امسال ۱۷؍ لاکھ سے زائد عازمین نے یہ فریضہ پرسکون اور روحانی ماحول میں انجام دیا۔
EPAPER
Updated: May 31, 2026, 9:59 AM IST | Mecca
امسال ۱۷؍ لاکھ سے زائد عازمین نے یہ فریضہ پرسکون اور روحانی ماحول میں انجام دیا۔
سعودی عرب میں سالانہ حج کا عظیم اجتماع اختتام پذیر ہوگیا جہاں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین نےسنیچر کو مسجد الحرام میں طوافِ وداع ادا کرکے حج کی تکمیل کی۔سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق حج کی ادائیگی ’’پُرسکون، روحانی اور ایمان افروز ماحول‘‘ میں مکمل ہوئی، جہاں عازمین نے امن و سکون کے ساتھ مناسکِ حج ادا کئے۔سعودی ادارۂ شماریات کے مطابق اس سال ۱۷؍ لاکھ ۱۰؍ ہزار سے زائد عازمین نے فریضہ ٔحج ادا کیا۔ ان میں ۱۵؍ لاکھ سے زائد بیرونِ ملک سے آئے زائرین تھے جو۱۶۵؍ مختلف ممالک کی نمائندگی کررہے تھے جبکہ سعودی عرب کے اندر سے ایک لاکھ ۶۰؍ ہزار سے زیادہ افراد نے فریضۂ حج ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: کانگو میں ایبولا کی روک تھام کی بہ نسبت پھیلاؤ زیادہ تیز: طبی اداروں کا انتباہ
اس سال عازمین کی تعداد گزشتہ برس کے ۱۶؍لاکھ ۷۰؍ ہزار کے مقابلے میں کچھ زیادہ رہی تاہم ۲۰۲۴ءء میں حج ادا کرنے والے ۱۸؍ لاکھ ۳۰؍ ہزار سے زائد عازمین کی تعداد سے کم رہی۔ یاد رہے کہ حج کے باضابطہ مناسک کا آغاز پیر کے روز منیٰ میں عازمین کی آمد سے ہوا تھا، جہاں سعودی حکام کی جانب سے سیکوریٹی اور سہولیات کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے تاکہ حجاج کرام اپنے مذہبی فرائض اطمینان کے ساتھ ادا کرسکیں۔ چھ روزہ حج کے دوران عازمین نے میدانِ عرفات میں وقوف، مزدلفہ میں شب بسری، شیطان کو کنکریاں مارنا اور دیگر اہم ارکان ادا کئےجبکہ سنیچر کو بیت اللہ کا طوافِ وداع کرکے اس روحانی سفر کو مکمل کیا۔ اسکے بعد مکہ سے حاجیوں کی روانگی بھی شروع ہو گئی ہے۔ بہت سے حاجی مدینہ منور ہ جارہے ہیں جبکہ کچھ وطن واپس آئیں گے۔