Inquilab Logo

ممبئی میں بھاری بارش مگر جھیلوں پر کم ، پانی کٹوتی میں اضافہ کا خدشہ

Updated: July 19, 2023, 10:31 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

محکمۂ موسمیات کی شہر میں آج بھی شدید بارش کی پیش گوئی ۔منگل کی صبح تک جھیلوں میں ۳۵ء۷۰؍ فیصد پانی موجود ۔ پانی کا ذخیرہ ۷۵؍ فیصد ہونے تک ۱۰؍فیصدپانی کٹوتی جاری رکھنے کا اعلان

The scene of rain in Kalaba, Mumbai, heavy rain has been predicted by the Meteorological Department today.
ممبئی کے قلابہ میں بارش کا منظر ، محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔(تصویر،سمیر مرکنڈے)

 محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں کم دباؤ بننے کی وجہ سے بدھ کو ممبئی میں شدید بارش ہوسکتی ہے اور پیر کی صبح تک گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں قلابہ اور سانتا کروز میں ۲۰۰ ؍ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ البتہ پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر زیادہ بارش نہیں ہو رہی ہے اور ان میں پانی کی مقدار گزشتہ برس کے مقابلے آدھی ہے۔ اس لئے بی ایم سی نے کہا ہے کہ جب تک جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ ۷۵؍ فیصد تک نہیں پہنچ جاتا تب تک نہ صرف ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی جاری رکھی جائے گی بلکہ ضرورت پڑنے پر پانی کٹوتی میں ۵؍ فیصد اضافہ کرکے ۱۵ ؍ فیصد کیا جاسکتا ہے۔
 واضح رہے کہ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ممبئی اور مضافات کے علاقوں میں جھیلوں کے مقابلے زیادہ بارش ہوئی اور ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں ۱۸؍ جولائی کی صبح ۶؍ بجے تک محض ۳۵ء۷۰؍ فیصد پانی دستیاب تھا۔ 
 منگل کو صبح ۶؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اَپر ویترنا جھیل پر محض ۱۱؍ ملی میٹر بارش ہوئی اور اس جھیل میں صرف ۱۱ء۶۲؍ فیصد قابل استعمال پانی موجود تھا۔ اسی طرح موڈک ساگر پر اسی وقفہ میں ۴۴؍ملی میٹر بارش کے ساتھ ۵۸ء۸۲؍ فیصد پانی دستیاب تھا، تانسہ پر ۴۰؍ ملی میٹر بارش کے ساتھ ۶۵ء۹۰؍ فیصد، مڈل ویترنا پر ۳۷؍ ملی میٹر بارش کےساتھ ۴۸ء۴۷؍ فیصد، بھاتسہ پر ۲۴؍ ملی میٹر بارش کے ساتھ ۲۸ء۵۸؍فیصد، وہار لیک پر ۸۴؍ ملی میٹر بارش کے ساتھ ۵۱ء۰۷؍ فیصد اور تُلسی جھیل پر ۱۱۰؍ ملی میٹر بارش کے ساتھ ۷۴ء۸۹؍ فیصد پانی دستیاب تھا۔
 جھیلوں میں پانی کا کم ذخیرہ اور ان علاقوں میں ضرورت کے مطابق بارش نہ ہونے کے سبب بی ایم سی نے اعلان کردیا ہے کہ جب تک ممبئی کی ساتوں جھیلوں میں ۷۵؍ فیصد پانی جمع نہیں ہوجاتا تب تک ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی جاری رکھی جائے گی۔ البتہ بی ایم سی کے واٹر ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر جھیلوں پر آئندہ چند دنوں میں اچھی بارش نہیں ہوتی اور سطح آب میں اطمینان بخش اضافہ نہیں ہوتا تو پانی کٹوتی کو ۱۰؍ سے بڑھا کر ۱۵؍ فیصد بھی کیا جاسکتا ہے۔
 اس دوران پانی کی سپلائی میں دبائو کم کئے جانے کی وجہ سے اندھیری (مشرق)، سائن کولی واڑہ، اندرا نگر، کوپری آگر جیسے مختلف علاقوں کے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ان کیلئے پانی کٹوتی ۱۰؍ فیصد سے بھی زیادہ ہی ہوگئی ہے کیونکہ کم دبائو کی وجہ سے ان کے علاقوں میں پانی کم پہنچ رہا ہے۔
 محکمہ موسمیات نے منگل کو بارش کے تعلق سے جو اعدادوشمار مہیا کئے ہیں۔
  ان کے مطابق پیر کی صبح ۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ سے منگل کی صبح ۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ کے درمیان قلابہ میں ۱۰۶؍ ملی میٹر اور سانتاکروز میں ۱۱۹ء۹؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی وقفہ کے دوران ’آٹومیٹک رین گیج اسٹیشن (اے جی آر) پر سی ایس ایم ٹی پر ۱۱۱؍ ملی میٹر، ملبار ہل پر ۱۱۵، گونڈی میں ۷۷، بائیکلہ میں ۹۶، سائن میں ۹۱، باندرہ میں ۱۰۸؍، کرلا میں ۹۸، وکھرولی میں ۱۰۹، ماٹنگا میں ۷۴، ودیاوہار میں ۱۰۶ء۵، اندھیری میں ۱۰۰، چمبور میں ۸۷؍ اور دہیسر میں ۹۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے بعد شہر و مضافات میں دن بھر بارش کا زور کم رہا اور شام ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ میں ۲۴ء۶؍ ملی میٹر اور سانتاکروز میں ۱۶؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ مزید یہ کہ سانتا کروز میں جو ۱۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اس میں آخر کے۳؍ گھنٹوں میں محض ۶ء۴؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
 اس دوران شہر و مضافات میں درخت اور شاخیں گرنے کے ۱۲، عمارتوں کے حصے گرنے کے ۴؍ اور شارٹ سرکٹ کے ۱۰؍ واقعات رونما ہوئے البتہ خوش قسمتی سے ان تمام حادثات میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
 چونکہ دن بھر بارش کا زور کم رہا اس لئے اس کا معمولات زندگی پر کوئی قابل ذکر اثر دیکھنے کو نہیں ملا۔ البتہ اب تک کی بارش سے پورے شہر کی سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے ٹریفک نظام بُری طرح متاثر ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK