Inquilab Logo

طوفان ’گلاب‘ کے سبب ممبئی میں موسلادھار بارش کا امکان

Updated: September 27, 2021, 10:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہرومضافات کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی آئندہ ۲،۳؍ دن تک تیزبارش کی پیش گوئی۔ تھانے ، رائے گڑھ اور پال گھر کیلئے ریڈ الرٹ اور ممبئی کیلئے اورینج الرٹ جاری

Heavy rains due to storms can cause problems for citizens.Picture:INN
طوفان کی وجہ سے موسلادھار بارش ہونے پر شہریوں کو دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی  کے مطابق ’گلاب‘ نامی طوفان کے سبب ممبئی ، تھانے  اورریاست کے متعدد اضلاع میں آئندہ ۲ ، ۳؍دن تک موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ اس دوران منگل کو ممبئی اور تھانے میں انتہائی تیز بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق ممبئی میں مانسون کے دوران  اوسط بارش  میں سے اب تک ۱۱۰ ؍ فیصد بارش درج کی جاچکی ہے۔ ممبئی کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے ایس ہوسلیکر کے مطابق اگلے ۲، ۳؍ دن میں ودربھ، مراٹھواڑہ، وسطی مہاراشٹراور کوکن کے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔اس سلسلے میں شبھانگی کے مطابق طوفان گلاب  کے ۲۶؍ ستمبر کی رات کو گوپال پور اور کلنگاپٹنم سے ٹکرانے کا امکان ہے۔اسی طوفان کے سبب  مہاراشٹر میں اگلے ۲، ۳؍  دن تک موسلا دھار بارش  کا امکان ہے۔ 
ریڈ اور اورینج الرٹ جاری
 محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان ’گلاب‘ کے سبب منگل کو ممبئی ،تھانے ، پال گھر، رائے گڑھ  اور رتناگیری میں انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے ۔ اسی اعتبار سے تھانے، رائے گڑھ اور پال گھر کیلئے ریڈ الرٹ اور ممبئی کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے دیگر علاقوں   دھولیہ ، جلگاؤں ،   احمد آباد، پونے، ناسک اور اورنگ آباد میں بھی پیر اور منگل کو تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 
ممبئی میں ۱۱۰؍ فیصد بارش ہو چکی
 محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک ( ۲۵؍ ستمبر ۲۰۲۱ء ) ممبئی کے مغربی مضافات سانتاکروز  میں کل ۲؍  ہزار ۹۹۳ء۸؍ ملی میٹر یعنی اوسط بارش کا ۱۱۰؍ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے  جبکہ گزشتہ برس ۳؍ ہزار ۶۸۱ء۴؍ ملی میٹر بارش یعنی ۱۳۸؍فیصد بارش ہوئی تھی۔ اسی طرح  شہرکے قلابہ ویدر اسٹیشن پر امسال ۲؍ ہزار ۲۸۵ء۷؍ ملی میٹر یعنی ۹۹ء۵۹؍  فیصد بارش ہوئی ہے جبکہ گزشتہ برس یہ مقدار ۳؍ ہزار ۳۰۱؍  ملی میٹر یعنی ۱۴۴؍فیصد تھی۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق اب تک ممبئی میں ۱۰۳؍  فیصد بارش ہو چکی ہے جس میں شہر میں ۱۰۵؍فیصد جبکہ مضافات میں ۹۹؍ فیصد شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK