Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مراٹھی امتحان کی تیاری کیلئے رہنمائی کی جائے گی‘‘

Updated: April 18, 2026, 11:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

رکشا اور ٹیکسی یونینیں تربیتی کیمپ منعقد کریں گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے یکم مئی سے مراٹھی ٹیسٹ لینے کیلئے’ ایس او پی‘ کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے خلاف یونین نےہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا۔

A report on drivers` performance in the Marathi test will also be prepared. Photo: INN
مراٹھی ٹیسٹ سے متعلق ڈرائیوروں کی رپورٹ بھی ترتیب دی جائے گی۔ تصویر: آئی این این

ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں پر مراٹھی کو جاننے، بولنے اور لکھنے کو لازمی قراردیا اور اس تعلق سے مراٹھی ٹیسٹ بھی لینے والی ہے جس کے پیش نظریونینوں نے ڈرائیوروں کی رہنمائی کیلئے تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی محکمہ ٹرانسپورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے بھی رجوع ہوں گی۔ 
ٹیسٹ میں کیاپوچھا جائے گا؟
ممبئی و اطراف کےتمام آر ٹی اوز میں مراٹھی ٹیسٹ کیلئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر( ایس او پی) بنایا جارہا ہے۔ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذریعہ ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کو مراٹھی لکھنے، پڑھنے اور بولنے سے متعلق جس ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا ہے، اس کے دوران شہر اور مضافات کے ہر آر ٹی اوز میں ڈرائیوروں کو اسکول کی نصابی کتابوں سے مراٹھی کے چند جملے یا ایک پیراگراف پڑھنے کے علاوہ تحریری امتحان دینا ہوگا اورمراٹھی میں بات چیت کرنے کا بھی ٹیسٹ لیا جائے گا۔ اس ٹیسٹ کے دوران کئے جانے والے سوال و جواب کے مرحلہ میں ڈرائیور وں کو کرایہ اور شہر ومضافات کے راستوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ 
رکشا ڈرائیوروں کو مراٹھی، پڑھنا، لکھنا اور بولنا لازمی قرار دیئے جانے اور اس تعلق سے بنائے جارہے ’ ایس او پی‘ کے مطابق اس ٹیسٹ کے دوران مراٹھی میں کمزور ڈرائیوروں کو فوری طور پر مسترد نہیں کیا جائے گا۔ ایک آر ٹی او آفیسر کے بقول مراٹھی بولنے، لکھنے اور پڑھنے میں کمزور ڈرائیوروں کو اس کی تیاری کے لئے موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ دوسری بار لئے جانے والے ٹیسٹ میں اپنی خامیوں ، غلطیوں اور کمزوریوں کو دور کر سکے۔ اس تعلق سے ممبئی کے ۴؍ آر ٹی اوز سمیت تھانے، نوی ممبئی اور اطراف کے کل ۵۹؍ آر ٹی او میں ’ ایس او پی‘ کے تحت ٹیسٹ لیا جائے گا ساتھ ہی ڈرائیوروں کی رہنمائی بھی کی جائے گی۔ 
اس ضمن میں آر ٹی او انسپکٹر مراٹھی ٹیسٹ سے متعلق ڈرائیوروں کی رپورٹ بھی ترتیب دیں گے۔ البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ کتنی مرتبہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: یکم مئی سے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی جاننا لازمی

ڈرائیوروں کو اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جب ٹیسٹ میں ناکامی کے سبب ان کا پرمٹ منسوخ کیا جائے گا۔ اس کا حتمی فیصلہ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کرے گا۔ 
مفت تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا
ایک طرف بی جے پی کے آٹو اور ٹیکسی سیل کے صدر کے کے تیواری نے مراٹھی لازمی کئے جانے کے فیصلہ پر شمالی ہندوستان کے ڈرائیوروں کے لئے مراٹھی لکھنے، پڑھنے اور بولنے کیلئے مفت تربیتی کیمپ کا اہتمام کرنے کی اطلاع دی ہے ساتھ ہی مئی کی تعطیلات میں اکثرشمالی ہندوستان سےتعلقرکھنے والے ڈرائیوراپنےآبائی وطن جاتے ہیں اس لئےانہوں نے تعطیلات کے بعد اس کا اہتمام کرنے کی ہامی بھری ہے۔ 
قانونی جنگ لڑیں گے: یونین لیڈر
دوسری جانب اس کی شدید مخالفت کرتے ہوئے آٹو رکشا اینڈ ٹیکسی مین یونین کے صدر ششانک راؤ نےکہا کہ ’’ ریاستی محکمہ ٹرانسپور ٹ کے اس عمل سے بڑے پیمانے پر سماجی اور معاشی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کی انتقامی کارروائی ہے۔ شہر و مضافات ہی نہیں بلکہ ریاست بھر میں ڈرائیورقرض لے کر آٹو یا ٹیکسی چلاتے ہیں ۔ اگر ان کا پرمٹ منسوخ کر دیا گیا تو نہ صرف ان کا روزگار ختم ہوجائے گا بلکہ وہ گاڑی کی قسط بھی ادا نہیں کرسکیں گے۔ ‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’ممبئی اور ریاست بھر میں ۱۵؍ سال سے پرمٹ کے ساتھ رکشا یا ٹیکسی چلانے والے زبان کی قید کے بغیر گاڑی چلانے کے حقدار ہیں اس لئے اس فیصلہ کو واپس لیا جانا چاہئےورنہ ہم عدالت سے رجوع ہوں گے اور اپنے حق کیلئے اس وقت تک قانونی جنگ لڑیں گے جب تک ہمیں انصاف نہیں مل جاتا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK