Inquilab Logo Happiest Places to Work

میں گولیوں سے نہیں ڈرتا، اپنی آئینی لڑائی لڑتا رہوں گا

Updated: July 01, 2023, 9:07 AM IST | saharanpur

بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد اسپتال سے ڈسچارج، آج راجستھان کی ریلی میں شرکت کا اعلان، ستیہ پال ملک نے کہا آزاد کے نظریات کو کچلنے کیلئے ان پر حملہ کیا گیا

Bajrang Pania and Sakshi Malik visiting Chandrasekhar (Photo: PTI)
بجرنگ پنیا اور ساکشی ملک چندر شیکھر کی عیادت کرتے ہوئے ( تصویر: پی ٹی آئی )

 بھیم آرمی کے نوجوان لیڈر  چندر شیکھر آزاد کو اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے۔ ان پر بدھ کی شام کو   یوپی کے دیوبند شہر میں حملہ ہوا تھا۔  اس دوران چندر شیکھر آزاد نے کہا ہے کہ ’’ گولی چلانے والے غلط جگہ  الجھ رہے ہیں۔ میں گولیوں سے نہیں ڈرتا۔ میں  اپنی لڑائی آئینی لڑائی لڑتا رہوں گا۔ 
  یاد رہے کہ بی جے پی  کے خلاف لوہا لینے والے نوجوان لیڈر چندر شیکھر پر بدھ کی شام یوپی کے دیوبند علاقے میں فائرنگ ہوئی تھی  جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھے کہیں جا رہے تھے۔ گولی انہیں چھوکر نکل گئی۔ اب ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے اور جمعہ کو انہیں ڈسچاربھی کر دیا گیا۔ اس دوران میڈیا کے کئی چینلوں نے ان کا انٹرویو کیا۔ چندر شیکھر نے کہا کہ وہ نہیں جانتے ہیں کہ ان پر کس نے حملہ کیا۔   البتہ انہوں نے کہا کہ  میں نے پہلوانوں کے حق میں آواز اٹھائی تھی اور برج بھوشن کے خلاف بیان دیا تھا۔ اور  آگے بھی سماجی نا ہمواری کے خلاف آواز اٹھاتا رہوں گا۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں بھیم آرمی چیف نے کہا ’’ میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ میں اپنے حق کی لڑائی آئینی طور پر لڑتا ہوں اور آگے بھی لڑتا رہوں گا۔‘‘ انہوں نے اپنے حامیوں سے امن و امان برقرار رکھنے اور مشتعل نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’ اتر پردیش میں اب نظم نسق نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ مجھے یقین نہیں ہوتا کہ  مجھ پر میرے ہی آبائی وطن میں حملہ ہوا ہے۔  
 پہلوانوں کی چندر شیکھر سے ملاقات
  جمعرات کو ساکشی ملک اور بجرنگ پنیا چندر شیکھر کی عیادت کیلئے سہارنپور ضلع اسپتال پہنچے۔ یاد رہے کہ کشتی فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن کے خلاف احتجاج میں یہ دونوں ہی پیش پیش تھے۔ جبکہ چندر شیکھر آزاد نے جنتر منتر پہنچ کر ان پہلوانوں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اسپتال سے نکل کر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بجرنگ پنیا نے کہا ’’ آج ہر اس شخص پر حملہ ہو رہا ہے جو سچائی کیلئے آواز اٹھا رہا ہے۔ ہمارا صرف اتنا مطالبہ ہے کہ اس حملے کے پیچھے جس  کا بھی ہاتھ ہے اسے فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا ’’ چندر شیکھر کسی ایک سماج کے لیڈر نہیں ہیں وہ ہر اس شخص کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں جو سچائی کیلئے آواز اٹھا رہا ہو۔ 
ستیہ پال ملک کی جانب سے حمایت 
  مودی حکومت کو بار با ر تنقید کا نشانہ بنانے والے کشمیر کے سابق گورنر  ستیہ پال ملک نے  چندر شیکھر کو نظریات کی لڑائی لڑنے والا لیڈر کہا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ کیا’’ کمزور لوگ  حملہ کرتے ہیں ہتھیاروں سے کیونکہ وہ نظریات سے نہیں لڑ سکتے۔ چندر شیکھر پر اس لئے حملہ ہوا کہ وہ نظریات کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ اور نظریات سے ان لوگوں کو ڈر لگتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ میں جلد ان کے صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔‘‘ 
 حملے کے معاملے میں ایک گرفتار
   چندر شیکھر آزاد کے خلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز پوسٹ کے سلسلے میں ایک شخص کو امیٹھی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وملیش سنگھ(۳۰) نامی اس شخص  نے۶؍ دن پہلے فیس بک پیج ’چھتریہ آف امیٹھی‘ پر  لکھا تھا کہ چندر شیکھر ’راون ‘کو جس دن بھی ماریں گے، امیٹھی کے ٹھاکر ماریں گے۔ وہ بھی دن دہاڑے بیچ چوراہے پر۔‘‘ بدھ کو بھیم آرمی چیف پر حملہ کے بعد اُسی فیس بک آئی ڈی سے ایک اور پوسٹ کی گئی ، جس میں لکھا تھا ’بھیم آرمی سربراہ ’راون‘ پر جان لیوا حملہ، راون کی کمر میں گولی لگی۔ بچ گیا، اگلی بار نہیں بچے گا‘۔نیزیہ دھمکی بھی دی گئی تھی کہ اگراس حملہ کے سلسلہ میں کسی بے قصور راجپوت کے خلاف کارروائی کی گئی تو  بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔جمعہ کو امیٹھی کے پولیس کپتان ایلامارن جی نے بتایا کہ فیس بک  پر چندر شیکھر کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے جمعرات کو  وملیش سنگھ کو گرفتارکیا ہے۔ پولیس کے مطابق، بظاہر وملیش چندر شیکھر پر حملے میں ملوث نہیں پایا گیاہے، لیکن امن و امان برقرار رکھنے کیلئے احتیاطی طور پریہ کارروائی کی گئی ہے۔  فی الحال اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK