Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہارورڈ یونیورسٹی گریجویشن تقریب: سورہ العلق کی آیات سے آغاز

Updated: June 02, 2026, 6:57 PM IST | Cambridge

ہارورڈ یونیورسٹی کی ۲۶؍ مئی کو گریجویشن تقریب میں طالبہ سہیلہ مختار نے سورہ العلق کی آیات کی تلاوت کی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ عید الاضحی کے موقع پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں مختلف مذاہب کے مقدس متون بھی پیش کئے گئے۔

Student Suheila Mukhtar. Photo: INN
طالبہ سہیلہ مختار۔تصویر: آئی این این

دنیا کی معروف ہارورڈ یونیورسٹی کی سالانہ بیکلاوریٹ تقریب میں ایک مسلمان طالبہ کی جانب سے قرآن کریم کی تلاوت نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی۔ ۲۶؍ مئی کو منعقد ہونے والی تقریب میں طالبہ سہیلہ مختار نے قرآن مجید کی سورہ العلق کی ابتدائی آیات کی تلاوت کی، جس کا ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے تاریخی ٹرسنٹینری تھیٹر (Tercentenary Theatre) میں منعقد ہونے والی بیکلاوریٹ تقریب گریجویشن ہفتے کی ایک اہم روایت سمجھی جاتی ہے۔ اس تقریب میں مختلف مذاہب اور ثقافتی روایات کی نمائندگی کی جاتی ہے اور دنیا کے بڑے مذاہب سے دعائیں، مقدس متون اور روحانی پیغامات پیش کئے جاتے ہیں۔ یونیورسٹی کے پروگرام کے مطابق سہیلہ مختار نے قرآن کریم کی آیات عربی زبان میں پیش کیں جبکہ ان کا انگریزی ترجمہ ایک دوسری طالبہ نے پڑھ کر سنایا۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by InfoGram (@infogrambd)

اس سال تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ یہ عید الاضحی ۱۴۴۷؍ ہجری کے ایام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کے باعث مسلم طلبہ اور شرکاء کیلئے اس کی معنویت مزید بڑھ گئی۔ تقریب میں عیسائیت، یہودیت، ہندو مت، بدھ مت اور دیگر مذہبی روایات کے نمائندہ اقتباسات بھی شامل کئے گئے، جس کا مقصد مختلف عقائد کے درمیان احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ سہیلہ مختار نے سورہ العلق کی ابتدائی آیات کی تلاوت کی، جو پہلی وحی ہے۔ ان آیات کا آغاز لفظ ’’اقرا‘‘ (پڑھو) سے ہوتا ہے۔ نبی کریم ﷺ پر نازل ہونے والا پہلا پیغام علم، تعلیم اور مطالعے کی اہمیت پر مشتمل تھا۔ اسی وجہ سے بہت سے مبصرین نے تعلیمی ادارے کی گریجویشن تقریب میں سورۂ علق کی تلاوت کو انتہائی موزوں اور بامعنی قرار دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ ایران جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کھلنے کا معاہدہ آئندہ ہفتے متوقع : ٹرمپ

تقریب کا ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے اسے شیئر کیا۔ متعدد صارفین نے اسے مذہبی تنوع، بین المذاہب احترام اور علمی ماحول میں اسلامی تعلیمات کی نمائندگی کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا۔ کئی مسلم صارفین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دنیا کی ایک ممتاز یونیورسٹی میں قرآن کریم کی تلاوت کو باقاعدہ تقریب کا حصہ بنایا گیا۔ 
واضح رہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی کی بیکلاوریٹ تقریب کئی دہائیوں پرانی روایت ہے اور اسے گریجویشن تقریبات کا روحانی اور فکری پہلو سمجھا جاتا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس تقریب کا مقصد طلبہ کو تعلیمی زندگی سے عملی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل مختلف مذہبی اور اخلاقی روایات سے روشناس کرانا اور انسانیت، علم اور خدمت کے مشترکہ اصولوں کو اجاگر کرنا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK