Inquilab Logo

’’مجھے وزیراعلیٰ بننے کی کوئی جلدی نہیں ہے‘‘

Updated: August 10, 2022, 9:49 AM IST | patna

تیجسوی یادو کا میڈیا سے خطاب، کہا: جس دن انگریزوں کے خلاف ’بھارت چھوڑو‘ تحریک چلائی گئی تھی،اسی دن سے بہار نے ’بی جے پی چھوڑو تحریک‘ کا آغاز کردیا ہے، مزید کہا کہ بی جے پی جس کے ساتھ رہتی ہے، پہلے اسے ہی ختم کرنے کی کوشش کرتی ہے

Bihar Chief Minister Nitish Kumar and RJD leader Tejashwi Yadav on their way to meet the Governor
گورنر سے ملاقات کیلئے جاتے ہوئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کماراور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو

  بی جے پی کی توسیع پسندی کے جنون اور حریفوں کے ساتھ ہی حلیفوں کو بھی ہضم کرجانے کے رجحان کو بہار میں زبردست جھٹکا ملا ہے۔ اس میں اہم رول تیجسوی یادو کا بھی بتایا جارہا ہے ۔ تیجسوی کی طرف سے ہری جھنڈی کا اشارہ ملتے ہی  بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے  بی جے پی نے ناطہ توڑ لیا۔ خیال کیاجارہا تھا کہ بہارمیں سب سے بڑی پارٹی ہونے کی وجہ سے آر جے ڈی وزارت اعلیٰ کے عہدے پر دعویٰ کرسکتی ہے لیکن تیجسوی نے واضح کردیا کہ ان کی فی الحال ایسی کوئی خواہش نہیں ہے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےصاف صاف کہاکہ انہیں وزیراعلیٰ بننے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔اسی کے ساتھ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس دن ہندوستانیوں نے انگریزوں کے خلاف ’بھارت چھوڑو‘ تحریک کا آغازکیا تھا، اسی دن سے بہار نے ’بی جے پی چھوڑو‘ تحریک شروع کردی ہے۔ 
 میڈیا سے خطاب کے دوران تیجسوی یادو کے ساتھ نتیش کمار بھی  تھے۔ اس موقع پر تیجسوی یادو نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ بی جے پی  جس کے ساتھ بھی رہتی ہے،پہلے اسے ختم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں بھی کچھ ایسی ہی تیاری تھی لیکن وقت رہتے اس کی سازش کو بھانپ لیا گیا۔ آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ ابھی حال ہی میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا بہار آئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ علاقائی جماعتوں کو ختم کر دیا جائے گا۔ میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ نڈا جی صرف علاقائی پارٹیوں کو ختم کرنے کی بات نہیں کر رہے تھے بلکہ وہ ملک کے آئین کو بھی ختم کرنے کی بات کر رہے تھے۔ اسلئے آج  ہم جمہوریت کو بچانے کیلئے متحد ہوئے ہیں، ہمیں ملک کو بچانا ہے، ہم سوشلسٹ لوگ ہیں، اتنی آسانی سے ختم ہونے والے نہیں  ہیں۔ ہم عوام سے جڑے ہوئے ہیں اور ہمارا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے۔
 تیجسوی  یادونے اس دوران ملک میں مہنگائی اور قومی سلامتی کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کی وجہ سے عام لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ غریب  پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پہلے قومی سلامتی کی بات کرتی تھی لیکن آج چین نے ہماری زمین پر قبضہ کر لیا ہے اور اس مسئلے پر بی جے پی بولنے کی ہمت نہیں جٹا پارہی ہے۔
تیجسوی یادو نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی دیکھیں، ملک کی سلامتی دیکھیں، کیا حال ہے۔ آج ہندوستان چھوڑو کا دن ہے۔ بہار نے آج دکھا دیا ہے، ملک کی اپوزیشن کو یہ پیغام دیا ہے کہ جو عوام کے سوال کے لیے لڑتے ہیں، عوام انہیں چاہتے ہیں۔ لوگ متبادل چاہتے ہیں۔ سی ایم نتیش نے بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کیا، پٹنہ یونیورسٹی کا بھی مطالبہ کیا، لیکن مرکز نے کچھ نہیں سنا۔
 انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جو کچھ بھی کیا، اپنے ایجنڈے کے مطابق کیا لیکن ہمیں ملک  اور ملک کے آئین کو بچانا ہے۔ میں نتیش کمار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بی جے پی کا صرف ایک ہی کام  ہے کہ سب کو آپس میں لڑاؤ ، ڈرنے والوں کو ڈراؤ اور جو فروخت ہونا چاہے،اسے خریدو۔ نتیش کمار نے آئین اورجمہوریت کو بچانے کا فیصلہ کیا، اسلئے ہم ان کے ساتھ آئے کیونکہ ہم سوشلسٹ لوگ ہیں، ہم اتنی  سے ملک کو برباد ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK