Updated: August 26, 2026, 12:14 PM IST
| Houston
ہیوسٹن کی بایو ( آبی گزرگاہوں) میں گزشتہ نو سالوں کے دوران۲۰۰؍ سے زائد لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، گزشتہ مہینے کے بعد سے مزید تین لاشیں ملی ہیں، جبکہ ریاست کے مختلف حصوں سے سات دیگر لاشیں بھی نکالی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی سیریل کلر سرگرمِ عمل نہیں ہے۔
امریکہ کے شہر ہیوسٹن بایو(آبی گزرگاہ) کے کنارے مسلسل لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، اور ۲۰۱۷ء سے لے کر۲۰۲۵ء کے وسط تک کم از کم۲۰۱؍ لاشیں دریافت ہو چکی ہیں۔ ہیوسٹن پولیس محکمہنے گزشتہ مہینے مختلف بایو میں مزید تین لاشیں برآمد کیں۔ ہیریس کاؤنٹی میڈیکل ایگزامنر کے دفتر کے گزشتہ ایک سال کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مجموعی تعداد اب۲۰۰؍ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس نے شہریوں میں خدشات پیدا کر دیے ہیں کہ یہ اموات آپس میں منسلک ہو سکتی ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں کوئی ربط نظر نہیں آتا۔
یہ بھی پڑھئے: مشرقی یروشلم میں اسرائیلی پولیس کا فلسطینی گریجویشن تقریب پر دھاوا، ۴؍ گرفتار
۲۹؍ جولائی کو سمز بایو کے قریب ایک خاتون کی لاش ملی، جس کی شناخت پولیس نے۳۳؍ سالہ یوون لوپیز کے طور پر کی۔ ان کی موت کی وجہ ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم ہیریس کاؤنٹی انسٹی ٹیوٹ آف فورنسک سائنس کے عملے اور ہیوسٹن فائر ڈیپارٹمنٹ کے آتشزدگی بیورو کے ارکان کے مطابق وہ جزوی طور پر جلی ہوئے حالت میں پائی گئیں۔دوسری لاش۱۰؍ اگست کو جنوب مشرقی ہیوسٹن میں بریز بایو میں تیرتی ہوئی ملی۔ اس شخص کی شناخت اور موت کی وجہ ابھی تک زیرِ تصدیق ہے، اور پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ جبکہ تیسری لاش۱۱؍ اگست کو بفیلو بایو کے کنارے، ۲۲۰۰؍نینس اسٹریٹ کے قریب سے ملی۔ یہ بھی ایک مرد کی تھی، اور پولیس نے بتایا کہ یہ شدید گلی ہوئی حالت میں پائی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ ایران مذاکرات کی بحالی کیلئےپاکستان کے آرمی چیف کا پھرد ورۂ ایران
واضح رہے کہ ۲۰۲۵ء میں بایو میں کل۳۴؍ لاشیں ملی ہیں، جس نے شہریوں میں واضح خوف پیدا کر دیا ہے۔ لیکن پولیس کے خیال میں کوئی مشترکہ ملزم نہیں ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ اس کی وجوہات بے گھری سے لے کر حادثات تک ہیں۔ ہیوسٹن کے میئر جان وائٹمائر نے ستمبر۲۰۲۵ء میں کہا تھا کہ ’’ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں کہ کوئی سیریل کلر پھر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی بے گھر شخص کسی بیماری، ذیابیطس یا کینسر سے مر جاتا ہے، تو اس کے دوست اسے مردہ خانے نہیں لے جاتے، بلکہ لاش کو بایو میں پھینک دیتے ہیں۔تاہم، یہ بیانات خوف کو کم کرتے دکھائی نہیں دیتے، کیونکہ دیگر مقامات سے بھی مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ دریں اثناءگزشتہ چار ہفتوں کے دوران ہیوسٹن کے گرد و نواح کے عوامی مقامات سے کم از کم سات لاشیں ملی ہیں، جن میں ایک اسکول بھی شامل ہے۔