• Fri, 09 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی، رائے گڑھ ، رتنا گیری میں گرمی کی لہر

Updated: October 09, 2026, 12:15 PM IST | Shahab Ansari/ Agency | Mumbai

انتباہ جاری ، تھانے، پال گھرمیں یلو الرٹ، سندھو درگ میں دن میں شدید گرمی اور شام میں ہلکی بارش کا امکان۔

A pedestrian on Marine Drive shielding themselves from the intense sun. Photo: Ashish Raje
مرین ڈرائیو پر ایک راہ گیر دھوپ کی شدت سے یوں بچتے ہوئے۔ تصویر:آشیش راجے

شہرسمیت مہاراشٹر میں اکتوبر میں عام طور پر مئی جیسی گرمی پڑتی ہے لیکن امسال ’ایل نینو‘ کے سبب گرمی کی شدت معمول سے زیادہ ہے اور محکمہ موسمیات نے آج، جمعہ کیلئے ممبئی، رائے گڑھ اور رتنا گیری میں گرمی کی لہر چلنے کی وارننگ جاری کی ہے جبکہ تھانے اور پال گھر میں گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور سندھو دُرگ میں دن میں شدید گرمی اور شام کے وقت گھن گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ کیلئے تھانے اور پال گھر کیلئے گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا ہے جبکہ ممبئی اور رائے گڑھ میں گرمی کی لہر چلنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔  اس کے علاوہ تھانے اور رائے گڑھ کیلئے سنیچر کیلئے بھی گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور اس روز رتنا گیری میں دن میں شدید گرمی اور شام کے وقت گرج چمک کےساتھ ہلکی بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ممبئی ساحل سمندر پر آباد ہے اسلئے یہاں محکمہ موسمیات کی ۲؍ مشاہدہ گاہیں ہیں اور اگر ان پر لگاتار ۲؍ دن تک ۳۷؍ ڈگری سیلسیئس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے تو گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا جاتا ہے۔ جمعرات کو سانتا کروز میں واقع محکمہ موسمیات کی مشاہدہ گاہ میں معمول سے ۵ء۴؍ ڈگری زیادہ ۶ء۳۷؍ جبکہ قلابہ میں معمول  سے ۹ء۳؍ ڈگری زیادہ ۵ء۳۶؍ اور تھانے میں ۲ء۳۷؍ ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: اسٹارلنک کی منظوری میں تاخیر پر مسک کا سوال: کیا امبانی اصل سربراہ ہیں؟

جمعرات کو ممبئی سے قریب ترین ہل اسٹیشن مہابلیشور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۷ء۲؍ جبکہ ماتھیران میں ۳۱ء۲؍ درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ  رتنا گیری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۸ء۷، مالیگائوں میں ۳۸ء۴، جلگائوں ۳۷ء۹، شولا پور ۳۷ء۷، جالنہ ۳۷ء۱، اورنگ آباد اور ناسک ۳۶ء۶، پربھنی ۳۶ء۲، پونے ۳۵ء۲؍ اور علی باغ ۳۵؍ ڈگری سیلسیئس رہا۔  ماہرین کے مطابق اس سال اکتوبر اور نومبر میں ممبئی اوراطراف میں شدید گرمی کا امکان ہے۔

حاملہ خواتین زیادہ متاثر

طبی ماہرین کے مطابق بڑھتی گرمی اور زیادہ درجہ حرارت میں زیادہ وقت گزارنے سے حاملہ خواتین کو جسم میں پانی کی کمی، تھکاوٹ اور صحت سے متعلق دیگر تکالیف ہوسکتی ہیں۔ ممبئی میں اپولو اسپیکٹرا ہاسپٹل سے وابستہ خواتین کے امراض کی ماہر ڈاکٹر شفاء پان والا کے مطابق گزشتہ ۵؍ برسوں کے دوران گرمی سے متاثرہ حاملہ خواتین مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انکے مطابق گرمی بڑھنے پر جسم کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے تھکاوٹ، جسمانی کمزوری، چکر آنا، بلڈ پریشر بڑھنا یا پھر حمل سے متعلق کچھ شکایتیں بھی ہوسکتی ہیں اس لئے ایسی خواتین کو  احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔

رات کے درجہ حرارت میں اضافہ

گزشتہ چند برسوں کے دوران ممبئی میں رات کے درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ۱۹۸۰ء سے ۲۰۱۰ء کے درمیان اوسط درجہ حرارت ۴ء۲۵؍ سے ۹ء۲۵؍ ڈگری سیلسیئس ہوا کرتا تھا۔ اس وقفہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۹ء۳۱؍ سے ۳۲؍ اور کم سے کم درجہ حرارت ۹ء۱۸؍ سے ۷ء۱۹؍ ڈگری سیلسیئس تک درج کیا جاتا تھا۔ تاہم ۲۰۱۱ء سے ۲۰۲۴ء کے درمیان اوسط درجہ حرارت ۴ء۲۵؍ سے ۸ء۲۵؍ تک رہنے لگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK