Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند رجب فاؤنڈیشن نے بیلجیم میں اسرائیلی فوجی کے خلاف مجرمانہ درخواست دائر کی

Updated: July 21, 2026, 8:05 PM IST | Brussels

ہند رجب فاؤنڈیشن (HRF) نے بیلجیم کے وفاقی پراسیکیوٹر کے پاس ایک اسرائیلی فوجی کے خلاف فوری مجرمانہ درخواست جمع کرائی ہے، جس کی نشاندہی ٹومارو لینڈ میوزک فیسٹیول کے دوران کی گئی تھی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ہند رجب فاؤنڈیشن (HRF) نے بیلجیم کے وفاقی پراسیکیوٹر کے پاس ایک اسرائیلی فوجی کے خلاف فوری مجرمانہ درخواست جمع کرائی ہے، جس کی نشاندہی ٹومارو لینڈ میوزک فیسٹیول کے دوران کی گئی تھی۔ ہند رجب فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اب بھی بیلجیم کی سرزمین پر موجود ہے، ساتھ ہی فاؤنڈیشن نے پراسیکیوٹرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کریں تاکہ جب تک عدلیہ اس معاملے کا جائزہ لے، اس شخص کو ملک چھوڑنے سے روکا جا سکے۔فاؤنڈیشن نے درخواست کی کہ وفاقی پراسیکیوٹر اس معاملے کو بلا تاخیر تفتیشی جج کے حوالے کرے اور ضروری تفتیشی اور احتیاطی اقدامات کرے۔ بعد ازاں فاؤنڈیشن  نے دلیل دی کہ بیلجیم میں مشتبہ شخص کی موجودگی بیلجئم کے ضابطہ فوجداری کی دفعات کے تحت دائرہ اختیار فراہم کرتی ہے تاکہ بیرونِ ملک مبینہ بین الاقوامی جرائم کی تحقیقات کی جا سکیں۔
ہند رجب فاؤنڈیشن کے مطابق، اس نے جو شواہد جمع کیے ہیں، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص اکتوبر۲۰۲۳ء سے نومبر۲۰۲۴ء کے دوران غزہ شہر اور رفح میں تعینات اسرائیلی فوجی یونٹ میں خدمات انجام دے رہا تھا۔فاؤنڈیشن نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر بشمول رہائشی عمارتیں، تجارتی املاک، سرکاری دفاتر اور تعلیمی سہولیات کو بکتر بند گاڑیوں، فوجی بلڈوزروں اور کنٹرول شدہ انہدام کے ذریعے منظم طریقے سے تباہ کیا گیا۔اس نے کہا کہ اس نے مشتبہ شخص کی فوجی خدمات، تعیناتی، یونٹ سے وابستگی، اور درخواست میں بیان کردہ جارحیت سے تعلق سے متعلق شواہد پیش کیے ہیں۔مزید برآں گروپ نے ٹومارو لینڈ فیسٹیول سے منسلک ایک سابقہ کیس کا بھی حوالہ دیا۔اس نے کہا کہ جولائی ۲۰۲۵ءمیں، گلوبل لیگل ایکشن نیٹ ورک کے ساتھ مل کر اس نے بیلجیم میں دو اسرائیلی فوجیوں کے خلاف درخواست دائر کی تھی جو اس فیسٹیول میں شریک تھے۔تاہم فاؤنڈیشن نے بتایا کہ بیلجئم کی وفاقی پولیس نے دونوں افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی اور پھر انہیں رہا کر دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے اکتوبر ۹۲۵ءمیں جنگ بندی سے قبل دو سالہ عرصے میں غزہ میں۷۳۰۰۰؍ افراد کو ہلاک کیا اور۹۰؍ فیصد شہری نظام تباہ کر دیا۔تاہم، اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں اب بھی جاری ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK