد کےمتاثر ہونے کاسلسلہ جاری ہے وہیں  یکے بعد دیگرے مریض صحت یاب بھی ہورہے ہیں ۔ جمعہ کو پونے اور پمپری چنچوڑ کے ۵؍ مریضوں  کو علاج کے بعد کورونا سے متاثر ہونے کی منفی رپورٹ آنے کے بعد اسپتال سے رخصت کردیاگیا۔ 
مہاراشٹر میں  مریضوں  کی تعداد ۱۵۳؍ ہوگئی
 ریاستی حکومت کے ذریعہ فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق جمعہ کو مہاراشٹر میں  ۲۸؍ نئے مریضوں  کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ۱۵؍ سانگلی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس بیچ ۸۵؍ سالہ ڈاکٹر جس کے بارے میں  شبہ ہے کہ وہ کورونا سے متاثر تھے، کا جمعہ کو ایک نجی اسپتال میں  علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ نجی اسپتال کا دعویٰ ہے کہ جانچ رپورٹ میں  ۸۵؍ سالہ ڈاکٹر کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ ابھی رپورٹ کا انتظار کیا جارہاہے۔ مذکورہ ڈاکٹر کے دوقریبی رشتہ دار حال ہی میں  برطانیہ سے لوٹے ہیں ۔ اس دوران مہاراشٹر میں  اب تک مکمل صحت یاب ہونےکے بعد ۲۴؍ مریضوں  کو اسپتال سے چھٹی دی جاچکی ہے۔ جمعہ کو ریاست بھر میں  ۲۵۰؍ نئے مریضوں  کو کورونا سے متاثر ہونے کے شبہ میں  داخل کیاگیاہے۔ 
ممبئی کے دو بڑے اسپتال خالی کرنےکافیصلہ
  کورونا کے مریضوں  کی تعداد میں  اضافے کے پیش نظر ریاستی محکمہ صحت اور شہری انتظامیہ نے شہر کے دو بڑے سرکاری اسپتالوں جی ٹی اور سینٹ جارج کو صرف اور صرف کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان اسپتالوں  میں زیر علاج دیگر مریضوں کو جے جے یا شہر کے دوسرے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔  کرافورڈ مارکیٹ کے قریب واقع جی ٹی اور سینٹ جارج اسپتال نزدچھترپتی شیواجی ٹرمنس، میں زیر علاج جن مریضوں کی حالت بہتر ہے اور گھر روانہ کیا جاسکتا تھا انہیں اسپتال سے رخصت کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جنہیں مسلسل اسپتال میں رکھ کر علاج کرانے کی ضرورت ہے انہیں جے جے اور شہر کے دوسرے سرکاریب اسپتالوں میں منتقل کرنے کی تیاری جنگی پیمانے پر جاری ہے۔اب تک شہر میں کوروناکے مشتبہ مریضوں کو شہر اور مضافات کے پرائیویٹ اسپتالوں کے علاوہ، جے جے، نائر، کے ای ایم اور بھابھا اسپتال کے علاوہ کستوربا اسپتال میں رکھا جارہا ہے۔ فی الحال شہر میں کورونا کے علاج کا مرکز کستوربا اسپتال ہی ہے ۔
 مریضوں کی بڑھتی تعداد اور شہر میں کورونا وائرس کی وبا کے تیزی سے پھیلنے کے سبب ریاستی محکمہ صحت اور شہری انتظامیہ نے جی ٹی اور سینٹ جارج اسپتال کو کورونا کے مریضوں کا سینٹر بنانے اور اس مرض میں مبتلا افراد کو رکھنے کے فیصلے کے تعلق سے محکمہ صحت کے سربراہ تاتیا راؤ لاہانے نے بتایا کہ’’ سینٹ جارج اور جی ٹی کو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اس کی وجہ یہ ہے جن لوگوں کو ہوم کورینٹائن کا تھپا لگا کر گھروں بلڈنگوں یا ہوٹلوں میں رکھا جارہا ہے ان میں سے اکثر کے فرار ہونے سے اس وبا کےتیزی سے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔‘‘ٹی پی لاہانے کے مطابق یہی وجہ ہے کہ مذکورہ بالا اسپتالوں کو کورونا وائرس کے مریضوں کا سینٹر بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اطلاع کے مطابق دونوں اسپتالوں میں کل۵۵۰؍ بیڈ ہوں گے جبکہ جدید وینٹی لیٹر سے لیس ۱۰۰؍ بیڈ بھی ہیں ۔ ڈاکٹر لاہانے کا کہنا ہے کہ سینٹ جارج میں ۳۰۰؍ بیڈ کے علاوہ انتہائی نگہداشت والے کمرے میں ۷۰؍ بیڈ ہوں گے جبکہ جی ٹی میں ڈھائی سو بیڈ کے علاوہ انتہائی نگہداشت والے کمرے میں ۳۰؍بیڈ ہوں گے ۔
ممبئی میں جمعہ کو۹؍ نئے مریضوں کی تصدیق،۴؍ رابطہ میں آنے سے متاثر ہوئے 
 ممبئی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)  کے محکمہ صحت کے مطابق جمعہ کو ۹؍ نئے مریضوں کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیاہے ۔ ان میں ۶؍ ممبئی کے ہیں   جبکہ ۳؍ بیرونِ ممبئی کے رہنے والےہیں ۔۹؍ میں سے ۴؍ شہریوں کوکووڈ ۱۹؍ سے متاثر رشتے داروں سے رابطہ میں آنے کی وجہ سے یہ مرض لاحق ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی میں ۲۵؍ جنوری ۲۰۲۰ ء سے اب تک کورونا کےمصدقہ مریضوں  کی تعداد ۸۶؍ ہوگئی ہے۔ ان میں ۵؍ کی موت واقع ہو چکی ہے جن میں ۳؍ممبئی اور ۲؍ بیرون ممبئی کے شہری ہیں ۔ جمعہ کو ۲۰۹؍ مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔جو نئے مریض ملے ہیں ان میں ۳؍ سعودی عربیہ اور ۲؍ امریکہ سے لوٹے ہیں جبکہ ۴؍ ان کے قریبی ہیں ۔ بیرون ممالک کے ۲۲۲؍ شہریوں کو ممبئی میں  کورینٹائن یعنی تنہائی میں  رکھاگیاہےتاکہ اگر وہ متاثرہ ہوں توان سے کوئی اور متاثر نہ ہونے پائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK