Inquilab Logo

ممبئی میں دفتر کا کرایہ سب سے زیادہ

Updated: October 12, 2023, 8:18 AM IST | Mumbai

نائٹ فرینک انڈیا کی تازہ ترین رپورٹ ’انڈیا ریئل اسٹیٹ کیوتھری ۲۰۲۳ء ‘ میں انکشاف۔ رپورٹ کے مطابق ممبئی کے بعد بنگلور دوسرے نمبرپر موجود

The rent of offices in mumbai is high. (File Photo)
عروس البلاد میں دفاترکا کرایہ زیادہ ہے ۔(فائل فوٹو)

ملک میں کرایہ پر سب سے مہنگا دفتر ممبئی میں ہے۔ اس کے بعد دوسرے پر  بنگلور ہے۔ ممبئی میں کرایہ ۱۱۳؍ روپے فی مربع فٹ ہے اور بنگلورو میں یہ۸۵؍ روپے فی مربع فٹ فی مہینہ ہے۔ یہ انکشاف رئیل اسٹیٹ کنسلٹنسی نائٹ فرینک انڈیا کی تازہ ترین رپورٹ ’انڈیا ریئل اسٹیٹ کیو  ۳؍ ۲۰۲۳ء ‘ میں کیا گیا ہے۔
 اس رپورٹ کے مطابق دفاتر کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ ستمبر ۲۰۲۳ء کی سہ ماہی میں  ملک کے ٹاپ۸؍  شہروں میں۱ء۶۱؍ کروڑ مربع فٹ دفتری جگہ کیلئے لین دین ہوا، جو کہ سالانہ بنیادوں پر۱۷؍ فیصد زیادہ تھا۔ اس میں۴۴؍ فیصد لین دین عالمی کمپنیوں نے کیا۔ رپورٹ کے مطابق آفس مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی طلب عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان معاشی استحکام پر اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
ممبئی میں دفتر کی سب سے زیادہ مانگ
 ہندوستان میں دفاتر کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس میں بھی ممبئی سب سے آگے رہا ہے۔ ستمبر کی سہ ماہی میں ممبئی میں۳۲؍ لاکھ مربع فٹ جگہ کیلئے لین دین ہوا، جو ستمبر کی سہ ماہی میں کل کرایے کے دفتر کے لین دین کا۲۰؍ فیصد تھا۔ نئے دفاتر کی تعمیر کی بات کی جائے تو ستمبر کی سہ ماہی میں ملک کے ۸؍ بڑے شہروں میں۱ء۱۵؍ کروڑ مربع فٹ دفاتر بنائے گئے، جن میں سے۴۶؍ فیصد یعنی۵۳؍ لاکھ مربع فٹ کے دفاتر حیدرآباد میں اور بنگلور میں ۴۰؍ لاکھ مربع فٹ کے دفاتر کھولے گئے۔ 
لگاتار چھٹی سہ ماہی میں کرایہ منفی نہیں ہوا
 نائٹ فرینک کی رپورٹ کے مطابق تمام مارکیٹوں میں کرائے یا تو مستحکم رہے یا سالانہ اور سہ ماہی دونوں بنیادوں پر بڑھے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ جولائی تا ستمبر۲۰۲۳ء لگاتار چھٹی سہ ماہی تھی جس میں کرایے یا تو مستحکم رہے یا سالانہ بنیادوں پر بڑھے۔ سب سے تیز کرایہ اضافہ کولکاتا میں ہوا، لیکن کم بنیاد کی وجہ سے اس میں۱۰؍ فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یہ بنگلور میں۵؍ فیصد، ممبئی میں۳؍ فیصد اور دہلی این سی آر میں ۲؍فیصد کی سالانہ بنیاد پر بڑھی۔
 ایک اور اہم نکتہ یہ ہے کہ ممبئی اور دہلی این سی آر میں، بڑھتی ہوئی مانگ اور نسبتاً محدود رسد کی وجہ سے کرائے بڑھ رہے ہیں جبکہ بنگلور میں  زیادہ تر اضافہ گریڈ اے کی نئی جگہوں کی کمی کی وجہ سے ہوا ہے۔ رپورٹ میں ممبئی، دہلی این سی آر، بنگلور، پونے، چنئی، حیدرآباد، کولکاتا اور احمد آباد شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK