• Thu, 04 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھاری گاڑیوں کو اندرونی راستوں میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے ہائٹ بیریکیڈنگ کی تجویز

Updated: December 03, 2025, 9:52 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

انجور پھاٹا کشیلی روڈ ( پرانا تھانے روڈ) اور اس سے متصل علاقوں میں روزانہ زبردست ٹریفک جام سے نجات دلانے کیلئے تھانے ٹریفک پولیس نے ڈائیورژن راستوں پر ہائٹ بیریکیڈ نصب کرنے کی تجویز پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کو روانہ کی ہے۔

Vehicles are seen stuck in a traffic jam on a road in Bhiwandi.
بھیونڈی کی ایک سڑک پرگاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی نظر آرہی ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

انجور پھاٹا کشیلی روڈ ( پرانا تھانے روڈ) اور اس سے متصل علاقوں میں روزانہ زبردست ٹریفک جام سے نجات دلانے کیلئے تھانے ٹریفک پولیس نے  ڈائیورژن راستوں پر ہائٹ بیریکیڈ نصب کرنے کی تجویز پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کو روانہ کی ہے۔ اس تجویز میں بتایا گیا ہے کہ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت اور مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کی بےترتیب حرکت ٹریفک جام کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ہائٹ بیریکیڈنگ  کے بعد بھاری گاڑیوں کو اندرونی راستوں میں داخل ہونے سے روکا جا سکے گا اور ٹریفک کو منظم کرنے میں آسانی ہوگی۔
 کشیلی، کالہیر، پُورنا ، داپوڑا اور انجور پھاٹا میں گنجان آبادی کے ساتھ ساتھ کارخانوں اور گوداموں کی بڑی تعداد موجود ہے جہاں روزانہ مال بردار گاڑیوں کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ سرکاری ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے سبب شہری نجی گاڑیوں پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ ممبئی-ناسک ہائی وے کی بھاری بھیڑ سے بچنے کیلئے مختلف اضلاع کے تاجر، ملازمین اور ٹرک ڈرائیور بھی یہی راستہ اختیار کرتے ہیں۔ اس   دباؤ نے سڑکوں کی گنجائش کو ناکافی بنا دیا ہے۔علاقے میں میٹرو ۵؍کا کام بھی جاری ہے جس کے سبب کئی سڑکیں تنگ ہوچکی ہیں۔ نتیجتاً ہزاروں طلبہ، ملازمین اور مقامی شہری روزانہ کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام میں پھنس  جاتے ہیں۔ متعدد طلبہ بارہا وقت پر اسکول نہ پہنچ سکنے کی شکایت کرچکے ہیں۔ بعض مواقع پر ٹریفک کی سنگین صورتِ حال کے سبب طلبہ کو بالکوم سے کشیلی تک پیدل جانا پڑا۔
 ٹریفک پولیس کے سروے کے مطابق بھاری گاڑیوں کی بےقابو آمدورفت، مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کا دباؤ اور اندرونی راستوں کا غلط استعمال ٹریفک بوجھ بڑھانے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ اسی لئے ٹریفک پولیس نے انجور پھاٹا سے کشیلی تک ڈائیورژن راستے پر ہائٹ بیریکیڈ نصب کرنے کی سفارش کی ہے۔ منظوری ملتے ہی اس پر جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ 
 ڈپٹی پولیس کمشنر  (ٹریفک) پُنکج شِرساٹھ نے بتایا کہ’’کشیلی انجور پھاٹاروڈ پر گوداموں میں مال اتارنے کیلئے بھاری گاڑیاں جگہ جگہ مُڑتی ہیں جس سے ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔ ٹریفک پر قابو پانےکیلئے ہائٹ بیریکیڈنگ ضروری ہے اور اس کی تجویز پی ڈبلیو ڈی کو بھیج دی گئی ہے‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK