Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشرقی یروشلم میں اسرائیلی پولیس کا فلسطینی گریجویشن تقریب پر دھاوا، ۴؍ گرفتار

Updated: August 25, 2026, 7:04 PM IST | Tal Aviv

مقبوضہ مشرقی یروشلم میں اسرائیلی پولیس نے فلسطینی طلبہ کی گریجویشن تقریب روک کر متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں اور فوجی کارروائیوں میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کا سلسلہ جاری رہا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اسرائیلی پولیس نے پیر کو مقبوضہ مشرقی یروشلم میں فلسطینی طلبہ کی گریجویشن تقریب میں خلل ڈالا اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کے حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ یروشلم گورنریٹ کے مطابق اسرائیلی فورسیز نے مسجد اقصیٰ کے قریب خان التنکیز کے علاقے پر دھاوا بول کر القدس یونیورسٹی کے طلبہ کی گریجویشن تقریب منعقد نہیں ہونے دی۔ 
گورنریٹ نے بتایا کہ فورسیز نے یونیورسٹی کے مرکز برائے مطالعاتِ یروشلم کے ڈائریکٹر یوسف النتشہ، یروشلم ٹورازم کلسٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رائد سعدہ، فنکار حسام ابو عائشہ اور حسن اللوزی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کیلئے منتقل کردیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے میں حقوقِ انسانی کے کارکن اسامہ مخامرہ کے مطابق الخلیل کے جنوب میں واقع قصبے السموع کے قریب غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کرکے تین فلسطینیوں کے چہروں پر گیس اسپرے کیا، جس کے باعث انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بیت لحم اور الدہیشہ پناہ گزین کیمپ میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کی اطلاع دی۔

یہ بھی پڑھئے: ایچ وَن ۔ بی ویزا فیس میں بھاری اضافے کی تجویز پر ناسکام کی نظر

دریں اثنا، غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں نے بیت لحم کے جنوب میں واقع ابو نجیم کے علاقے میں داخل ہوکر کئی فلسطینی گھروں تک جانے والی کچی سڑک کو پتھر رکھ کر بند کردیا، ایجنسی نے بتایا۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی علاقے میں سرکاری نشریاتی ادارے ’وائس آف فلسطین‘ کے مطابق غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں نے سنجل قصبے کے قریب ایک فلسطینی گاڑی پر حملہ کیا۔ مزید شمال میں فلسطین ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے جنین کے جنوب میں عرب امریکن یونیورسٹی کے قریب ایک سڑک سے ایک نوجوان فلسطینی کو حراست میں لے لیا۔ فلسطینی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسیز اور غیر قانونی آبادکاروں کے حملوں میں ۱۱۸۲؍ فلسطینی جاں بحق اور۱۲؍ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً۲۴؍ ہزار فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK