Updated: September 28, 2026, 9:57 PM IST
| Hyderabad
حیدرآباد کے کنٹینٹ کریئیٹر زید مہدی اور سوئگی انسٹا مارٹ کے ایک رائیڈر کے درمیان غیر متوقع دوستی کا دل کو چھو لینے والا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ اس ویڈیو میں مہدی کی جانب سے ڈیلیوری پارٹنر کو ملک شیک پینے کی دعوت دیئے جانے کے بعد اس کے پہلی بار فائیو اسٹار ہوٹل جانے کا تجربہ دکھایا گیا ہے۔ اس خوشگوار ملاقات کے ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کے دل جیت لئے ہیں۔
زید مہدی اور سویگی رائیڈر۔ تصویر: ایکس
ایک کنٹینٹ کریئیٹر اور ایک ڈیلیوری پارٹنر کے درمیان غیر متوقع دوستی کا دل کو چھو لینے والا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک اجنبی کی جانب سے ملک شیک پینے کی دعوت دیئے جانے کے بعد سوئگی انسٹا مارٹ کے ایک ڈیلیوری ایگزیکٹیو کے پہلی بار فائیو اسٹار ہوٹل جانے کا تجربہ دکھایا گیا ہے۔
حیدرآباد کے کنٹینٹ کریئیٹر زید مہدی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا یہ ویڈیو ان کے سڑک پر ڈیلیوری پارٹنر کے پاس جانے اور قریب ہی واقع ایک پرتعیش ہوٹل کی طرف اشارہ کرنے سے شروع ہوتا ہے۔ وہ پوچھتے ہیں کہ کیا رائیڈر اندر چل کر ان کے ساتھ کچھ پینا پسند کرے گا۔ رائیڈر ابتداء میں الجھن کا شکار نظر آتا ہے اور وضاحت طلب کرتا ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک فائیو اسٹار پراپرٹی کی طرف جا رہے ہیں۔ جب مہدی نے پوچھا کہ کیا وہ کبھی کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں گیا ہے، تو رائیڈر نے بتایا کہ اسے کبھی ایسا موقع نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھئے: ایس آر ایف ٹی آئی میں طلبہ پر حملہ، انوراگ کشیپ سمیت کئی فلمی شخصیات کی مذمت
مہدی نے مزید بتایا کہ جیسے ہی وہ فائیو اسٹار ہوٹل کے داخلی دروازے پر پہنچے تو سیکوریٹی اہلکاروں نے انہیں کچھ دیر کیلئے روکا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ڈیلیوری پارٹنر ان کا مہمان ہے، جس کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ لابی میں پہنچ کر رائیڈر نے واضح تجسس کے ساتھ ارد گرد دیکھا اور ہوٹل کو کشادہ اور شاندار قرار دیا۔ اندر ایک ریستوران میں بیٹھنے کے بعد، اس نے دوبارہ وہاں کے ماحول کی تعریف کی۔
گفتگو جلد ہی ہوٹل سے آگے بڑھ گئی۔ ڈیلیوری پارٹنر نے ماضی میں پیش آنے والے ایک سنگین حادثے کا ذکر کیا، جس میں ایک کار نے اسے ٹکر مار دی تھی اور وہ طویل عرصے تک بستر سے لگ گیا تھا۔ اس انکشاف پر مہدی واضح طور پر غمگین دکھائی دیئے۔
یہ بھی پڑھئے: سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر منوج سنہا اور عمرعبداللہ نے سیاحوں کو وادی کشمیر آنے کی دعوت دی
جب ان کے آرڈر کئے ہوئے ملک شیک آئے تو ماحول خوشگوار ہوگیا۔ رائیڈر نے اپنا پہلا گھونٹ بھرنے کے بعد پرجوش انداز میں انگوٹھا اٹھا کر اشارہ کیا اور ملک شیک کو ”بہت اچھا“ قرار دیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پوسٹ پر تبصرہ کرکے بتایا کہ اس لمحے نے اس ملاقات کے اصل جوہر کو سمیٹ لیا، جس کا تعلق ہوٹل کی آسائشوں سے کم اور مہربانی کے ایک سادہ سے اقدام سے زیادہ تھا۔
الوداع کہنے سے پہلے مہدی نے رائیڈر سے پوچھا کہ کیا اسے یہ تجربہ پسند آیا تو رائیڈر نے ایک بڑی مسکراہٹ اور پرجوش انداز میں مثبت جواب دیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اپنے راستے چل پڑے، یوں ایک خوبصورت ملاقات کا اختتام ہوا۔ اس ملاقات کے ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کے دل جیت لئے ہیں۔