Inquilab Logo

نفرت جیت گئی، فنکارہار گیا،الوداع : منور فاروقی،اسٹینڈ اَپ کامیڈی کوخیرباد

Updated: November 29, 2021, 10:44 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بھگوا عناصر کی دھمکیوں کی بنا پر ۲؍ مہینوں میں ۱۲؍ شو منسوخ ، اتوار کو بنگلو میں بھی ’’ڈونگری ٹو نو وہیر‘‘عنوان پر شو نہیں ہونے دیا گیا، آزادیٔ اظہار پر سوالیہ نشان

Stand-up comedian Munawar Farooqi.Picture:INN
علامتی ت اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی۔ تصویر: آئی این این

معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی    جو بھگوا عناصر کے نشانے پر ہیں، نے اتوار کو بنگلور میں بھی ہندوتواوادی شرپسندوں کی دھمکی کی وجہ سے اپنا شومنسوخ ہونے پر اسٹینڈ  اپ کامیڈی کو الوداع کہنے کا اشارہ دیا ہے۔جو لطیفہ انہوں  نے مبینہ طور سنایا  ہی نہیں،اس کی پاداش میں ایک ماہ تک جیل میں  رہنے   والے منور فاروقی  کے جیل سے رہائی کے بعد شو نہیں ہونے دیئے جارہے ہیں۔ گزشتہ ۲؍ مہینوں میں ان کے ۱۲؍ شو صرف اس لئے  منسوخ کردیئے گئے کہ ہندوتوا وادیوں  نے توڑ پھوڑ اور حملے کی دھمکی دی تھی۔ شری عناصر کو روکنے کے بجائے پولیس کی جانب سے شو کو ہی منسوخ کرنے کی اس روش   سے کبیدہ خاطر ہوکر منور فاروقی  نے اتوار کو  بنگلور میں اپنا شو منسوخ ہونے پر جذباتی پیغام لکھ کر الوداع کہا ہے۔  اتوار کو شام ۵؍ بجے بنگلور کے گُڈ شیفرڈ آڈیٹوریم میں’’ڈونگری سے نو وہیر‘‘ (ڈونگری سے کہیں نہیں)  کے عنوان سے منور فاروقی کا اسٹینڈ اَپ کامیڈی شوہونے والاتھا جس کیلئے ۶؍ سوٹکٹ فروخت ہوگئے تھے مگر بھگو ا عناصر نے شو ہونے پر شرانگیزی کی دھمکی دے ڈالی۔ نتیجے میں  پولیس نے ایک مکتوب لکھ کرمنور فاروقی کو ’’متنازع شخصیت‘‘قرار دیتے ہوئے  شو منسوخ کرنے کی ہدایت دی ۔  پولیس نے اس کیلئے نظم ونسق کا مسئلہ پیدا ہونے کا جواز پیش کیا۔ اس سے قبل ممبئی میں بھی بجرنگ دل کی دھمکیوں کی وجہ سے منور فاروق کا شو منسوخ ہوچکاہے۔ بنگلور میں ہندو جاگرن سمیتی  کے لیڈر موہن گوڑا کا دعویٰ ہے کہ اس نے پولیس کمشنر سے ملاقات کرکے شو منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی  اور آگاہ کردیا تھا کہ اگر شو ہوا تووہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس کے خلاف احتجاج کریںگے۔ شو کی منسوخی سے دلبرداشتہ ہوکر منور فاروقی نے اسے ناانصافی قرار دیتے ہوئے اسٹینڈ اَپ کامیڈی کو ہی الوداع کہنے کا اعلان کیا اوراس کیلئے انسٹا گرام پر ایک تفصیلی پوسٹ بھی کی۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’میرے خیال سے یہ اختتام ہے۔  میرا نام منور فاروقی ہے اور شاید اتنا ہی میرا وقت تھا۔ آپ بہت اچھے سامع تھے۔ الوداع ، میں تھک گیا ہوں۔‘‘  اس سے قبل انہوں نے لکھا ہے کہ ’’آج بنگلور کا شو (توڑ پھوڑ کے اندیشوں کے پیش نظر ) منسوخ ہو گیا۔ ہم نے ۶؍ سو سے زیادہ ٹکٹ فروخت کئے تھے۔‘‘ انہوں  نےبتایا کہ اس شو کے ذریعہ وہ آنجہانی پونیت راج کمار کی تنظیم کیلئے عطیہ اکٹھا کرنے والے تھےمگر تنظیم کے مشورہ پر اس کا اعلان نہیں کیاگیاتھا۔ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے انہوں  نے انسٹا گرام پوسٹ پر مزید لکھا ہے کہ’’ایک ایسے لطیفے کیلئے جو میں نے سنایا ہی نہیں ایک ماہ تک مجھے جیل میں رکھنے سے لے کر میرے ان پروگراموں کی منسوخی تک جن میں کچھ متنازع تھا ہی نہیں، سب کچھ نامناسب ہے۔‘‘ بنگلور کے مجوزہ  شو کے تعلق سے انہوں بتایا کہ ’’بلا تفریق مذہب اس شو کو غیر معمولی پیار ملا ۔ ہمارے پاس سینسر سرٹیفکیٹ بھی ہے۔ اس میں واضح طور پر کچھ بھی متنازع نہیں ہے۔ ہم ۲؍ مہینوں میں ۱۲؍ جگہوں  پر اپنے شو حملے اور سامعین کو خطرات کی دھمکیوں کی وجہ سے منسوخ کرچکے ہیں۔‘‘اس کے ساتھ ہی  انہوں  نے کامیڈی کو الوداع کہنے کا اشارہ کرتے ہوئے شاعری کی ہے کہ’’ٹوٹنے پہ ان کی خواہش ہوگی پوری، صحیح کہتے ہیں میں ستارہ بن گیا ہوں۔‘‘ منور فاروق کے اس اعلان پر سوشل میڈیا پر سمجھدار صارفین نے افسردگی کااظہار کیا ہے۔ فلم اداکارہ سورا بھاسکر نے منور کا پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ دل توڑ دینے والا ا ور شرمناک ہے کہ کیسے ہم نے اپنے سماج میں دھمکیوں کو معمول بننے دیا۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK