Inquilab Logo Happiest Places to Work

موجودہ حالات کے پیش نظر وقف املاک کے تحفظ کیلئے ہیلپ ڈیسک کا آغاز

Updated: May 09, 2025, 11:28 PM IST | Mumbai

توجہ دلانے پر یہ اہتمام کیاگیا ہےتاکہ ٹرسٹیان اورذمہ داران استفادہ کریں۔ممبئی جامع مسجد فیملی گائیڈنس کے دفتر میںصبح ۱۱؍بجے سے شام ۵؍بجے تک اتوار کے علاوہ مفت رہنمائی حاصل کی جاسکے گی

Advocate Rafi Yazdani providing legal information at the help desk at Jama Masjid, Mumbai.
ممبئی جامع مسجد میںایڈوکیٹ رافع یزدانی ہیلپ ڈیسک میںقانونی معلومات فراہم کراتے ہوئے

وجودہ حالات میں وقف املاک کے تحفظ اور دستاویزات کی درستی کی غرض سے ممبئی جامع مسجد میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ ۹؍مئی کو جمعہ کی نماز کے بعد اس کاباضابطہ آغازعمل میں آیا۔ اس تعلق سے جامع مسجد ممبئی کے زیر اہتمام اور ’فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر‘کے تعاون سے جمعہ بعد تا عصر ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں ہیلپ ڈیسک کی اہمیت ، ضرورت اور افادیت پرروشنی ڈالی گئی اورلوگوں کو متوجہ کیا گیا کہ وہ اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے رابطہ قائم کریں اور ممبئی جامع مسجد پہنچ کر رہنمائی حاصل کریں۔
  اس موقع پربطور خاص ڈاکٹر عرفان اجمیری ،  ایڈوکیٹ فیضان قریشی اور ایڈوکیٹ رافع یزدانی نے حاضرین کی رہنمائی کی اورسوالو ں کے جوابات دیئے۔ 
 واضح ہوکہ اوقاف کی املاک کے قانونی اور انتظامی معاملات کو باقاعدہ، منظم اور دستاویزی شکل میں محفوظ رکھنا حالات کے پیش نظر ناگزیر ہے۔ آج کل وقف املاک کو کئی قانونی پیچیدگیوں، دستاویزی کوتاہیوں اور غیر قانونی قبضوں کا سامنا ہے۔ اس تعلق سے اگر آڈٹ،  رجسٹریشن، چینج رپورٹ، رینیوئل ( تجدید) وقت پرنہ کئے جائیں تو وقف املاک پر قانونی اعتراضات سامنے آسکتے ہیں اورایسی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کا خطرہ بڑھ سکتا ہےبلکہ اس کا قوی اندیشہ ہے۔
حالات کے پیش نظراس کی ضرورت محسوس کی گئی 
 مفتی اشفاق قاضی سے یہ پوچھنے پرکہ آخر ابھی اس کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی اورکیا ۱۵؍ دن کافی ہوں گے ؟تو انہوںنےبتایاکہ’’ دراصل اس کی ضرورت تو پہلے سے محسوس کی جارہی تھی لیکن ادھر اس کی اہمیت اس لئے زیادہ بڑھ گئی ہے کیونکہ جس طرح کے حالات ہیں اس میںدستاویزات میں کمی ہونے کے سبب بڑے نقصان کااندیشہ ہے۔ کچھ احباب کی جانب سے اور مختلف علاقوں سے اس تعلق سے فون بھی آئے۔ اس لئے یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ ایسے افراد کی خدمات حاصل کی جائیں جو معلومات رکھتے ہوں اور وہ رہنمائی کر سکیں۔ اس لئے یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔‘‘
  اس موقع پر  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’اس کا طریقہ یہ ہوگا کہ آج (بروزسنیچر) سے اتوار کے علاوہ بقیہ دنوں میں صبح ۱۱؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک ممبئی جامع مسجد’ فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر‘ میں رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے ، مذکورہ تمام ماہرین اور وکلاء مذکورہ بالا اوقات میں موجود رہیں گے۔‘‘ 
 مفتی اشفاق قاضی نےیہ بھی کہا کہ ’’ جس طرح لوگوں کی جانب سے پزیرائی کی جائے گی اسی حساب سے  وقت میں مزید توسیع دینے پرغور کیا جائے گا۔‘‘ 
 انقلاب کے یہ معلوم کرنے پر کہ فیملی فرسٹ گائیڈنس (جامع مسجد )کے دفتر میں محض رہنمائی کی جائے گی یاسرکاری افسران بھی موجود رہیں گے تو انہوں نے کہاکہ ’’ صرف مفت رہنمائی کی جائے گی، افسران موجود نہیں رہیںگے بلکہ ضرورت مند حضرات اورٹرسٹیان کو متعلقہ دفاتر میں رابطہ قائم کرنا ہوگا ۔‘‘ 
حاضرین کوسمجھایا گیا 
 نشست میںموجود ڈاکٹر عرفان اجمیری نے مختلف دستاویزات کی فہرست، ان کی ترتیب اورکمی بیشی دور کرنے کیلئے ماہرین اور ذمہ داران سے رجوع کرنے کے لئے عملی طریقے بتائے۔‘‘
 چیریٹی کمیشن کے معاملات کے جانکار ایڈوکیٹ فیضان قریشی نے چیریٹی کمیشن سے متعلقہ امور، طریقہ ٔ  کار اور ضروری دستاویزات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔‘‘ وقف اور موقوفہ جائیدادوں سے متعلق ایڈوکیٹ رافع یزدانی نے قانونی پہلوؤں اور ان کی ترتیب کے سلسلے میں معلومات فراہم کیں۔‘‘انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’بسا اوقات معلومات نہ ہونے کے سبب کافی پیچیدگی پیدا  ہوجاتی ہے اوربڑے نقصان کااندیشہ رہتا ہے ۔‘‘
اس جانب غفلت نہیں ہونی چاہئے 
  آل انڈیا میمن فیڈریشن کے صدراقبال میمن آفیسر نے کہا کہ ’’دستاویزات کی درستی انتہائی اہم ہے۔ اس میں قطعی غفلت نہیں ہونی چاہئے ورنہ بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔‘‘ اس تعلق سے انہوں نے چند مثالوں اور واقعات کے ذریعے بھی بتایا ۔‘‘سابق کارپوریٹر مفتی سفیان ونو نے اس اقدام کی ستائش کی اور دیگر ٹرسٹیان مساجد کو بھی متوجہ کیاکہ وہ بھی سماجی اوررفاہی کاموں میں پیش قدمی کریں تاکہ لوگوں کی رہنمائی ہوسکے اور ان کے لئے ایسے امور کی تکمیل میں آسانی ہو ۔اس موقع پر حاضرین کی جانب سےسوالات بھی پوچھے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK