تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی امور محمد اظہر الدین کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب روانہ ، اس میں متاثرین کے ۲؍ ۲؍ اہل خانہ بھی شامل ہیں
EPAPER
Updated: November 18, 2025, 10:57 PM IST | Hyderabad
تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی امور محمد اظہر الدین کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب روانہ ، اس میں متاثرین کے ۲؍ ۲؍ اہل خانہ بھی شامل ہیں
گزشتہ روز دلدوز سانحہ میں جاں بحق ہونے والے۴۵؍ معتمرین کی تجہیز و تکفین سعودی عرب میں ہی عمل میں آئے گی۔ سعودی حکومت کے قانون کے مطابق حج یا عمرہ پر آنے والے افراد کی اگر کسی بھی وجہ سے موت ہوجاتی ہے تو ان کی تدفین مکہ یا مدینہ میں ہی عمل میں آتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسی وجہ سے اب ان ۴۵؍ افراد کی تدفین مدینہ منورہ میں جنت البقیع میں عمل میں آئے گی۔
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ تلنگانہ حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت اقلیتی امور کے وزیر محمد اظہرالدین کر رہے ہیں مدینہ منورہ روانہ ہوگیا۔ وفد کا مقصد سعودی حکام کے ساتھ رابطہ قائم کرنا اور عمرہ کے دوران المناک بس حادثے میں جان گنوانے والے تلنگانہ کے زائرین کے اہلِ خانہ کی مدد کرنا ہے۔وفد میں اقلیتی بہبود کے سیکریٹری شفیع اللہ اور ایم آئی ایم کے رکنِ اسمبلی ماجد حسین بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیم سعودی عرب میں ضروری قانونی کارروائیوں کی نگرانی کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جاں بحق افراد کی تجہیز و تکفین اہلِ خانہ کی خواہشات اور مقامی ضابطوں کے مطابق انجام دی جائے۔
سیاست ڈیلی کے مطابق وفد تمام مراحل میں رابطہ برقرار رکھے گا۔ذرائع کے مطابق تقریباً ۳۵؍رشتہ داروں سمیت متاثرہ خاندان سے بھی کچھ افرادمنگل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ ان کے ویزوں کی درخواستیں سعودی قونصل خانے کو بھیج دی گئیں جبکہ جن کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہوچکی تھی، انہیں ہنگامی بنیادوں پر تجدید کرکے جاری کردیا ہے۔سفر سے قبل ریاستی وزیر محمد اظہرالدین نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ ریڈی کی ہدایت پر کئے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نےمتاثرہ خاندان کے لئے ۵؍ لاکھ روپے فی کس معاوضہ کا بھی اعلان کیا ۔